حج ایک اَہم عبادت ہے چونکہ اس کے اَفعال کی ادائیگی چند مخصوص مقامات اور ا یّام میں ہوتی ہے۔ اس کے اَفعال میں بھول اور غلَطِیوں کا امکان بہت بڑھ جاتا ہےیہی مُعاملہ عمرے میں ہوتا ہے لہٰذا حج و عمرہ کی سعادت پانے والوں کے لئےشَرْعی مسائل سیکھنا اور ان کو یاد رکھنابے حد ضروری ہے، زہے نصیب کہ عُلمائے اہلِ سنّت سے حج اور عمرہ کے معمولات عمَلی طور پر سیکھ لئے جائیں۔
شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی شخصیت بلاشبہ تقویٰ، عشقِ مصطفےٰ اور عِلْم و عمل کا حسین مجموعہ ہے۔امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے قراٰن و سنّت اور فُقَہائے کرام کی تَحقیقات کے ساتھ ساتھ اپنے مُشاہَدے اور تجرِبے کی روشنی میں حج وعمرہ کے شرعی مسائل پر مشتِمل کتاب بنام ”رَفِیْقُ الْحَرَمَیْن“ مُرتَّب فرمائی ہے جو برسوں سے ہزاروں کی تعداد میں شائع ہورہی ہے اور اس کی مقبولیت کا عالَم یہ ہے کہ اردو کے علاوہ انگلش،سندھی، ہندی، گجراتی اور بنگلہ زبان میں بھی اس کا تَرجَمہ ہوچکا ہے۔
اللّٰہ تعالٰی نے امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو یہ صلاحیت عطا فرمائی ہے کہ پیچیدہ (Complicated)مسائل کو قلم و زبان کے ذریعے اس طرح سمجھاتے ہیں کہ معمولی سمجھ بُوجھ رکھنے والا بھی سمجھ سکتا ہے۔ اسی طرزِ تحریر کو ”رَفِیْقُ الْحَرَمَیْن“ میں دیکھا جاسکتا ہے جس میں حج وعمرہ کے مسائل سادہ اور عام فہم انداز میں تحریر کئے گئے ہیں۔
اس کتاب کی ایک نمایاں خُصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں جدید مسائل کا اِضافہ اور جگہ جگہ اَہم احتیاطیں مذکور ہیں یوں کہا جاسکتا ہے کہ”رَفِیْقُ الْحَرَمَیْن“اپنے موضوع پر ایک جامع تالیف ہے جو قاری (پڑھنے والے) کی علمی پیاس دور کرتی ہے۔
چونکہ یہ کتاب ایک عاشقِ مدینہ کے مبارک قلم سے نکلی ہے اس لئے سَطر سَطر سے مَحبَّت کی مَہَک ملے گی۔ حج وعمرہ کے مسائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقانِ رسول کے لئے مَقاماتِ مُقدَّسہ کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ مکّۂ مکرّمہ اور مدینۂ مُنوَّرہ کی زیارتیں الگ سے دَرْج کی گئی ہیں۔ مُوَاجَہہ شریف کی وضاحت امامِ اَہلِ سنّت علیہ الرَّحمہ کی تَحقیق کے مطابق بیان کی گئی ہے۔ اسلامی بہنوں اور بچوں کے مسائل کو علیٰحدہ عنوان دیاگیا ہے۔ حسبِ موقع زائرینِ حرمین کے مختلف واقعات بھی شامل کئے گئے ہیں تاکہ ذوق و محبَّت میں مزید اضافہ ہو۔ مختلف مَراحل کی دعائیں بھی کتاب کی زینت ہیں۔ یوں تو پوری کتاب ہی قابلِ مُطالَعہ ہے۔ لیکن آخر میں سُوال جواب کی صورت میں مذکور مسائل حاجی کی کئی اُلجھنوں(Confusions) کو دُور کرنے میں بہت مُعاوِن ہیں۔
ماخَذ و مَراجِع کی فِہرست(Index) سے پتا چلتا ہے کہ اس کتاب کی تیاری کے لئے تقریباً58 کُتبِ احادیث و فِقہ اور ان کی شُرُوحات سے اِسْتِفادہ کیا گیا ہے۔ اس کتاب کو مکتَبۃ المدینہ سے ہَدِیَّۃً خرید کر خود پڑھئے اورعازِمینِ حج کو تحفے میں پیش کیجئے نیز اس کتاب کو دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے پڑھا اور ڈاؤن لوڈ (Download) بھی کیا جاسکتا ہے۔
www.dawateislami.net
Comments