Book Name:Aao Bhalai Ki Taraf
اے عاشقان ِ رسول! اچھّی اچھّی نیّتوں سے عمل کا ثواب بڑھ جاتا ہے۔ آئیے! بیان سننے سے پہلے کچھ اچھّی اچھّی نیّتیں کر لیتے ہیں، نیت کیجئے!*رضائے الٰہی کے لئے بیان سُنوں گا*بااَدَب بیٹھوں گا* خُوب تَوَجُّہ سے بیان سُنوں گا*جو سُنوں گا، اُسے یاد رکھنے، خُود عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! رمضان شریف تشریف لا رہا ہے۔ سُبْحٰنَ اللہ! ماہِ رحمٰن آرہا ہے، ہاں! ہاں! خُوش ہو جائیے! ماہِ غُفْران تشریف لا رہا ہے...!!
مرحبا! صَد مرحبا! پِھر آمدِ رمضان ہے کِھل اُٹھے مرجھائے دِل تازہ ہوا ایمان ہے
یاخُدا! ہم عاصیوں پر یہ بڑا احسان ہے زندگی میں پِھر عطا ہم کو کیا رمضان ہے([1])
بس کچھ ہی دِنوں کے بعد اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!*شیطان کو قید کر دیا جائے گا *جنّت کے دروازے کھول دئیے جائیں گے *نیک اَعْمال کی قَدْر و قیمت بڑھا دی جائے گی، نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب 70 گُنَا بڑھا دیا جائے گا *بخشش کے پروانے بٹنا شروع ہو جائیں گے *اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!روزانہ لاکھوں لاکھ گنہگاروں کی بخشش کی جائے گی۔
ابرِ رحمت چھا گیا ہے اور سماں ہے نُور نُور فضلِ رَبّ سے مغفرت کا ہو گیا سامان ہے
ہر گھڑی رحمت بھری ہے، ہر طرف ہیں برکتیں ماہِ رمضاں رحمتوں اور برکتوں کی کان ہے([2])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد