Muallim e Kainat

Book Name:Muallim e Kainat

پیارے آقا کی مُعَلِّم ہونے کی شان

پیارے اسلامی بھائیو! الحمد للہ! ہمارے آقا و مولیٰ، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی بےشُمار شانیں ہیں، اتنی شانیں ہیں کہ ہم جیسے نکمے تو کیا مخلوق میں کوئی بھی آپ کی شانوں کی گنتی نہیں کر سکتا۔اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ لکھتے ہیں:

تیرے تو وَصْف عیبِ تَنَاہی سے ہیں بَرِی

حیراں   ہوں    میرے    شاہ    میں    کیا    کیا    کہوں   تجھے([1])

وضاحت: یعنی اے میرے مَحْبُوب  آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم! میں آپ کی کتنی شانیں بیان کروں...!! میں اِس لائق ہی کب  ہوں؟ رَبِّ رحمٰن نے آپ کو اتنی شانیں عطا کی ہیں کہ آپ کے اَوْصاف ختم ہی نہیں ہوتے، شان کا ختم ہونا بھی ایک کمی ہے، آپ کے رَبّ نے آپ کو اِس کمی سے بھی پاک رکھا ہے۔

آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی اِنہی شانوں میں سے ایک مُعَلِّم ہونے کی شان بھی ہے۔ ہمارے آقا و مولیٰ، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم * کائنات کے سب سے بڑے *سب سے اُونچے رُتبے والے* سب سے اَعْلی* سب سے بڑھ کر تجربے والے مُعَلِّم ہیں۔  

عام طَور پر ہمارے ہاں جسے 10، 12 یا 15 سال پڑھاتے ہوئے ہو گئے ہوں تو مُعَاشرے میں اُسے بہت ماہِر، تجربہ کار مُعَلِّم(Teacher) شُمار کیا جاتا ہے۔ یعنی جس کا پڑھانے کا عرصہ اور تَجْرِبَہ زیادہ ہو، وہ بڑا مُعَلِّمہوتا ہے۔ ہمارے پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی مُعَلِّم ہونے کی شان کا عرصہ جانتے ہیں کتنا ہے...؟ جب سے مَخْلوقات پیدا ہوئی ہیں، تب سے آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم مُعَلِّم ہیں۔


 

 



[1]... حدائقِ بخشش، صفحہ:175 ۔