Aao Bhalai Ki Taraf

Book Name:Aao Bhalai Ki Taraf

کتنی پیاری نصیحت ہے...!! لوگ کھڑے ہوتے ہی ہیں؛ *کوئی اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہوتا ہے *کوئی غربت مٹانے کے لئے کھڑا ہو تا *کسی کو امیر بننے کا جنون چڑھتا ہے تو ہمّت باندھ کر مال کمانے میں لگ جاتا ہے *کسی کو شہرت پانے کا جنون چڑھتا ہے تو کبھی یوٹیوب، کبھی فیس بُک اور نہ جانے کیسے کیسے ذریعے اختیار کر لیتا ہے، ہمیں صِرْف ایک نصیحت کی گئی، بہت پیاری نصیحت؛ اللہ پاک کو راضِی کرنے کے لئے جنونی ہو جاؤ! اور ہمّت باندھ کر بس اس کام کے لئے کھڑے ہو جاؤ...!!

آجاؤ...!! بھلائی کی طرف

حدیثِ پاک میں ہے: ہمارے آقا و مولیٰ، مکی مدنی مصطفےٰ     صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم    نے فرمایا: رمضان شریف کی ہر رات یہ اِعْلان ہوتا ہے: یَا بَاغِیَ الْخَیْرِ اَقْبِلْ وَ یَا بَاغِیَ الشَّرِّ اَقْصِرْاے بھلائی چاہنے والے آگے بڑھ...!! اے بُرائی چاہنے والے...!! بُرائی سے باز آجا! ([1])

سُبْحٰنَ اللہ! گویا رمضان شریف کی ہر رات کو صبح تک اِعْلان ہوتا رہتا ہے: اے اللہ پاک کے بندو...!! آجاؤ! بھلائی کی طرف آجاؤ...!! اے جنّت کے طلبگارو...!! آجاؤ! رمضان آ گیا ہے *اے بخشش مانگنے والو...!! آجاؤ! رمضان آ گیاہے *اے قربِ خُدا اَور عشقِ مصطفےٰ کے طلبگارو...!! آجاؤ! رمضان آ گیا ہے *اے نمازیں قضا کرنے والو! نمازوں کی طرف بڑھو! رمضان آ گیا ہے *اے جماعت چھوڑنے والو! مسجد کی طرف چلو! رمضان آ گیا ہے *اے گُنَاہوں کی دَلْدَل میں رہنے والو! گُنَاہ چھوڑو! رحمت کی طرف بڑھ چلو! رمضان آ گیا ہے۔

یاخُدا! ہم عاصیوں پر یہ بڑا احسان ہے                           زندگی میں پھر عطا ہم کو کیا رمضان ہے

ہرگھڑی رحمت بھری ہے ہرطرف ہیں بركتیں                                                   ماہ  رمضاں رحمتوں اور  بركتوں كی كان ہے


 

 



[1]... ترمذی، کتاب الصوم، باب ماجاء فی فضل شہر رمضان، صفحہ:194، حدیث:682 ملتقطاً۔