Ala Hazrat Ki Pyari Adatein

Book Name:Ala Hazrat Ki Pyari Adatein

کبھی غور فرمائیے! یہ جو ہمارے موبائل میں اتنے سارے نمبر سیو ہیں، ان میں * ہمارے بھائیوں کے نمبر ہیں * عزیز رشتے داروں(Relatives)کے نمبر ہیں * دوست اَحْبَاب کے نمبر ہیں، کیا کبھی ہم نے اِن لوگوں کے لئے بھی دُعا کی ہے...؟ کیا کبھی دُعا کے وقت اِن لوگوں کا خیال ہمیں آیا ہے؟ یہ زیادہ دُور کی بات نہیں کر رہا، یہ وہ لوگ ہیں جن کے ساتھ ہمارا کہیں نہ کہیں تعلق ہے یا رہا تھا۔ ہم اِن کے لئے بھی دُعا نہیں کرتے، اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی شان دیکھئے! آپ نے اپنے عزیزوں، دوستوں یہاں تک کہ اپنے مریدوں کے ناموں کی بھی ایک لسٹ بنائی ہوئی ہے اور قربان جائیے! فرماتے ہیں: یہ سارے نام مجھے زبانی یاد ہیں اور میں روزانہ نام لے لے کر ان کے لئے دُعائیں کرتا ہوں۔

مسلمانوں کے لئے دُعا کیا کیجئے!

پیارے اسلامی بھائیو! ہمیں بھی چاہئے  کہ ہم اپنے مسلمان بھائیوں کے لئے دُعائیں کیا کریں، اس کی عادَت بنائیں۔ ہمارےآقا ومولیٰ، مُحَمَّد مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: جو مسلمان مردوں اور عَوْرَتوں کے لئے دُعائے مغفرت کرے، اللہ پاک اُسے ہر مسلمان مرد اور عَوْرَت کے عِوَض ایک نیکی عطا فرمائے گا۔([1])

سُبْحٰنَ اللہ!اندازہ کیجئے!حضرت آدم عَلَیْہ ِالسَّلام  سے لے کر اب تک اربوں، کھربوں مسلمان دُنیا میں آچکے ہیں، صِرْف اتنی دُعا کرنی ہے: اَللّٰہُمَّ اغْفِرْ لِیْ وَ لِکُلِّ مُؤْمِنٍ وَ مُؤْمِنَۃٍ (یااللہ پاک! میری اور تمام مسلمان مردوں و عَوْرَتوں کی مغفرت فرما) اِس کی برکت سے اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم!اربوں کھربوں نیکیاں ہاتھ آجائیں گی۔ اللہ پاک توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم۔


 

 



[1]...جامع صغیر، صفحہ:513، حدیث:8419۔