اگرمیری دس بیٹیاں بھی ہوتیں تو میں ایک کے بعد دوسری سے تمہارا نکاح کردیتا کیونکہ میں تم سے راضی ہوں۔ (معجم اوسط،ج4،ص322،حدیث:6116) نبیِّ رحمت صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کے یہ اعزازی اور رضامندی کے کَلِمات مسلمانوں کے اس عظیم خیر خواہ، ہمدرد اورغم گُسار ہستی کےلئے ہیں جسے خلیفۂ ثالث(یعنی تیسرے خلیفہ)امیرالمؤمنین حضرت سیّدُنا عثمانِ غنی رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پیدائش و قبولِ اسلام: آپرضیَ اللہُ تعالٰی عنہ عامُ الفِیل(اَبْرَہَہ بادشاہ کے مکّۂ مکرّمہ پر ہاتھیوں کے ساتھ حملے) کےچھ سال بعدمکّۂ مکرّمہ میں پیدا ہوئے۔ (الاصابہ،ج 4،ص377) آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ اُن خوش نصیبوں میں سے ہیں جنہوں نے ابتداہی میں داعیِ اسلام صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کی پکار پر لَبَّیْک کہا۔ (معجم کبیر،ج1،ص85، حدیث:124) اسلام لانےکے بعد چچا حَکَم بن ابو العاص نے آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کو رسیوں سے باندھ دیا اور دینِ اسلام چھوڑنے کا کہا تو آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ نے اسے صاف صاف کہہ دیا: میں دینِ اسلام کو کبھی بھی نہیں چھوڑوں گا اور نہ ہی کبھی اس سے جد ا ہوں گا۔ (تاریخ ابن عساکر،ج39،ص26ملخصاً)حُلیہ مبارکہ: آپرضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کا سینہ چوڑا،قد دَرْمِیانہ کہ زیادہ لمبا نہ زیادہ چھوٹا اور خدوخال حسین تھے جنہیں گندُمی رنگ نےاور پُرکشش (Attractive)بنادیا تھا جبکہ زرد خِضاب میں رنگی ہوئی بڑی داڑھی چہرے پر بہت بھلی معلوم ہوتی تھی۔(تاریخ ابن عساکر ،ج39،ص12) القاب و اِعْزازات: آپرضیَ اللہُ تعالٰی عنہ نے رحمتِ عالَم صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کی دو شہزادیوں رضیَ اللہُ تعالٰی عنہما سے یکے بعد دیگرے نکاح کرکے ذُوالنُّورین (2 نور والے) کا لقب پایا، حضرت سیّدنا لُوط علیہِ السَّلام کے بعد آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ سب سے پہلی ہستی ہیں جنہوں نے رِضائے الٰہی کی خاطر اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ہجرت فرمائی۔(معجم کبیر،ج1،ص90، حدیث: 143) اور ہجرت بھی ایک نہیں بلکہ دو دفعہ کی، ایک مرتبہ حَبْشہ کی طرف تو دوسری بار مدینے کی جانب۔ (تاریخ ابن عساکر ،ج39،ص8) آپرضیَ اللہُ تعالٰی عنہ نے دنیا میں قراٰنِ کریم کی نَشْر و اِشاعت فرما کر اُمّتِ مُسْلِمہ پر احسانِ عظیم کیا اور جامعُ القراٰن ہونے کااِعزازپایا ۔(1)آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ نے زمانۂ جاہلیت میں بھی نہ کبھی شراب(Wine) پی، نہ بدکاری کے قریب گئے،نہ کبھی چوری کی نہ گانا گایا اور نہ ہی کبھی جھوٹ بولا۔ (الریاض النضرۃ،ج2،ص33،تاریخ ابن عساکر،ج 39،ص27،225) سیرتِ مبارَکہ: اَدَب، سَخاوت، خیر خواہی، حیا، سادَگی، عاجِزی، رَحْم دلی، دل جوئی ،فکر ِآخِرت ،اِتِّباعِ سنّت اور خوفِ خدا آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کی سیرتِ مبارکہ کے روشن پَہلو ہیں۔ اَدَبِِ رسول: ایساتھا کہ جس ہاتھ سے رحمتِ عالم صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کے دستِ حق پرست پر بَیعت کی اس ہاتھ سے کبھی اپنی شَرْم گاہ کو نہیں چُھوا۔(معجم کبیر،ج1،ص85، حدیث:124) سخاوت: ایسی کہ غزوۂ تبوک کے موقع پر مسلمانوں کی بے سروسامانی کو دیکھتے ہوئے پہلی دفعہ ایک سو (100) اونٹ (Camel)، دوسری مرتبہ دوسو (200) اونٹ اور تیسری بار تین سو (300) اونٹ دینے کا وعدہ کیا۔(ترمذی،ج5،ص391، حدیث:3720 ملخصاً) مگر حا ضِر کرنے کے وَقت آپ نے 950 اُونٹ، 50گھوڑے اور 1000 اشرفیاں پیش کیں، پھر بعد میں 10 ہزار اشرَفیا ں اور پیش کیں۔ (مراٰۃ المناجیح،ج 8،ص395) خیر خواہی: ایسی کہ ہر جُمُعہ (Friday)کو غلام آزاد کیا کرتے، اگر کسی جمعہ ناغہ ہوجاتا تو اگلے جمعہ دو غلام آزاد کرتے تھے۔ (تاریخ ابن عساکر، ج39،ص28) با حیا:ایسے کہ بند کمرے میں غُسْل کرتے ہوئےنہ اپنے کپڑے اتارتے اور نہ اپنی کمر سیدھی کر پاتے۔ (حلیۃ الاولیاء، ج1،ص94) لباس میں سادَگی: ایسی کہ مال و دولت کی فَراوانی کے باوجود جمعہ کے دن مِنبر پر خُطبہ دیتے ہوئے بھی چار(4) یا پانچ (5) درہم کا معمولی تہبندجسم کی زِینت ہوتا۔ (معرفۃ الصحابہ،ج1،ص79) کھانے میں سادگی: ایسی کہ لوگوں کو امیر وں والا کھانا کھلاتے اور خود گھر جا کر سِرکہ اورزیتون(Olive) پر گُزارہ کرتے۔ (الزہدلامام احمد، ص 155،رقم: 684) عاجِزی: ایسی کہ خلافت جیسے عظیم منصب پر فائز ہونے کے باوجودخچّر پر سُوار ہوتے تو پیچھے غلام کو بٹھانے میں کوئی عار (شرم) مَحسوس نہ کرتے۔(الزہد لامام احمد ،153،رقم: 672 ماخوذاً) رَحْم دلی: ایسی کہ خادِم یا غلام کے آرام کا خیال فرماتے اور رات کے وقت کوئی کام پڑتا تو خادموں کوجگانا مناسب خیال نہ کرتے اور اپنا کام اپنے ہاتھ سے کرلیتے تھے۔ (تاریخ ابن عساکر ،ج 39،ص236) دل جوئی: کی ایسی پیاری عادت کہ ایک مرتبہ حضرت مُغِیرہ بن شُعبہ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کے غلام کا نکاح ہوا تو اس نے آپ کو شرکت کی دعوت دی۔ آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ تشریف لائے اور فرمایا: میں روزے سے ہوں مگر میں نے یہ پسند کیا کہ تمہاری دعوت کو قبول کروں اور تمہارے لئے برکت کی دعا کروں۔ (الزہدلامام احمد، ص156، رقم:689)عبادت گزار:ایسے تھے کہ رات کے ابتدائی حصّے میں آرام کرکےرات بھر عبادت کرتے رہتے جبکہ دن نفلی روزے میں گزرتا۔ (الزہدلامام احمد، ص156،رقم: 688) تلاوتِ قراٰن کے عاشق: ایسے کہ ایک رکعت میں ختمِ قراٰن کرلیتےتھے۔(معجم کبیر،ج 1،ص87،حدیث:130) خود فرمایا کرتے تھے: اگر تمہارے دل پاک ہوں تو کلامِ الٰہی سے کبھی بھی سیر نہ ہوں۔ (الزھد لامام احمد ، ص 154، رقم:680) عَشَرۂ مُبَشَّرہ (دس جنتی صحابہ) میں شامل ہونے کے باوجود فکرِ آخرت: ایسی کہ جب کسی قبرکے پاس کھڑے ہوتے تواِس قَدَر روتے کہ آنسوؤں سے آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کی رِیش(یعنی داڑھی) مبارَک تَر ہو جاتی۔ ( ترمذی،ج 4،ص138، حدیث:2315)اتباعِ سنّت کا جذبہ: ایسا کہ مسجد کے دروازے پر بیٹھ کر بکری کی دَستی کا گوشت منگوا یا اور کھایا اور بِغیرتازہ وُضو کئے نَماز اداکی پھر فرمایا کہرسول اللہ صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم نے بھی اِسی جگہ بیٹھ کر یِہی کھایا تھا اور اِسی طرح کیا تھا۔ (مُسندِ احمد ،ج1،ص137، حدیث:441ملخصاً) خوفِ خدا: ایسا کہ ایک بار اپنے غلام سے فرمایا: میں نے ایک مرتبہ تمہارا کان کھینچا تھا ،تم مجھ سے اس کا بدلہ لے لو،اس نے کان پکڑا تو فرمایا: زور سے کھینچو ،پھر فرمایا:کتنی اچھی بات ہےکہ قِصاص کا مُعامَلہ دنیا ہی میں ہے، آخرت میں نہیں۔(الریاض النضرۃ،ج2،ص45)دورِ خلافت: آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ یَکُم محرّم الحرام 24 ہجری کو مَسندِ خِلافت پر فائز ہوئے۔آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ کے دورِ خلافت میں اَفریقہ، ملکِ روم کا بڑا عَلاقہ اور کئی بڑے شہر اسلامی سلطنت کا حصہ بنے۔ 26 ہجری میں مسجدِ حرام کی توسیع جبکہ 29 ہجری میں مسجدِ نَبَوی شریف کی توسیع کرتے ہوئے پتھر کے ستون اور ساگوان کی لکڑی کی چھت بنوائی۔ (تاریخ الخلفاء،122تا 124ملخصاً) وصال مبارک: آپ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہنےبارہ سال خلافت پر فائز رہ کر 18 ذُوالحجۃ الحرام سن 35 ہجری میں بروزِ جمعہ روزے کی حالت میں تقریباً 82 سال کی طویل عمر پاکر نہایت مظلومِیَّت کے ساتھ جامِ شہادت نَوش فرمایا۔جنّت کے دولہا :شہادت کے بعد حضرت سیّدنا عبد اللہ بن عباسرضیَ اللہُ تعالٰی عنہمانے رحمتِ عالم صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کو خواب میں فرماتے ہوئے سنا: بیشک! عثمان (رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ)کو جنّت میں عالیشان دولہا بنایا گیا ہے۔ (الریاض النضرۃ ،ج2،ص67)
آفتابِِ نَبُوّت، ماہتابِ رسالت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی صحبت کا شَرَف پانے والے روشن ستاروں میں سے ایک حضرت سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ بھی ہیں۔آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ جلیلُ القدر صحابہ میں سے ہیں، آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ سن 7 ہجری فتح خیبر کے سال ایمان کی دولت سے مشرف ہوئے۔ نام وکنیت: آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کا نام عَبْدُ الرَّحْمٰن بن صَخْر دَوسی تمیمی ہے جبکہ بعض علما نے عبداللہ بھی نقل فرمایا ہے۔ آپ کی والدہ حُضور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دعا کی بدولت ایمان لائیں۔ ایک بار سرکارِ نامدار صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی آستین میں چھوٹی بلی ملاحظہ کی تو فرمایا:یَا اَبَا ہُرَیْرَۃ یعنی اے چھوٹی بلی والے، تب سے اس کُنْیَت (یعنی ابوہریرہ) سے مشہور ہوتے چلے گئے، آپ نبیِّکریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کثیر احادیث روایت کرنے والے صحابی ہیں، چنانچہ آپ نے 5374 احادیث روایت کیں۔(عمدۃ القاری،ج1،ص194،تحت الحدیث:9،ملخصاً) شوق ِعلم:آپ کا عِلمِ دین سے شَغَف کا عالَم یہ تھاکہ جو بات معلوم نہ ہوتی حُضُورِاکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بلا جھجک پوچھ لیا کرتے۔ (الاصابہ،ج7،ص354) نیز اپنا زیادہ سے زیادہ وقت نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی صحبتِ بابرکت میں گزارتے۔(اسد الغابۃ ،ج 6،ص338) لاجواب حافظہ :آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں ایک مرتبہ میں نے بارگاہِ رسالت میں عرض کی: یارسولَ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم! میں آپ سے فرامین سنّتا ہوں مگر بھول جاتا ہوں؟ ارشاد فرمایا: ابوہریرہ! اپنی چادر پھیلاؤ، میں نے پھیلا دی تو مالِکِ جنّت، قاسِمِ نعمت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے دستِ رحمت سے چادر میں کچھ ڈال دیا اور فرمایا: اِسے اٹھالو اور سینے سے لگا لو! میں نے حکم کی تعمیل کی، اِس کے بعد میں کوئی بھی چیز نہیں بُھولا۔(بخاری،ج1،ص62، حدیث: 119- بخاری، ج2،ص94، حدیث: 2350،ملخصاً) شوقِ تلاوت: حضرت ابو المُہَزِّم رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کہتے ہیں کہ ہم حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے پاس صبح اور رات کو آتے تو آپ ہمیں قراٰنِ کریم پڑھ کر سناتے تھے۔(الزھد لامام احمد بن حنبل، ص 176، حدیث:832) ذکرُ اللہ کی کثرت: آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کا معمول تھا کہ روزانہ بارہ ہزار بار اللہ عَزَّوَجَلَّ سے توبہ واِسْتِغْفَار کرتے۔(معرفۃ الصحابہ،ج3،ص319، رقم:4780) نیز آپ کے پاس ہزار گِرہیں لگا ہوا ایک دھاگا تھا جس پر تسبیح پڑھے بغیر نہیں سوتے تھے۔(صفۃ الصفوۃ ، ج1،ص351) ہر مہینے تین روزے: آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ ہرمہینے کے آغاز میں تین روزے رکھتے اور اگر کسی وجہ سے نہ رکھ پاتے تو مہینے کے آخرمیں تین روزے رکھ لیتے۔ (ماخوذ اَز مسند احمد،ج3،ص268، حدیث:8641) خوفِ خدا: حضرت سیّدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے خوفِ خدا کا یہ عالَم تھا کہ اپنے مرَضِ وِصال میں فرمایا:میں صبح ایسی دُشوار گزار گھاٹی پر گامزن ہوں گا جو جنّت میں پہنچائے گی یا جہنّم میں اُتارے گی اور میں نہیں جانتا کہ میرا ٹھکانہ ان دونوں میں سے کہاں ہوگا۔(طبقات ابن سعد،ج 4 ،ص253، ملخصاً) سفرِ آخرت: آپ کی وفات (مختلف روایات کے مطابق) 57، 58 یا 59 ہجری میں ہوئی۔(معرفۃ الصحابہ،ج3،ص315) بوقتِ وصال آپ کی عمر 78 برس تھی۔(تاریخِ مدینہ دمشق،ج 67،ص390) آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کو مدینہ منورہ کے قبرستان جنّت البقیع میں دفن کیا گیا۔اللہ عَزَّوَجَلَّ کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت ہو۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments