بیرونِ مُلک کے مَدَنی مسافروں
کو حکمت بھرے مَدَنی پھول
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے مُبَلِّغِ دعوتِ اسلامی غلام مصطفےٰ خان عطاری اور ملائشیا کے مَدَنی مسافرو!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
اللہ تعالٰی آپ سب کو سَلامت باکَرامت رکھے، آپ کا سفر بخیر فرمائے، جہاں جائیں سنّتوں کے پھول کِھلائیں، مَدَنی بَہاریں لُٹائیں، خوب نیکیوں کی دھومیں مچائیں، نمازوں کی پابندی کے ساتھ تہجد، اشراق، چاشت بھی ادا فرمائیں اور زہے نصیب مَدَنی انعامات کے مطابق آپ کا وقت گزرے۔ وہاں کا ماحول جو بھی ہو، آپ لوگ اِدھر اُدھر سَیر و تفریح میں نہ پَڑنا کہ بُرائیاں کہاں نہیں! اللہ تعالٰی ہم سب کی بُرائیوں سے حفاظت فرمائے۔
خوبدل لگا کر مَدَنی کام کرنا اور اچّھی اچّھی نیّتیں بھی شاملِ حال رکھنا، نماز تو نمازکبھی جماعت بھی نہ چھوٹے اِس کاخیال رکھنا اور جتنا ہوسکے سنّتوں کی پابندی رہے، چہرہ بھی مَدَنی آقاصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنّت سے سَجا رہے، سَر پر بھی سَبز سَبز عِمامہ شریف جگمگاتا رہے۔جب بابُ المدینہ (کراچی) واپس تشریف لائیں تو ہر مہینے تین دن مَدَنی قافلے میں سفر کرنے اور مَدَنی انعامات کے مطابق زندگی گزارنے کی نیّت بھی ساتھ لائیے گا، زندگی کا کوئی بھروسا نہیں ہے، نہ جانے کب ہماری زندگی کا چَراغ گُل ہوجائے،لہٰذا اس زندگی میں اچّھے اعمال کا ایسا چراغ روشن کیجئے کہ جب زندگی کا چَراغ گُل ہو جائے اور ایک دن اسے گُل ہونا ہی ہے تو ہماری قبروں میں اللہ تعالٰی کی رَحْمت اور نورِ مصطفےٰ کے صدقے سے نمازوں، سنّتوں اور نیکیوں سے چَراغاں ہی چَراغاں رہے۔
اپنی گفتگو اور اپنے کردار میں حُسنِ اَخلاق کو شامل رکھئے گا کہ سفر میں اکثر چِڑچِڑا پَن آجاتا ہے بعض اوقات ایک دوسرے سے مُوافَقَت نہیں ہوتی، اپنے مَحَلّے وغیرہ میں تو مُوافَقَت ہوتی ہے لیکن سفر میں ہر وقت ساتھ رہتے ہیں تو ذِہنی ہم آہنگی کی کمی کی وجہ سے بسا اوقات ایسا معاملہ ہوجاتا ہے جس پر انسان کا صَبْر کرنا مشکل ہوجاتا ہے، لہٰذا ایسے موقعے پر بھی صَبْر صَبْر اور صَبْر کیجئے گا، جہاں بھی رہیں سب بھائی بھائی بن کر رہئے گا، جہاں جہاں موقع ملے قراٰنِ کریم کی تلاوت بھی کیجئے گا، وہاں کے اسلامی بھائیوں کے ساتھ مل کر خوب مَدَنی کام کیجئے گا اور نمازوں کی ایسی دھوم دھام مچائیے گا کہ ہم سب اور ہمارا بچّہ بچّہ بھی حقیقی معنوں میں نمازی، عاشقِ رسول، عاشقِ صحابہ و اَہلِ بیت و اولیا بَن جائے۔ میری بے حساب مغفرت کے لئے دُعا کیجئے گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمد
مرکزی جامعۃُ المدینہ بابُ المدینہ(کراچی) کے 36طلبۂ کرام کے12ماہ کے مدنی قافلے کے لئے تیار ہونے پر خوشی کا اظہار
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضویعُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے اسجدمَدَنی عطاری طالبِ علم دورۂ حدیث شریف و ناظمِ جَدوَل مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ(بابُ المدینہ،کراچی) اور مرکزی جامعۃُ المدینہ کے تمام طلبۂ کرام!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
اسجد بھائی نے ابو عاطف مَدَنی کی وَساطَت سے مجھے یہ خوشخبری دی کہ رُکنِ شوریٰ الحاج سیّد لقمان باپو مرکزی جامعۃُ المدینہ تشریف لائے اور اِن کی ترغیب پر 36 اسلامی بھائیوں نے بارہ ماہ کے مَدَنی قافلے میں سفر کے لئے اپنی رِضا مندی کا اظہار فرمایا۔ کون کب سفر کرے گا؟ یہ پتا نہیں ہے، ہاتھوں ہاتھ سفر کر لینا چاہئے کہ دل کو قلب اِسی وجہ سے کہتے ہیں کہ یہ مُنْقَلِب ہوتا (یعنی بدلتا) رہتا ہے۔ نئے دَرَجے شروع ہوئے ہیں ہوسکے تو ابھی سے ہاتھوں ہاتھ بارہ ماہ کے مدنی قافلے میں سفر فرما لیں۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ سب کو بَرَکت عطا فرمائے اور سفرِ مدینہ کی سعادت بھی بخشے۔
مرکزیجامعۃُ المدینہ میں طلبۂ کرام کی اچّھی خاصی تعداد ہے ان میں سے بارہ ماہ کے لئے صرف 36اسلامی بھائی بہت تھوڑے ہیں، اللہ تعالٰی آپ سب کو دونوں جہاں کی بھلائیاں عطا فرمائے اور آپ سب کو خوب بَرَکتیں دے، میرے سارے اسلامی بھائی ہمّت کیجئے، جن جن سے بَن پڑے اور کسی کا حق تَلَف نہ ہوتا ہو تو مہربانی کرکے سُستی اُڑائیے اور چُستی دکھائیے، مجھ سے جو منسوب ہیں انہیں تو میری زیادہ ماننی چاہئے اور جو مجھ سے منسوب نہیں ہیں مگر میرا حُسنِ ظن ہے کہ سارے ہی مجھ سے مَحَبَّت کرتے ہیں مجھے جلدی جلدی بارہ ماہ کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ایسی خوشخبریاں بھیجئے کہ خوشی سے میرا سینہ مدینہ ہو جائے۔ یَااللّٰہ!جو جو اسلامی بھائی میری اس مَدَنی اِلتجا پر لَبَّیْک کہتا ہوا ہاتھوں ہاتھ بارہ ماہ کے مدنی قافلے کے لئے تیّار ہوجائے اور فائنل تاریخ دے دے ان سب کو مَرتے وقت کلمہ اور اپنے پیارے حبیبصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جلوہ نصیب فرما، اے اللہ!جو ان کے لئے کوششیں کرے ان کے اور میرے حق میں بھی یہ دُعائیں قبول فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمد
رُکنِ شوریٰ کے یہاں مَدَنی مُنّے کی ولادت پر
مبارَک باد و دُعا سے نوازا
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضویعُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مَدَنی بیٹے، شہزادۂ عالی وقار، باپوئے آبرودار، مبلّغِِ دعوتِ اسلامی، رُکنِ شوریٰ سیّد عارِف علی عطاری!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
مَاشَآءَ اللّٰہ!آپ کے یہاں شہزادے کی آمد ہوئی، مرحبا! شہزادے کا نام”محمد“ اور پکارنے کے لئے ”واصِف علی“ رکھئے، میں آپ کے حسبُ الاِرشاد شہزادے کو سلسلہ ٔعالیہ قادریہ رضویہ میں داخل کرتا ہوں، اللہتعالیٰ مَدَنی مُنّے سیِّد واصف علی کو صحتوں، راحتوں، عافیتوں، عبادتوں، ریاضتوں، سنّتوں، مَدَنی کاموں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرمائے، اللہ تعالٰی مَدَنی مُنّے کو، ان کے امّی ابُّو کو اور سارے گھرانے کو دونوں جہاں کی بھلائیاں نصیب کرے۔ میری طرف سے آپ کو، مَدَنی منّے کی امّی کو،ننھیال،ددھیال والوں کواورسب کوڈھیروں مبارک ہو! حُضورِ والا! اپنی کنیت ”ابو واصف‘‘رکھ لیجئے، واصِف کے معنیٰ تعریف کرنے والا، خوبیاں بیان کرنے والا، تو ”واصِف علی“ کے معنیٰ ہوئے مولا مشکل کُشا علیُّ المرتَضیٰکَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم کی ثنا و تعریف کرنے والا۔اب آپ’’ابو واصِف عارف علی‘‘ ہوگئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
مرکزی جامعۃُ المدینہ(پنڈی بھٹیاں) کے طلبۂ کرام کی حوصلہ افزائی
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مرکزی جامعۃ ُالمدینہ پنڈی بھٹیاں کے میرے میٹھے میٹھے مدنی بیٹو!طلبۂ کرام!
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی عماد مَدَنی نے آپ کے مدنی کاموں کی مدنی کارکردگی مجھے تحریراً بھجوائی۔ مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ لوگ خوب چوک درس دے رہے ہیں اور نیکی کی دعوت کی دھومیں مچا رہے ہیں، اللہ تعالٰی آپ کو بَرَکتیں دے، آپ کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے، آپ کو مزید جذبہ و ہمّت عطا فرمائے اور آپ کا مدنی کاموں میں دل لگا دے۔ اسی طرح خوب دل لگا کر جامعۃُ المدینہ کی تعلیم بھی حاصل کرنی ہے اور نِجِی مطالعہ بھی کرنا ہے۔ اگر آپ نے ابھی تک کتاب ’’باطنی بیماریوں کی معلومات ‘‘ نہیں پڑھی ہے تو میں آپ کو 25دن کا ہَدَف دیتا ہوں،آپ سب 25دن میں پڑھ لیں اور جنہوں نے یہ کتاب پڑھ لی ہے،تو وہ نئی کتاب’’دین و دنیا کی انوکھی باتیں‘‘ 25دن میں پڑھ لیں اور جلدی جلدی مجھے کارکردگی بھیجیں۔اپنے کردار کی اِصلاح جاری رکھئے اور آپس میں لڑائی،ایک دوسرے کی بُرائی،حسد، غیبت، اُستادوں کی بے ادبی و بدگمانی سے بچئے، خاص طور پر استاد صاحب کے سوال کرنے پر اس طرح کی بدگمانی سے بچئے کہ استاد صاحب کو آتا نہیں ہے، اس لئے ہم سے پوچھ رہے ہیں تاکہ ان کو معلوم ہو جائے، کیسے چالاکی کر رہے ہیں وغیرہ وغیرہ، نہیں! بد گمانی نہیں کرنی، آپ جتنا زیادہ استاد صاحب کا ادب کریں گے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کو اُتنی ہی زیادہ برکتیں ملیں گی۔ ایک دوسرے کے ساتھ خیرخواہی و ہمدردی کرتے رہیں اور ایک دوسرے کی بُرائیاں نہ کریں، اگر کسی کی بُرائی نظر آجائے یا کوئی آپ کے ساتھ بُرا سلوک کر بھی دے تو اس کو دبا دیا کریں یعنی آپ دوسروں کے عیب اُچھالنے والے نہیں بلکہ دوسروں کے عیب چھپانے والے بن جائیں، ہم دنیا میں کسی کے عیب چُھپائیں گے تو اللہ تَبَارَک و تعالٰی دنیا و آخرت میں ہمارے عیب چُھپائے گا کہ اللہ تعالٰی سَتَّارُ الْعُیُوْب (یعنی عیبوں کو چھپانے والا) ہے۔اسی طرح مَدَنی کاموں کی دھومیں مچاتے رہئے گا، تمام اساتذۂ کرام اور دیگر مَدَنی عَمَلے کو میرا سلام بھی کہئے گا۔بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
شکرانے میں170چوک درس دئیے
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّتدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی طرف سے حوصلہ افزائی کے صوتی پیغام کے شکرانے میں مرکزی جامعۃُ المدینہ پنڈی بھٹیاں(ضلع حافظ آباد، پنجاب، پاکستان) کے طلبۂ کرام نے 170چوک درس دیئے اور 4مَدَنی دورے بھی کئے۔
Comments