Book Name:Fazail e Bait ul ALLAH
شرف دیدِ کعبہ کا دیدے اِلٰہی ! مجھے سبز گنبد کا جلوہ دکھا دے
عِبَادت میں لگ جائے دِل یااِلٰہی ! مرے دِل سے غفلت کا پردہ ہٹا دے
سِیَہ ہے مرا سارا اَعْمال نامہ اِلٰہی ! سیاہی تُو اس کی مٹا دے
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد
( 2 ) : کعبہ شریف کی برکت سے شِفَا ملتی ہے
پیارے اسلامی بھائیو ! تُبَّع حِمْیَرِی کے واقعہ سے ہمیں یہ بھی سیکھنے کو مِلا کہ کعبہ شریف بہت ہی بابرکت مقام ہے ، اس کے اَدب و اِحْترام کی برکت سے غضبِ اِلٰہی سے نجات اور بیماریوں سے شِفَا نصیب ہوتی ہے۔ عُلَما فرماتے ہیں : کعبہ شریف کی برکات میں سے ایک برکت یہ بھی ہے کہ پرندے اس کے ادب کے پیشِ نظر اس کے اُوپَر سے نہیں گزرتے ، کوئی پرندہ کبھی بھی کعبہ شریف کی چھت یا اس کی دِیواروں پر نہیں بیٹھتا ، ہاں ! جب کوئی پرندہ بیمار ہو تو کعبہ شریف کی چھت پر بیٹھتا یا اس کے اُوپَر سے گزر جاتا ہے ، اس کی برکت سے اُسے شِفَا مل جاتی ہے۔( [1] )
شِفَاءُ الْغِرَام میں ہے : اَہْلِ مکّہ کا سالہا سال تک یہ دَسْتُور رہا ہے کہ کوئی بچہ پیدائشی گونگا ہوتا تو اسے کعبہ شریف میں لاتے اور کعبہ شریف کے دروازے کی چابی اُس کے مُنہ میں رکھتے جس کی برکت سے وہ بچہ بولنے لگتا تھا۔ ( [2] )