تعزیت و عیادت
ماہنامہ ستمبر 2021
حضرت علّامہ اکرامُ المصطفیٰ اعظمی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ سیفُ المصطفیٰ اعظمی ، ابرارُ المصطفیٰ اعظمی ، خالد مصطفیٰ اعظمی ، حضرت علّامہ اکرامُ المصطفیٰ اعظمی ، شمس مصطفیٰ اعظمی ، حضرت مولانا انعامُ المصطفیٰ اعظمی ، فرحان مصطفیٰ اعظمی اور امجد مصطفیٰ اعظمی کی امّی جان 28 شوّالُ المکرم 1442سِنِ ہجری مطابق 9جون2021ء کو کراچی میں انتقال فرما گئیں ، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔ یااللہ پاک! حضرت علّامہ اکرامُ المصطفیٰ اعظمی کی امّی جان کو غریقِ رحمت فرما ، اے اللہ پاک! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، یااللہ پاک! ان کے تمام چھوٹے بڑے ، چھپے ظاہر ، جانے انجانے میں ہونے والے گناہ معاف فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِّ نظر وسیع ہو ، یااللہ پاک! ان کی قبر نورِ مصطفٰے کے صدقے تاحشر جگمگاتی رہے ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! مرحومہ کی بے حساب بخشش فرما کر جنّتُ الفردوس مىں سیّدۂ کائنات ، بی بی فاطمہ زہرا کی پڑوسن بنا ، اے اللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِ جمىل اور صبرِ جمىل پر اجرِ جزىل مرحمت فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما ، بَوسیلۂ خَاتَمُ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا اجر و ثواب حضرت علّامہ اکرامُ المصطفیٰ اعظمی کی امّی جان سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صبر و ہمت سے کام لیجئے ، جس کا وقت پورا ہوجاتا ہے اُس نے جانا ہی جانا ہے ، ایک سیکنڈ بھی آگے پیچھے نہیں ہونا ہے ، ہم سب نے بھی جانا ہے ، ہمیں کسی جانے والے پر رو رو کر ہلکان نہیں ہونا ، ظاہر ہے کہ جانے والا پلٹ کر نہیں آتا ، اگر بے صبری پائی گئی تو صبر کے ذریعے ہاتھ آنے والا ثواب ضائع ہوجائے گا لیکن صرف آنسوؤں سے رونا کہ بس آنسو آئیں اس میں کوئی حرج نہیں ہے ، ہمیں جانے والے سے اپنی آخرت کا سامان حاصل کرنا چاہئے ، اپنی آخرت کی تیاری کرنا چاہئے اور اپنی موت کو یاد کرنا چاہئے۔ میرے آقا اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ ہمیں جھنجھوڑتے ہوئے فرما رہے ہیں :
؎ ہائے رے نیند مسافر تیری کُوچ تیّار ہے کیا ہونا ہے
دُور جانا ہے رہا دِن تھوڑا راہ دُشوار ہے کیا ہونا ہے
یعنی تیرا سفر تیار ہے اور تو غفلت کی نیند سو رہا ہے ، سفر طویل ہے ، ہائے افسوس! توشہ قلیل ہے ، راہ دشوار ہے اور کٹھن مراحل ہیں۔ کیا ہونا ہے! اللہ کی رحمت سے بیڑا پار ہونا ہے ، اِنْ شآءَ اللہ۔
(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مرحومہ کے مزید ایصالِ ثواب کے لئے ایک حدیثِ پاک بیان فرمائی : ) حضرت سیّدُنا بَراء بن عازب رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں : سلطانِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ ہم ایک جنازے میں شریک تھے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم قبر کے کنارے بیٹھ گئے اور اتنا روئے کہ مٹی بھیک گئی ، پھر فرمایا : اے بھائیو! اس کے لئے تیاری کرو۔ (ابن ماجہ ، 4 / 466 ، حدیث : 4195)
“ دعوتِ اسلامی “ آپ کی اپنی دینی تحریک ہے ، اس کے لئے ہمیشہ دُعا فرماتے رہئے اور اپنے چاہنے والوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دلاتے رہئے ، اور جب جب موقع ملے اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے دعوتِ اسلامی کے اجتماعات وغیرہ میں بھی کرم فرمائیے ، اللہ کریم آپ صاحبان کو خوش رکھے ، شاد و آباد ، پھلتا پھولتا مدینے کے سدا بہار پھولوں کے صدقے مسکراتا رکھے۔ زہے نصیب! مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے اللہ پاک کے دئیے ہوئے مال میں سے مسجد بنادیجئے یا مسجد کی تعمیر ہی میں حصہ لے لیجئے ، مسجد بنانے کی فضیلت تو سنئے ، فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : “ جو اللہ پاک کی رضا کے لئے مسجد بنائے گا اللہ پاک اس کے لئے جنّت میں گھر بنائے گا “ ۔ (بخاری ، 1 / 171 ، حدیث : 450)
بےحساب مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں۔
مولانا محمد جاوید عطاری مدنی کی بیٹی کے انتقال پر تعزیت
26ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ کو “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے شعبہ “ تحریری مقابلہ “ کے ذمّہ دار مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی کی نومولود بیٹی 36دن کی عمر میں فوت ہوگئی ، شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے آڈیو میسج کے ذریعے تعزیت فرمائی اور والدین و اہلِ خانہ کو صبر کرنے اور اللہ پاک کی رضا پر راضی رہنے کی تلقین فرمائی۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جون2021ء میں (نجی پیغامات کے علاوہ) المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ پیغاماتِ عطّاؔر کے ذریعے تقریباً 1ہزار796 پیغامات جاری فرمائے جن میں سے428 تعزیت کے ، 1ہزار 259 عیادت کے جبکہ 109دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے (1)پیرِ طریقت ، حضرت سیّد دولت حسین شاہ کاظمی قادری صاحب[1] (2)مہتمم جامعہ اسلامیہ ، حضرت مولانا پیر صدیق نقشبندی صاحب (گلاسکو ، اسکاٹ لینڈ ، U.K)[2] (3)حضرت مولانا شیخ حافظ عبدالعزیز انسانجا عطاری الازہری (ذمّہ دار مجلس رابطہ بالعلماء ، زیروبی ، یوگنڈا) [3] (4)حضرت علّامہ مولانا رانا اصغر چشتی صاحب (حافظ آباد ، پنجاب) [4] (5)سجادہ نشین درگاہ عالیہ لوڑھو شریف حضرت قبلہ میاں سائیں ابراہیم صاحب (سگھیوں شریف ، سندھ) [5] (6)حضرت مولانا محمد یوسف قریشی صاحب (ڈیرہ غازی خان ، پنجاب) سمیت428 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے ہزاروں سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔ نیز امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے 1ہزار259 بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔
تفصیل جاننے کیلئے اس ویب سائٹ ، “ دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔
[1] تاریخِ وفات : 29شوّالُ المکرم1442ھ مطابق 10جون2021ء
[2] تاریخِ وفات : 23شوّالُ المکرم1442ھ مطابق 4جون2021ء
[3] تاریخِ وفات : 11ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ مطابق21جون2021ء
[4] تاریخِ وفات : 18ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ مطابق29جون2021ء
[5] تاریخِ وفات : 7ذُوالقعدۃِ الحرام1442ھ مطابق18جون2021ء۔
Comments