قربانی کے لئے افضل دن/بلّی مُرغی کا سَر کھا جائے تو کیا کریں؟/خواب میں طلاق دینا کیسا؟

ایک بکرا پورے گھر کی طرف سے ذَبْح کرنا کیسا؟

سوال:بعض لوگ قربانی میں ایک بکرا پورے گھر کی طرف سے ذبح کردیتے ہیں تو کیا اس طرح کرنے سے پورے گھر کی طرف سے قربانی ادا ہوجائے گی؟

جواب:اگر کسی نے ایک بکرا پورے گھر کی طرف سے قربانی میں ذبح کردیا تو گھر کے کسی بھی فَرْد کی طرف سے قربانی ادا نہیں ہوگی کیونکہ ایک بکرے کی قربانی صرف ایک ہی فرد کی طرف سے ادا ہوتی ہے۔ جیسے بچوں کے اَبُّو پر قربانی واجِب ہے تو اب ایک بکرا ان کی طرف سے ہی ذبح کیا جائے گا کسی اور کی اس میں نیّت نہیں کی جائے گی اور اگر بچوں کی امّی پر بھی قربانی واجب ہے تو اب دونوں کی طرف سے دو بکرے الگ الگ ذبح کئے جائیں گے کیونکہ ایک بکرا دونوں کی طرف سے قربانی میں ذبح نہیں کیا جاسکتا، یہی مسئلہ بھیڑ اور دُنبے (Sheep) کا بھی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

اسلامی بہنیں نماز کب پڑھیں؟

سوال:اسلامی بہنوں کو اذان کے فوراً بعد نماز پڑھنی چاہئے یا مسجد کی جماعت ہونے کے بعد؟

جواب:بہارِ شریعت میں ہے:عورتوں کے لئے ہمیشہ فجْر کی نماز غَلَس(یعنی اوّل وقت) میں(پڑھنا)مستحب ہے اور باقی نمازوں میں بہتر یہ ہے کہ مَردوں کی جماعت کا انتظار کریں، جب جماعت ہو چکے تو پڑھیں۔(بہارِ شریعت،ج1،ص452) اگر اذان ہوتے ہی کسی اسلامی بہن نے نماز پڑھ لی،مسجد کی جماعت ختم ہونے کا انتظار نہیں کیا تب بھی کوئی گناہ نہیں۔ اسی طرح فجْر کی نماز اوّل وقت میں نہیں بلکہ دیر سے پڑھی مگر وقت خَتْم ہونے سے پہلے پڑھی تب بھی کوئی گناہ نہیں ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

قربانی کے لئے افضل دن

سوال:قربانی کے لئے افضل دن کون سا ہے؟

جواب:قربانی کے لئے افضل دن عید کا پہلا دن یعنی 10ذوالحجۃ الحرام ہے البتّہ 11اور 12ذوالحجہ کو بھی قربانی کرنا جائز ہے مگر 12ذوالحجہ کو غُروبِ آفتاب کے بعد قربانی نہیں کی جاسکتی۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

بلّی مُرغی کا سَر کھا جائے تو کیا کریں؟

سوال:اگر بلّی مُرغی پر جھپٹّا(جَھ۔پَٹ۔ٹا) مار کر اس کا سَر کھاجائے اور مرغی تڑپ رہی ہو تو اسے کس طرح ذَبْح کریں؟

جواب:بہارِ شریعت میں ہے:بلّی نے مُرغی کا سَر کاٹ لیا اور وہ ابھی زندہ ہے پھڑک رہی ہے ذبح نہیں کی جاسکتی۔(بہارِ شریعت،ج3،ص320)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

قربانی کا جانور مَر جانے، گُم ہو جانے یا چوری ہوجانے کا مسئلہ

سوال:اگر کسی کا قربانی کا جانور مَر جائے،گُم ہوجائے یا چوری ہوجائے تو کیا حکم ہے؟

جواب:بہارِ شریعت میں ہے:قربانی کا جانور مَر گیا تو غنی (یعنی صاحبِ نصاب)پرلازم ہے کہ دوسرے جانور کی قربانی کرے اور فقیر کے ذمّے دوسرا جانور واجب نہیں اور اگر قربانی کا جانور گُم ہو گیا یا چوری ہوگیا اور اس کی جگہ دوسرا جانور خرید لیا اب وہ مِل گیا تو غنی کو اختیار ہے کہ دونوں میں جس ایک کو چاہے قربانی کرے اور فقیر پر واجب ہے کہ دونوں کی قربانیاں کرے مگر غنی نے اگر پہلے جانور کی قربانی کی تو اگرچِہ اُس کی قیمت دوسرے سے کم ہو کوئی حرَج نہیں اور اگر دوسرے کی قربانی کی اور اس کی قیمت پہلے سے کم ہے تو جتنی کمی ہے اتنی رقم صَدَقہ کرے ۔ہاں اگر پہلے کو بھی قربان کردیا تو اب وہ تَصَدُّق (یعنی صَدَقہ کرنا)واجِب نہ رہا۔(بہارِ شریعت،ج3،ص342)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

عَرَفات کا میدان اور وُقوف

سوال:عَرَفات کے میدان میں کس جگہ وُقوف کرنا(یعنی ٹھہرنا) افضل ہے؟

جواب:عَرَفات کا پورا میدان سوائے’’بطْنِ عُرَنہ‘‘ کے وُقوف کی جگہ ہے البتّہ جَبَلِ رحمت کے قریب وُقُوف کرنا (یعنی ٹھہرنا) افضل ہے کیونکہ ہمارے پیارے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِس کے قریب ہی وُقوف فرمایا تھا۔

ہو مجھ پہ کرم صَدْقے سلطانِ دَنا کے

دِکھلا دے مَناظر مجھے عَرَفات ومنیٰ کے

کہتا تھا پھر اللّٰہ مجھے حج پہ بلانا

اے عازِمِ طیبہ! میں طلبگارِ دعا ہوں

(وسائلِ بخشش مُرَمَّم، ص263)                                                       

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

سب سے پہلے کس خاتون کے کان چھیدے گئے؟

سوال:سب سے پہلے کس خاتون کے کان چھیدے گئے تھے؟

جواب:سب سے پہلے حضرتِ سیّدتنا ہاجِرہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے کان چھیدے گئے تھے اور اُسی وقت سے عورَتوں کے کان چھیدنے کا رَواج پڑا۔(ماخوذ ازغمز عیون البصائر،ج3،ص295)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

قربانی کے جانور پرسُواری کرنا کیسا؟

سوال:کیا قربانی کے جانور مثلاً اُونٹ(Camel) پر سُواری کرسکتے ہیں؟

جواب:قربانی کی نیّت سے جب کوئی جانور لے لیا جائے چاہے وہ اُونٹ ہو یا گائے، بکری وغیرہ اس پرسُواری کرنا مکروہ و ممنوع ہے۔ اگر کوئی قربانی کے جانور پر سُواری کرے تو اس کی وجہ سے جانور میں جو کچھ کمی آئے گی اُتنی مِقدار میں صَدَقہ کرنا پڑے گا۔(ماخوذ اَز بہارِ شریعت،ج3،ص347)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

خواب میں طلاق دینا کیسا؟

سوال:اگر کسی شخص نے اپنی بیوی کو خواب میں طَلَاق (Divorce) دے دی تو کیا طَلَاق واقِع ہوجائے گی؟

جواب:خواب میں طَلَاق دینے سے طَلَاق نہیں ہوگی۔(حاشیہ چلپی علی تبیین الحقائق،ج3،ص34)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

یکم محرُّمُ الحرام کو بِسْمِ اللہ لکھنے کی فضیلت

یکم محرُّمُ الحرام کو بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم 130 بار(ہاتھ سے) لکھ کر (یا ہاتھ سے لکھوا کر) جو کوئی اپنے پاس رکھے (یا پلاسٹک کوڈنگ کرواکر کپڑے، ریگزین یا چمڑے میں سلوا کرپہن لے) اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ عمر بھر  اس کو یا اس کے گھر میں کسی کو کوئی بُرائی نہ پہنچے۔(فیضانِ سنت،ص136۔ بحوالہ شمس المعارف ،ص38) (ہاتھ سے لکھے ہوئے تعویز کی جو برکتیں ہوتی ہیں،وہ فوٹو کاپی یا کمپوزشدہ کی نہیں ہوتیں)

madani-muzakra

Share

Articles

Comments

Security Code