بچّوں کے لئے امیرِ اہلِ سنّت کی نصیحت
جوتے کیسے پہنیں؟
* مولانا اویس یامین عطاری مدنی
ماہنامہ ستمبر 2021
اچّھے بچّو! امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس قادری صاحب فرماتے ہیں :
(1)جوتے پہننے سے پہلے جھاڑ لیجئے تاکہ کیڑا یا کنکر وغیرہ ہوتو نکل جائے۔
(2)پہلے سیدھا جوتا پہنئے پھر اُلٹا اور اُتارتے وَقت پہلے اُلٹا جوتا اُتاریئے پھر سیدھا۔
(رسالہ : 101مدنی پھول ، ص20)
پیارے بچّو!
پتا چلا کہ جوتے پہننے سے پہلے جھاڑ لینے چاہئیں تاکہ ان میں کوئی نقصان پہنچانے والا کیڑا وغیرہ ہو تو نکل جائے ورنہ تکلیف پہنچ سکتی ہے اور یہ بھی پتا چلا کہ جب بھی جوتے یا چپل پہنیں تو پہلے سیدھے پاؤں والی چپل یا جوتا پہنئے اور اتارتے وقت پہلے اُلٹے پاؤں والی چپل یا جوتا اُتاریئے۔ اللہ پاک کے آخری نبی مکی مدنی محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : جب تم میں سے کوئی جوتے پہنے تو دائیں (یعنی سیدھی) جانب سے اِبتدا کرنی چاہئے اور جب اُتارے تو بائیں (یعنی الٹی) جانب سے اِبتِدا کرنی چاہئے تاکہ دایاں (یعنی سیدھا) پاؤں پہننے میں اوّل اور اُتارنے میں آخِری رہے۔ (بخاری ، 4 / 65 ، حدیث : 5855) بعض بچے جلدی جلدی میں ان باتوں کا خیال نہیں رکھتے ، ایسا نہیں کرنا چاہئے بلکہ جوتے پہننے کے آداب پر عمل کرنا چاہئے۔
(مزید آداب جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کا رِسالہ “ 101مدنی پھول “ پڑھئے)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی
Comments