Book Name:Asmani Kitabon Mein Naat e Mustafa
سُبْحٰنَ اللہ ! کیا شان ہے ہمارے آقا و مولیٰ ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی... ! ! اس سے معلوم ہوا؛ ہمارے آقا و مولیٰ ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نُور بھی ہیں ، صاحِبِ نُور بھی ہیں اور حضرت کعبُ الْاَحْبار رَضِیَ اللہ عنہ کی وضاحت کے مطابق پچھلی آسمانی کتابوں میں بھی یہی لکھا تھا کہ آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم وہ مبارک نُور ہیں کہ جن کے ذریعے سے پُوری زمین نُور سے جگمگا اُٹھی ہے۔
چار جانِب روشنی ہے سب سماں ہے نُور نور حق نے پیدا آج اپنے پیارے کو فرمایا ہے
آگے پیچھے ، دائیں بائیں نور ہے چاروں طرف آ گیا ہے نُور والا ، نُور والا آیا ہے ( [1] )
پیارے اسلامی بھائیو ! ہمارے آقا و مولیٰ ، رسولِ خُدا ، اَحْمَدِ مجتبیٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نُور ہیں ، یہ بات اللہ پاک کے پاکیزہ کلام قرآنِ کریم میں بھی موجود ہے۔ چنانچہ پارہ : 6 ، سورۂ مائِدہ ، آیت : 15 میں ارشاد ہوتا ہے :
قَدْ جَآءَكُمْ مِّنَ اللّٰهِ نُوْرٌ وَّ كِتٰبٌ مُّبِیْنٌۙ(۱۵) ( پارہ : 6 ، المائدۃ : 15 )
تَرجَمہ کَنْزُ الْعِرْفان : بیشک تمہارے پاس اللہ کی طرف سے ایک نور آگیا اور ایک روشن کتاب۔
اس آیتِ کریمہ میں لفظِ نُور سے کیا مُراد ہے ، اس بارے میں امام بغوی ، امام جلال الدین سیوطی ، امام رازی ، علّامہ صاوِی ، علّامہ مُلّا علی قاری ، علّامہ محمود آلوسی رَحمۃُ اللہ علیہم اور بہت سارے مُفَسِّرِینِ کرام فرماتے ہیں : اس نُور سے نُور والے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم مراد ہیں۔ ( [2] )