Gunnah Chorne Ka Inaam

Book Name:Gunnah Chorne Ka Inaam

حیاء ایمان سے ہے

پیارے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے! باحیا نوجوان خوفِ خُدا اور گُنَاہوں سے نفرت کی برکت سے بُرے کام سے محفوظ رہ گیا۔ اس سے معلوم ہوا؛ گُنَاہوں سے بچنے میں حیا کا بہت زیادہ عَمَل دَخل ہے۔ اللہ  پاک حیا کی دولت عطا فرمائے تو آدمی گُنَاہ پر قادِر ہونے کے باوُجُود برائیوں سے بچنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ کاش! ہمیں بھی یہ دولت نصیب ہو جائے، کاش! اللہ  پاک کا ڈَر، اس کی بارگاہ میں حاضِری کا خوف اور حیا نصیب ہوجائے۔ حدیث شریف میں ہے:حیاء ایمان سے ہے۔([1])ایک اور حدیث شریف میں فرمایا: بے شک حیاء اور ایمان دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیں جب ایک اُٹھ جائے تو دوسرا بھی اٹھا لیا جاتا ہے۔([2])

ویلنٹائن ڈے یعنی بےحیائی کا دِن

اللہ  پاک ہمیں حیا کی دولت نصیب فرمائے۔ آج کل حالات بہت بُرے ہو چکے ہیں، حیا تو گویا آہستہ آہستہ ختم ہی ہوتی جا رہی ہے، مثلاً  14 فروری کے دِن ویلنٹائن ڈے کے نام پر ایسی بےحیائیاں ہوتی ہیں کہ اَلْاَمَان ْوَالْحَفِیْظ...!! لڑکے لڑکیاں آپس میں ملتے ہیں*محبتوں کے اظہار ہوتے ہیں*تحفوں کا لین دَین ہوتا ہے اور مَعَاذَ اللہ ! خُوب فحاشی کے مظاہرے ہوتے ہیں*شرابیں پی جاتی ہیں اور نہ جانے کیا کیا گُل کھلائے جاتے ہیں۔ اللہ  پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے، پیارے اسلامی بھائیو! یقین مانیئے! بےپردگی، لڑکے لڑکیوں کی یُوں بےحیائی سخت کبیرہ گُنَاہ ہے، اللہ  پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:

قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْؕ (پارہ:18، سورۂ نور:30)

تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: مسلمان مردوں کو حکم دو کہ اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں ۔


 

 



[1]... بخاری، کتاب الایمان، باب الحیاء من الایمان، صفحہ:76، حدیث:24۔

[2]... مستدرک، کتاب الایمان، جلد:1، صفحہ:176، حدیث:66۔