Book Name:Dawateislami Faizan e Raza Hai
کس کی مجال ہے کہ نظر بھی مِلا سکے دربارِ مصطفیٰ میں ٹِھکانا رضا کا ہے
اس دورِ پُرفتن میں نظؔر خوش عقیدگی سرکار کا کَرم ہے وسیلہ رضا کا ہے
وضاحت:واہ سُبْحٰنَ اللہ!اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کا سراپا مُبارَک کیا ہے...! ایک نورانی جلوہ ہے، چہرہ مُبارَک دیکھو !سنّیت اور عشقِ رسول کی تصویر نظر آتی ہے، اِن کو دربارِ مصطفےٰ میں بڑا مَقام حاصل ہے، لہٰذا کسی کو اِن کے سامنے سر اٹھانے کی مَجَال نہیں، اگر آج ہمیں سچّا عقیدہ حاصل ہے تو یہ پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے کرم سے اور اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے وسیلہ سے حاصل ہے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
دِیدارِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم حق ہے
پیارے اسلامی بھائیو! حدیثِ پاک میں ہے: رسولِ خُدا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: مَنْ رَاٰنِي فِي الْمَنَامِ فَقَدْ رَاٰنِي ، فَاِنَّ الشَّيْطَانَ لا يَتَمَثَّلُ بِمِثْلِي ْیعنی جس نے خواب میں مجھے دیکھا، اُس نے مجھے ہی دیکھا، بیشک شیطان (خواب میں بھی) میری مثل بن کر (یعنی میری شکل و صورت اختیار کر کے )نہیں آ سکتا۔ ([1])
اِس حدیثِ پاک سے ثابِت ہے کہ آج بھی اگر کسی خوش نصیب پر کرم ہو، پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم خواب میں تشریف لائیں تو وہ حقیقت میں آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی زِیارت کا شرف پاتا ہے اور آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم خواب میں جو فرمائیں، وہ یقیناً حق، حق اور حق ہی ہوتا ہے۔ ہاں!اِس کی درست تعبیر سمجھنا ضروری ہے۔