انگور اور میتھی

انگور (Grapes) کے فوائد

انگور ایک نہایت ہی مُفید پھل ہے، اس کا ذکرقراٰن و احادیث میں بھی کئی مقامات پر آیا ہے۔ ہمیشہ پکا ہوا اور میٹھا انگور کھانا چاہئے، سوکھا ہوا چھوٹا انگور کِشْمِش اور بڑا انگور مُنَقّٰی کہلاتا ہے۔ اس کے چند فوائد ملاحظہ کیجئے:

٭انگور جسم کو مُعْتَدِل اور پُرکشش بنانے میں دوا کا کام کرتا ہے۔ ٭انگور جسم میں موجود فاسِد مادَّوں کو خارج کرتا ہے۔ ٭نزلہ زکام، کھانسی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر بَلْغَمِی امراض میں بے حدمفید ہے۔ ٭مِعْدہ اور آنتوں کو جِلا بخشتا ہے۔ ٭جگر کو طاقت دیتا ہے۔ ٭انگور آنتوں کے زخم کے لئے فائدہ مند ہے لیکن 10سے 15دانے استعمال کئے جائیں، اس سے زائد کھانے سے نقصان کا اندیشہ ہے۔ ٭بادام کی گِریوں کے ساتھ انگور کھانا نہ صرف دماغی امراض میں مفید ہے بلکہ قوتِ حافظہ کو بھی تیز کرتا ہے۔ ٭انگور کھانے سے حَلْق کے امراض ٹھیک ہوجاتے ہیں۔ ٭انگور امراضِ گردہ و مَثَانہ میں بھی مفید ہے۔٭ اس کا رس گردے اور مثانے کی پتھری کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ٭تُرش انگوروں کا رس آنکھوں کے درد کیلئے مفید ہے۔(ماخوذ اَز پھلوں، پھولوں اور سبزیوں سے علاج، ص171تا190)

احتیاط: کچا اور ترش انگور گلے کیلئے نقصان دہ ہے نیز سردی کی وجہ سے سینہ خراب ہو تو انگور کے استعمال سے پرہیز کریں۔

میتھی (Fenugreek) کے فوائد

میتھی فوائد سے بھرپور اور سبز پتّوں والی مشہور سبزی ہے، اِس میں فولاد اور آئرن کثیر مقدار میں پایا جاتا ہے، چند فوائد ملاحظہ کیجئے:

٭میتھی میں وٹامنB، فولاد، فاسفورس اور کیلشیم جسمانی کمزوری اور خون کی کمی کو دور کرتے  ہیں۔ ٭میتھی آنکھوں کی پیلی رنگت، منہ کی کڑواہٹ اور دل خراب ہونے کی کیفیت ختم کرتی ہے۔ ٭بدہضمی، کھٹّی ڈکاریں اور بھوک کی کمی دور کرتی ہے۔ ٭میتھی کا استعمال کمر درد، تِلّی کے وَرَم اور جوڑوں کے درد میں مفید ہے۔ ٭میتھی کا مسلسل استعمال بواسیر (Piles) کا خاتِمَہ کردیتا ہے۔ ٭میتھی کھانسی اور معدے کی اصلاح کرتی اور بلغم نکالتی ہے۔ ٭میتھی کے پتّے پکا کر اس کے پانی سے غرارے اور کُلِّیاں کرنا منہ کے چھالے ٹھیک کرنے میں مفید ہے۔ ٭میتھی کولیسٹرول کو کم کرتی ہے۔ ٭میتھی پیشاب آور ہے۔ ٭میتھی کی پتیاں بھوک بڑھاتی اور قبض کُشا ہیں۔ ٭میتھی کا قہوہ سانس کی گُھٹن، حلق کی جلن، نزلہ زکام اور بخار اور منہ کی بدبو دور کرنے میں بہت مفید ہے۔

میتھی کے مزید فوائد جاننے کیلئے شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا رسالہ ”میتھی کے 50مدنی پھول“  کا مطالعہ کیجئے۔

نوٹ: تمام دوائیں اپنے طبیب (ڈاکٹر) کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔


Share

Articles

Comments


Security Code