Book Name:Masjid Banana Sunnat e Anbiya Hai
بلکہ اذان ہونے سے بھی پہلے مسجد کے لئے نکل پڑیں ، سب سے پہلے مسجد میں پہنچنے کی کوشش کریں ، پِھر نماز کے بعد بھی کچھ وقت مسجد میں گزارنے کی عادَت بنائیں ، نمازکے بعد ذِکْرُ اللہ کر لیں ، درودِپاک پڑھ لیں ، قرآنِ کریم کی تِلاوت کر لیں اور کافِی سارا وقت مسجد میں گزارنے کے بعد مسجد سے نکلا کریں۔ اللہ پاک ہمیں یہ سعادت نصیب فرمائے۔
آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖنَ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
( 3 ) : مسجد کی صفَائی ستھرائی کا خیال رکھنا
اللہ والوں کی تیسری اچھی عادَت ہے کہ یہ برگزیدہ بندے مسجد کی صَفَائی ستھرائی ( Cleanliness / Neatness ) کا خُوب خیال رکھا کرتے تھے۔ یہ بھی سُنّتِ انبیا ہے ، اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے :
وَ عَهِدْنَاۤ اِلٰۤى اِبْرٰهٖمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ اَنْ طَهِّرَا بَیْتِیَ لِلطَّآىٕفِیْنَ وَ الْعٰكِفِیْنَ وَ الرُّكَّعِ السُّجُوْدِ(۱۲۵)
( پارہ : 1 ، البقرة : 125 )
ترجَمہ کنزُ العرفان : اور ہم نےابراہیم و اسماعیل کو تاکید فرمائی کہ میرا گھر طواف کرنے والوں اور اعتکاف کرنے والوں اور رکوع وسجود کرنے والوں کے لئے خوب پاک صاف رکھو۔
اِس آیتِ مُبارَکہ کی تفسیر میں مشہور مُفَسِّر ، حکیم الاُمَّت حضرت مفتی احمد یار خان رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : مسجدوں کو گندگی اور کوڑے سے پاک رکھنا بہت ضَروری ہے کیونکہ مسجد کی تعظیم کَعْبَۂِ مُعَظَّمَہ کی طرح ہے اسی لیے کعبہ کی طرح مسجد کی چھت پر بھی بِلاضَرورت چڑھنا منع ہے اور کعبہ کی صفائی کا تو اس آیت میں حکم دیا گیا لہٰذا تمام مسجدوں کے لیے بھی یہی حکم ثابِت ہو گا۔ ( [1] )