شیخِ طریقت امیر اہلِ سنت بانی دعوتِ اسلامی، حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطاری قادری رضوی دَامَت بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہاپنے صُوری Videoاور صَوتی Audio پیغامات کے ذریعے دکھیاروں اور غم زدوں سے تعزیت اور بیماروں سے عیادت فرماتے رہتے ہیں، ان میں سےمنتخب پیغامات پیش کئے جارہے ہیں۔
حضرت مولاناپیرمحمداکرم شاہ جمالی کے انتقال پر تعزیت
نَحۡمَدُہٗ وَ نُصَلِّیۡ وَ نُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوۡلِہِ النَّبِیِّ الۡکَرِیۡمِ
سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عُفِیَ عَنۡہُ کی جانب سے حضرت مولانا فیض محمد،مولانا قمر الدین،مولانانور محمد،مولانا فخراور حضرت مولانا محمد اکرم شاہ جمالی صاحب کے دیگر سوگواروں کی خدمت میں
اَلسَّلَامُ عَلَیۡکُمۡ وَرَحۡمَۃُاللّٰہِ وَ بَرَکَاتُہٗ!
محمد فاروق مَدَنی رکنِ کابینہ مجلس رابطہ بالعلماوالمشائخ نے خبر دی کہ آپ کے والدِ محترم(دارالعلوم صديقيہ شاہ جماليہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے شيخ الحديث اورجماعتِ اَہلِ سنّت پاکستان کے نائب امیرحضرت مولانا پیرمحمداکرم شاہ جمالی) شوگر،ہارٹ اٹیک،بلڈ پریشر اور فالج وغیرہ کے امراض میں تکلیفیں اُٹھا کر بالآخر 9ذوالقعدۃ الحرام 1438ھ کو بعمر ستتّر(77)سال انتقال فرماگئے، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ۔ (اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے مرحوم کے لئے دعا فرمائی:) یااللہ! پیارے حبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا واسطہ!حضرت مولانا مرحوم کو غریقِ رحمت فرما۔ یااللہ!ان کے تمام چھوٹے بڑے گناہ معاف فرما۔ ان کی بے حساب مغفرت فرما۔پروردگار!ان کی دینی خدمات قبول فرما۔ یااللہ!ان کی قبرکو خوابگاہِ بِہِشْت بنا، ان کی قبر پر رحمت و رضوان کے پھولوں کی بارش فرما۔ان کی قبر کو تاحدِّ نظر وسیع کردے۔ان کی قبر کو پیارےحبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے جلووں سےآباد فرما۔ ان کے تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مَرْحَمَت فرما۔ان کی بے حساب مغفرت فرما کر انہیں جنّت الفردوس میں اپنے پیارےحبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
مرحوم کے صاحبزادوں کا جوابی پیغام:اس تعزیتی پیغام کے جواب میں مرحوم کے صاحبزادوں حضرت مولانا خواجہ فیض محمد شاہ جمالی اور خواجہ قمر الدّین شاہ جمالی نے اپنے صوری پیغام (Message Video)کے ذریعے شیخِ طریقت امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا شکریہ ادا کیا اوراپنی نیک خواہشات کا اظہار فرمایا۔
الجامعۃُ الاشرفیہ مبارک پور،ہند کے سینئر استاد حضرت مولانا اعجاز احمد مصباحی کے انتقال پرتعزیت
نَحۡمَدُہٗ وَ نُصَلِّیۡ وَ نُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوۡلِہِ النَّبِیِّ الۡکَرِیۡمِ
سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عُفِیَ عَنۡہُ کی جانب سے شکیل احمد صاحب اور محمد راشد صاحب مبارک پور شریف
اَلسَّلَامُ عَلَیۡکُمۡ وَرَحۡمَۃُاللّٰہِ وَ بَرَکَاتُہٗ !
دعوتِ اسلامی کے مبلّغ اور کابینہ سطح کے ذمّہ دارابوطلحہ عطاری سَلَّمَہُ الْبَارِی نے یہ پیغام دیا کہ آپ کے والدِ محترم حضرت مولانا اعجاز احمد مصباحی 80سال کی عمر میں انتقال فرماگئے۔ اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ ،سوشل میڈیا کے ذریعے یہ بھی معلوم ہوا کہ آپ الجامعۃُ الاشرفیہ کے سینئر استاد تھے،اللہ تعالٰی ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی اور ارشاد فرمایا:)میری معلومات کے مطابق 2 ذوالقعدۃ الحرام 1438ھ کو حضرت کا وِصال ہوااور 2ذوالقعدہ صدرُالشّریعہ،بدرُالطریقہ حضرت علامہ مولانامفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کا یومِ عرس بھی ہے جو زبردست ولیّ اللہ،بہت بڑے عالم، خلیفۂ اعلیٰ حضرت اور محسنِ اَہلِ سنّت تھے جنہوں نے بہارِ شریعت دے کرسنیّوں پر احسان فرمایا۔ اللہ تعالٰی صدرُالشّریعہ پر کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے اور آپ کے والدِ گرامی کو بھی صدرُ الشّریعہ کی بَرَکتیں حاصل ہوں،آپ کو بھی صَبْر اور اَجَر عطا فرمائے۔سب سوگواروں کو میرا سلام کہئے گا اور میری طرف سے تعزیت کا پیغام دیجئے گا۔میں الجامعۃُ الاشرفیہ کے اساتذۂ کرام سے بھی تعزیت کرتا ہوں،حضرت کے تلامذہ (شاگردوں) سے بھی تعزیت کرتا ہوں۔بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
حضرت علامہ مولانا عبدُالھادی قادری رضوی کی عِیادت
نَحۡمَدُہٗ وَ نُصَلِّیۡ وَ نُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوۡلِہِ النَّبِیِّ الۡکَرِیۡمِ
سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عُفِیَ عَنۡہُ کی جانب سے حضرت علامہ مولانا عبدُالھادی قادری رضوی نوری(صوفی نگر ڈربن، ساؤتھ افریقہ)
اَلسَّلَامُ عَلَیۡکُمۡ وَرَحۡمَۃُاللّٰہِ وَ بَرَکَاتُہٗ!
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حاجی عمران کے ذریعے حضور کی علالت کا علم ہوا،یہ بھی پتہ چلا کہ بائی پاس آپریشن کی ترکیب ہے۔حضور صبر کیجئے،ہمّت رکھئے، اللہ کی رحمت پر نظر رکھئے، اِنْ شَآءَ اللہ سب بہتر ہوجائے گا۔(اس کے بعدامیرِاہلِ سنّت نےحضرت کےلئےدعاکی اورکہا:) حضورِ والا! بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں ،صبر و ہمّت سے کام لیجئے گا۔ ہوسکےتو111بار”یَاسَلَامُ“پڑھ کرپانی پردم کرکے روزانہ پی لیں یا کوئی دَم کرکے دے دےتو پی لیں، اپنے اوپر بھی دَم کرلیں یا دَم کروالیں اور وقتاً فوقتاً”یَاسَلَامُ“کاورد کرتے رہیں۔ 1980 میں سیّدی قطبِ مدینہ رحمۃ اللہ تعالی علیہ کے یہاں آپ سے جو ملاقات ہوئی تھی وہ مجھے یاد ہے، اسوقت ہم دونوں نوجوان تھے، اب میں نے بھی بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھا ہوا ہے، اللہ تعالٰی سے عافِیَّت کا سوال ہے۔ میری بےحساب مغفرت و عافِیَّت کے لئے ضرور دعا فرمائیے گا۔سیّدی قطبِ مدینہ کے صدقے، سرکار مفتیٔ اعظم ہندکے صدقے آپ پر کرم ہو، طویل عمر باعافِیَّت پائیں ، خوب خوب قلم چلائیں اور دین کی خدمت کرتے رہیں۔مجھے آپ کے تحریری کام کا پتہ ہے،مکۂ مکرمہ زادھا اللہ شرفا و تعظیما میں ہم آپ کے پاس حاضر ہوئے تھےتو آپ نے کافی بتایا تھا۔یاد پڑتا ہے کہ ایک بار بابُ المدینہ کراچی میں بھی آپ کی زیارت سے مشرف ہوا ہوں،اللہ تعالٰی پھر آپ کی زیارت نصیب کرے۔آپ کے ملنے والوں ،چاہنے والوں کو میرا سلام۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
حضرت مولانا سیّد عبدُالحلیم شاہ کے انتقال پرتعزیت
نَحۡمَدُہٗ وَ نُصَلِّیۡ وَ نُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوۡلِہِ النَّبِیِّ الۡکَرِیۡمِ
حضرت قبلہ مفتی پیر سیّدلقمان شاہ قادری رضوی صاحب مہتمم جامعہ حنفیہ رضویہ چکوال،سیّد محمدسلیم شاہ قادری،سیّد محمد تسلیم شاہ قادری،سیّد محمد نعمان شاہ قادری،
اَلسَّلَامُ عَلَیۡکُمۡ وَرَحۡمَۃُاللّٰہِ وَ بَرَکَاتُہٗ!
آپ کے والدِ محترم حضرت قبلہ سیّدعبدالحلیم شاہ قادری کے انتقالِ پُرمَلَال کی خبر ملی، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ (اس کے بعد امیرِ اَہلِ سنّت نے مرحوم کے لئے دعا ئے مغفرت کی اور کہا:)دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی سنّتوں بھری مدنی تحریک ہے،اس کے ساتھ تعاوُن فرماتے رہئے،مدنی کام کرتے رہئے۔اپنے یہاں کے طَلَبہ اور اپنے عقیدت مندوں کو دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں حصّہ لینے کی تلقین فرماتے رہئے،یہ بھی نیکی کی دعوت ہے، اس کا بھی آپ کو ثواب ملتا رہے گا۔آپ حضرات بھی سنّتوں بھرے اجتماعات میں قدم رنجہ فرمایا کریں۔بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں ،تمام سوگواروں کومیرا سلام اور میری طرف سے تعزیت کا پیغام۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
مفتی پیر سید لقمان شاہ مُدَّظِلُّہ کا جوابی پیغام
اس تعزیتی پیغام کے جواب میں مفتی پیر سیّد لقمان شاہ مُدَّظِلُّہٗ العَالِی نے اپنے صوری پیغام (Message Video) کے ذریعے شیخِ طریقت امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا شکریہ ادا کیا، دعوتِ اسلامی سے محبت کا اظہا رکیا اور مدنی کاموں میں تعاوُن کی نیّت بھی ظاہر فرمائی۔
اس کے علاوہ شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّتدَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے غلام یٰسین عطاری مدنی (ناظمِ مرکزی جامعۃُ المدینہ بابُ المدینہ کراچی) کے والد٭ رکنِ عالمی مجلس مُشاوَرَت اُمِّ وقاص عطاریہ (راولپنڈی) کی والدہ ٭حاجی محمد نجیب(بابُ المدینہ کراچی) کی امّی ٭ محمد موسیٰ (باب المدینہ کراچی)کے بچوں کی امّی ٭عزیز احمد عطاری(دمام،عرب شریف)کے بچوں کی امّی ٭عبدالصّمد عطاری کی والدہ٭ وسیم شاکر عطاری کی مَدَنی مُنّی ٭ محمد شفیع (جوہانسبرگ، ساؤتھ افریقہ) ٭ فیضان عطاری(سردار آباد فیصل آباد)، ٭ اُمِّ ابراہیم عطاریہ (عرب شریف کےدمام ڈویژن کی رکن)اورذاکر حسین(احمد آباد،ہند)کے انتقال پر صوری پیغامات(Video Messages)کے ذریعے لواحقین سے تعزیت فرمائی۔
امیرِ اَہلِ سنّتدَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صوری پیغامات(Video Messages)کے ذریعے حاجی محمو د راجا عطاری، سیّد ساجد شاہ جیلانی اور حافظ سلمان شافعی عطاری کے والدکی عیادت فرمائی نیز محمدشاہدعطاری مدنی(جامعۃ المدینہ،فیضانِ اسلام)کی مَدَنی مُنّی اور عمان کی بنتِ عبدالرزاق عطاریہ کی بیماری پر بذریعہ صوتی پیغام (Audio Message) عِیادت فرمائی ،ان کی ڈھارس بندھائی اور صَبْر و ہمّت کی تلقین فرمائی۔
Comments