Book Name:Farooq e Azam ki Ajziyan

فاروقِ اعظم کی عاجزیاں

پیارے اسلامی بھائیو! ہم نے حضرت مولیٰ علی رَضِیَ  اللہُ عنہ کا فرمانِ ذیشان سُنا، آپ کی تمنّا تھی کہ میرا اَعْمال نامہ بھی ایسا ہی ہو، جیسا حضرت فاروقِ اعظم رَضِیَ  اللہُ عنہ کا ہے۔ کاش! یہ خُوبصُورت تمنّا ہمیں بھی نصیب ہو جائے، کاش! ہم بھی حضرت فارُوقِ اعظم رَضِیَ  اللہُ عنہ کے نقشِ سیرت پر چلنے والے، آپ جیسے اَخْلاق و کردار اپنانے والے بن جائیں۔

یقیناً اس کام کیلئے حضرت فارُوقِ اعظم رَضِیَ  اللہُ عنہ کی سیرتِ پاک کو پڑھنا، اس سے روشنی لینا بہت ضروری ہے۔ الحمد للہ! دعوتِ اسلامی کے علمی و تحقیقی شعبے المدینۃ العلمیہ (اسلامِک ریسرچ سنٹر) نے آپ کی سیرت پر بہت جامِع کتاب؛فیضانِ فاروقِ اعظم لکھی ہے، 2 جلدوں پر مشتمل کافِی بڑی کتاب ہے۔ مکتبۃ المدینہ سے مِل سکتی ہے، اسے خرید لیجئے! یا پِھر دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.netسے ڈاؤنلوڈ کر لیجئے! اسے پڑھیئے! دوسروں کو بھی ترغیب دِلائیے اور اس ذریعے سے حضرت فاروقِ اعظم رَضِیَ  اللہُ عنہ کی سیرت، آپ کے اَخْلاق، کردار، عادات کی معلومات لے کر، ان پر عَمَل کرنے کی کوشش فرمائیے!

بیشک مئے توحید سے سرشار عمر ہیں                                 ہے سب کو پتہ پر تَوِ سرکار عمر ہیں

سیرت میں نمایاں ہیں شہِ دین کے جلوے  اخلاص کا پیکر ہیں! وفادار عمر ہیں

وضاحت:بیشک فارُوقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عنہ اللہ پاک کی توحید میں ڈوبے ہوئے، اخلاص و وفا کے پیکر، سنّتوں کے ایسے پابند ہیں  کہ آپ کی سیرت مُبارَکہ میں پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی زندگی کے جلوے نظر آتے ہیں، جبھی تو سبھی کو پتہ ہے کہ آپ نبی پاک صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا عکس ہیں ۔