Book Name:Bardasht Sunnat e Ambiya Hai
تسلی دینے والے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم
پیارے اسلامی بھائیو! یہاں ایک اور سیکھنے کی بات عرض کروں؛ عام طَور پر جب آدمی مشکل میں ہوتا ہے نا...!! مثلاً*کاروبار میں نقصان ہو گیا*چوری ہو گئی*کسی کام میں ناکامی ہو گئی *سکول میں فیل ہو گئے*کسی مضمون (Subject)میں سَپلی آگئی*کسی مُعَاملے میں مشکلات آگئیں۔ ہمارے ہاں الحمد للہ! عاشقانِ رسول نیکی کی دعوت دیتے ہیں، قافلوں میں سَفَر کرتے ہیں، بعض دفعہ اس رَستے میں مشکلات آجاتی ہیں*لوگوں کے طعنے سننے پڑ جاتے ہیں، اب ایسے موقعے پر ہوتا کیا ہے؟ لوگ ہمیں تسلی دے رہے ہوتے ہیں، مثلاً*دیکھو بھائی! مشکلات زندگی کا حصّہ ہیں *گھبراؤ نہیں، مشکل کے ساتھ ہی آسانیاں آتی ہیں*دِل پہ صدمہ نہ لو! اللہ پاک بہتر فرمائے گا۔
مگر یہاں مُعَاملہ دیکھئے!تکلیف پیارے مَحْبُوب کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو پہنچی ہے، لوگ جھٹلا رہے ہیں، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم انتہائی خواہش رکھتے ہیں کہ لوگ کلمہ پڑھیں اور جنّت کے حق دار بن جائیں مگر لوگ اُلٹا گستاخیاں کر رہے ہیں، ہمارے ہاں کے عام دستور کے مطابق بنتا تو یہ تھا کہ کوئی آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو تسلی دیتا مگر قربان جائیے! یہ سب کو تسلی دینے والے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ہیں ، یہ دِلوں کو ڈھارس بندھانے والے کریم ہیں، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم دِل سے اتنے مطمئن ہیں کہ شہزادی صاحبہ کو تسلی ارشاد فرما رہے ہیں کہ بیٹی خوف مت کرو! میرا بھی دِل مطمئن ہے، تم بھی مطمئن رہو! یہ مشکل گھڑی ہے، کٹ جائے گی، پِھر اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! اللہ پاک اسلام کو غلبہ اور عروج عطا فرما دے گا۔