Islam Mein Mazdoron Ke Huqooq

Book Name:Islam Mein Mazdoron Ke Huqooq

مزدُوروں کو کم مت سمجھئے...!!

مگر افسوس...!! آج ہمارے مُعَاشرے میں بھی یہ غیر مُسْلِم رَویّہ پروان چڑھ رہا ہے، لوگ مزدوروں کو، محنت کشوں کو، غریبوں کو کَمْ سمجھنے لگ گئے ہیں، انہیں حَقارت کی نگاہوں سے دیکھنے لگے ہیں۔ بعض دفعہ *  اَوباش قسم کے نوجوان ان پر جملے کَستے ہیں*ان کے کپڑوں کے مُتَعَلِّق*ان کے لائِف اسٹائِل (Lifestyle)کے مُتَعَلِّق ان کو طعنے دئیے جاتے ہیں*غریب غریب کہہ کر ان کا مذاق اُڑایا جاتا ہے۔ اَسْتَغْفِرُ اللہ! یہ بہت بُری بات ہے، بہت ہی بُری بات ہے۔ ایسے انداز سے یقیناً ان کا دِل دُکھتا ہو گا اور یاد رکھ لیجیے ! مسلمان بندے کا دِل دُکھانا گُنَاہِ کبیرہ حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔([1]) پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  نے فرمایا: مَنْ اٰذٰی مُسْلِمًا فَقَدْ اٰذَانِیْ جس نے کسی مسلمان کو تکلیف دی، اس نے مجھے تکلیف دی وَ مَنْ اٰذَانِیْ فَقَدْ اٰذَی اللہَ اور جس نے مجھے تکلیف دِی(گویا) اس نے اللہ پاک کو تکلیف پہنچائی۔ ([2])

خدایا! کسی کانہ دل میں دکھاؤں   اماں تیرے اَبَدی عذابوں سے پاؤں

اس شان کے سودے میں خسارے نہیں ہوتے

پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کا پیارا پیارا اندازِ مُبارَک دیکھئے! اللہ پاک نے قرآنِ کریم میں آپ کو حکم دیا:

وَ اصْبِرْ نَفْسَكَ مَعَ الَّذِیْنَ یَدْعُوْنَ رَبَّهُمْ بِالْغَدٰوةِ وَ الْعَشِیِّ یُرِیْدُوْنَ وَجْهَهٗ (پارہ15،سورۂ کہف:28)

تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان:اور اپنی جان کو ان لوگوں کے ساتھ مانوس رکھ جو صبح وشام اپنے ربّ کو پکارتے ہیں اُس کی رِضا چاہتے ہیں۔


 

 



[1]... غیبت کی تباہ کاریاں، صفحہ:444۔

[2]... معجم اوسط، جلد:2، صفحہ:386، حدیث:3607۔