صبروشکرکرنے والی خاتون

حَفْن(صوبہ المنیا)قدیم تاریخی شہر ہے جو ہزاروں برس سے مصر(Egypt) میں دریائے نیل کے مشرقی کنارے پر واقع ہے۔ یہاں ایک قِبطی بادشاہ کی حکومت تھی۔ حضرتِ سیدتنا ہاجَرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا اسی قبطی بادشاہ کی صاحب زادی تھیں۔(نزہۃ القاری،ج 3،ص546،  ملخصاً)

جب حضرت سیّدنا ابراہیم علیہِ الصَّلوۃ والسَّلام نے بابل سے ہجرت کرنے کے بعد مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے فلسطین میں آ کر مستقل سُکُونت اختیار فرمائی تو یہیں زَوجَۂ محترمہ حضرتِ سیّدتُنا سارہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کی درخواست پر آپ علیہِ الصَّلوۃ  والسَّلام نے حضرتِ سیدتنا ہاجرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کو اپنی زوجِیّت میں قبول فرمایا اور فلسطین میں ہی حضرت ہاجرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کے بَطْن پاک سے حضرت سیدنا اسماعیل ذَبِیْحُ اللہ علیہِ الصَّلوۃ والسَّلام کی ولادت ہوئی۔ (تاریخ طبری،ج 1،ص310، ملخصاً)

اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رضا پر راضی رہنا:حضرت سیِّدتنا بی بی ہاجرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا نے اپنی پوری زندگی صبر واِسْتِقلال اور ہمت وجُرأت کا پیکر بن کر بسَر کی۔ حضرت سیدنا اسماعیل علیہِ الصَّلوۃوالسَّلام ابھی دودھ پینے کی عمر میں تھے کہ  حضرت سیّدنا ابراہیم  علٰی نَبِیِّنَاوعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم سے حضرت ہاجرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کو سَرزمین حرم میں چھوڑ آئے، اس وقت نہ یہاں کوئی آبادی تھی نہ کوئی چشمہ نہ پانی، آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کے پاس تھوڑی سی کھجوریں اور پانی تھا، آپ صبر وشکْر کرتے ہوئے اللہ  عَزَّوَجَلَّ کی رضا پر راضی رہیں اور قطعاً زبان پر کوئی شکایت نہ لائیں۔

زم زم کیسے نکلا؟: جب آپ کے پاس موجود پانی ختْم ہو گیا اور پیاس کی شِدّت بڑھی اور صاحِبزادے حضرت سیّدنا اسماعیل علیہِ الصَّلوۃ والسَّلام کا حَلْق شریف بھی پیاس سے خشک ہو گیا تو آپ پانی کی تلاش میں صفا ومروہ کے درمیان سات مرتبہ  دوڑیں کہ شاید کوئی  نظر آجائے (جو پانی  دے سکے) یہاں تک کہ فِرِشتے کے پَر مارنے سے(بخاری،ج2،ص424،حدیث:3364ملخصاً) یا حضرت اسماعیل علیہِ الصَّلوۃوالسَّلام کے قدم مُبَارَک سے اس خشک زمین میں ایک چشمہ نمودار ہو گیا جس کا نام زمزم ہے۔(تفسیرطبری، پ13، ابراھیم،تحت الآیۃ:37،ج7،ص462)

لختِ جگر کی قربانی پر ثابت قدمی:اسی طرح جب حضرت ابراہیم علیہِ الصَّلوۃوالسَّلام اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم سےاپنے سات سالہ پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہِ الصَّلوۃوالسَّلام کوقربان کرنے کیلئے لے کر چلےتو شیطان نے کئی مرتبہ انہیں روکنے کی کوشش کی مگر ہر بار ناکام ہوا پھر حضرت ہاجرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کے پاس آیا اور انہیں اس بارے میں بہکانے کی کوشش کی لیکن آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا نے کمال ہمت اور حوصَلہ مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر ایسا ہے (یعنی حضرت ابراہیم علیہِ الصَّلوۃوالسَّلام کو اللہ تعالٰی نے بیٹے کی قربانی کا حکم دیا ہے) تو انہوں نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی اطاعت (فرمانبرداری) کر کے بہت اچھا کیا۔(مستدرک للحاکم،ج3،ص426، حدیث:4094 ملتقطاً)

حضرت بی بی ہاجرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کی پاکیزہ زندگی میں اسلامی بہنوں کے لئے صبر وشکر، رضائے الٰہی پر راضی رہنے، شکوہ وشکایت سے بچنے جیسے کئی مدنی پھول موجود ہیں۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ اسلافِ کرام کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

صبروشکرکرنے والی خاتون

حالتِ حیض  میں احرام کی نیت

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس بارے میں کہ اگر کوئی عورت پاکستان سے عمرہ پر جانے کا ارادہ رکھتی ہے تو جس وقت روانگی ہو اس دن وہ حیض کی حالت میں ہو تو کیا کیا جائے؟کیا احرام اس حالت میں باندھا جا سکتا ہے؟نیز اسی حالت میں غُسْل کیا جائے گا جیساکہ عام حالت میں بھی غسل کرکے احرام باندھا جاتا ہے اس بارے میں رہنمائی فرمائیں ؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

حالتِ حیض میں بھی احرام کی نیّت(Intention) ہوسکتی ہے اور جو عورت عمرہ کے لئے ہی پاکستان سے سفر کررہی ہے اس پر لازم ہے کہ احرام کے بغیر مِیقات سے نہ گزرے ،اور حالتِ حیض میں ہونا، احرام سے  مانِع نہیں ہے،اور حالتِ حیض یا نِفاس والی عورت کو بھی حُکم ہے کہ احرام سے پہلے غسل بھی کرے کیونکہ یہ غسل طَہارت کے لئے نہیں ہے بلکہ صفائی، سُتھرائی اور اپنے آپ سے بدبو کو دور کرنے کے لئے ہے ۔

اس حالت میں چونکہ عورت پر قراٰن کی تلاوت کرنا، نماز پڑھنا ،مسجِد میں جانا ،طواف کرنایہ سب کام حرام ہیں لہٰذا وہ عورت احرام کی نیّت ضرور کرے گی اور احرام کی تمام پابندیوں کا بھی خَیال رکھے گی،لیکن مکّۂ مُکرّمہ پَہُنچ کر بھی جب تک حیض کی حالت رہے وہ مسجدمیں نہیں جائے گی بلکہ ہوٹل میں ہی  پاک ہونے کا انتظا ر کرے گی، جب حیض خَتم ہوجائے تو پھر پاکی کے لئے غسل کرے اور پھر طواف اور دیگر مناسکِ عُمرہ ادا کرے ۔

ہاں البتہ اس حالت میں تلاوتِ قراٰن کے علاوہ تسبِیحات، دُرُود شریف ،ذِکرُاللہ،وغیرہ کرنا مَنْع نہیں ہے،اس کی اجازت ہے  بلکہ جتنے دن ایسی  حالت میں رہے تو یہ اعمال بجالاتی رہے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ثواب کا ذخیرہ حاصل ہوگا ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم

مُجِیْب

 

مُصَدِّق

ابوحذیفہمحمدشفیق عطاری مدنی

 

ابوالصالح محمد قاسم القادری

حالتِ احرام  میں اگر پاؤں کی

 اُبھری ہوئی ہڈی چھپ جائے تو؟

سوال:کیافرماتے ہیں عُلمائے دین و مُفتیانِ شرعِ متین اس بارے میں کہ عورت کے پاؤں کی اُبھری ہوئی ہڈّی حالتِ احرام میں چُھپ جانےمیں شَرْعاًکوئی حَرَج ہے یانہیں؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

عورت کے پاؤں کی ہڈّی چُھپ جانے میں کوئی حرج نہیں کہ عورت کااحرام فَقَط چہرے میں ہے یعنی چہرہ نہیں ڈھانپے گی۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسلَّم

کتبــــــــــــــــــــــــــہ

محمد ہاشم خان العطاری المدنی


Share

Articles

Comments


Security Code