Aao Bhalai Ki Taraf

Book Name:Aao Bhalai Ki Taraf

بھائیو بہنو! کرو سب نیکیوں پر نیکیاں                                 پڑگئے  دوزخ  پہ  تالے  قید  میں  شیطان  ہے([1])

سُبْحٰنَ اللہ! رمضان شریف اللہ پاک کا مہینا ہے۔ سارے مہینے اللہ پاک کے ہیں، دِن، مہینے، سال سب کچھ اُسی پاک رَبّ نے بنایا ہے، وہی یہ نظام چلا رہا ہے، وہی خالِق ہے، وہی مالِک ہے۔ سب مہینے اُسی کے مگر رمضان شریف   کو خاص طَور پر اللہ پاک سے نسبت ہے۔ جیسے ساری زمین اللہ پاک کی ہے مگر صِرْف مَسْجِد کو اللہ پاک کا گھر کہا جاتا ہے، مطلب کیا ہے؟ یہ کہ ساری زمین اچھی ہے مگر مسجد کی عظمت بہت ہی زیادہ ہے *گھر پر نفل پڑھو! ثواب ملے گا، مسجد میں آ کر پڑھو! زیادہ ثواب ملے گا *باہَر نافرمانی کرو تو گُنَاہ ہوتا ہے، مسجد میں آ کر کرو تو زیادہ گُنَاہ ہوتا ہے۔ اسی طرح رمضان شریف اللہ پاک کا مہینا ہے۔ یعنی سارے مہینے ہی اچھے ہیں، فضیلت والے ہیں مگر رمضان شریف بہت فضیلت  والا ہے۔ عام دِنوں میں نیکی کرو! ثواب ملے گا، رمضان شریف میں نیکی کرو! بہت زیادہ ثواب ملے گا، عام دِنوں میں بُرائی کرو! گُنَاہ ہو گا، رمضان شریف میں بُرائی کرو تو زیادہ گُنَاہ ہو گا۔ اس لئے کہ یہ اللہ پاک کا مہینا ہے۔

رمضان شریف میں گُنَاہ کا وبال

پیارے نبی، رسولِ ہاشمی  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  نے فرمایا: جو رَمضَان میں گُنَاہ کا کام کرتا ہے، اللہ پاک اس کے سال بھر کے اَعْمال ضائع فرما دیتا ہے۔([2])

اللہ پاک ہمیں گُنَاہوں سے بچنے اور پُورا رمضان  شریف نیکیوں میں گزارنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن    صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم   ۔


 

 



[1]...وسائلِ بخشش، صفحہ:705، 706ملتقطاً۔

[2]... معجم اوسط، جلد:2، صفحہ:414، حدیث:3688۔