Book Name:Fazail e Bait ul ALLAH
آدَمی کے ہر قدم کے بدلے اس کے لئے 10 نیکیا ں لکھی جاتی ہیں اور اس کے 10 گناہ مٹا دئیے جاتے ہیں اور 10 دَرَجات بُلند کر دئیے جاتے ہیں۔ ( [1] ) * مکی مدنی سرکار ، دو عالَم کے مالِک و مختار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : جو بیتُ اللہ کے طواف کے 7پھیرے کرے اور اُس میں کوئی لَغْو ( یعنی بیہودَہ ) بات نہ کرے تویہ ایک غلام آزاد کرنے کے برابر ہے۔ ( [2] ) * حضرت عبد اللہ ابنِ عبّاس رَضِیَ اللہ عنہما سے رِوَایت ہے کہ مدینے کے سلطان ، رَحْمتِ عالمیان صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : جس نے 50مرتبہ طواف کیا گناہوں سے ایسا نکل گیا جیسے آج اپنی ماں سے پیدا ہوا۔ ( [3] ) * حدیثِ پاک میں ہے : جس نے برسات میں طواف کے 7 چکر لگائے اُس کے پچھلے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ ( [4] )
جب ہم بارِش میں طواف کر چکے تو...
حضرت ابو عِقال رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں نے بارِش کے دَوران حضرت اَنَس بن مالِک رَضِیَ اللہ عنہ کے ساتھ بیتُ اللہ شریف کا طواف کیا۔جب ہم طواف مکمل کرنے کے بعد مَقامِ ابراہیم پر حاضِر ہوئے اور 2 رَکعتیں ادا کیں توحضرت اَنَس رَضِیَ اللہ عنہ نے ہم سے فرمایاکہ نئے سرے سے عمل شُروع کرو کیونکہ تمہاری مغفِرت ہو چکی ہے پھر فرمایا کہ جب ہم نے حُضُورِ پاک ، صاحِبِ لَولاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے ساتھ بارِش کے دَوران طواف کیا تھا تو آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے ہم سے اِسی طرح فرمایا تھا۔ ( [5] )
[1]...مسندِ امام احمد ، جلد : 3 ، صفحہ : 7 ، حدیث : 4555۔
[2]...معجمِ کبیر ، جلد : 9 ، صفحہ : 82 ، حدیث : 17233۔
[3]...ترمذی ، کتاب الحج ، باب ما جاء فی فضل الطواف ، صفحہ : 234 ، حدیث : 866۔
[4]...قُوْتُ الْقلوب ، جلد : 2 ، صفحہ : 198۔
[5]...ابنِ ماجہ ، کتاب المناسک ، باب الطواف فی مطر ، صفحہ : 508 ، حدیث : 3118۔