حضرت یوسف بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما

کم سن صحابہ کرام

حضرت یوسف بن عبداللہ    رضی اللہُ عنہما  

*مولانا اویس یامین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2025ء

کم عمری میں جن بچوں کو اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے صحابی ہونے کا شرف حاصل ہوا اُن میں حضرت یوسف بن عبداللہ    رضی اللہُ عنہما   بھی شامل ہیں، حضرت یوسف بن عبداللہ    رضی اللہُ عنہما    کا شمار کم سِن صحابہ میں ہوتا ہے، آپ صحابیِ رسول حضرت عبدُاللہ بن سلام کے بیٹے اور اللہ پاک کے نبی حضرت یوسف بن یعقوب  علیہما الصّلوٰۃُوالسّلام  کی اولاد سے ہیں۔([1])

حُضورِ اکرم   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے نام رکھا اور سر پر ہاتھ پھیرا:

 آپ  رضی اللہُ عنہ  فرماتے ہیں کہ رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے میرا نام یوسُف رکھا، مجھے اپنی گود مبارک میں بٹھایا اور میرے سر پر ہاتھ پھیرا۔([2])

روایات:

آپ سے 3 احادیثِ مبارکہ مروی ہیں۔([3])

حضور انور کو جَو کی روٹی کے ساتھ کھجور کھاتے دیکھا

آپ  رضی اللہُ عنہ  فرماتے ہیں کہ میں نے نبیِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو دیکھا کہ آپ نے جَو کی روٹی کا ٹکڑا لیا اور اُس پر کھجور رکھی اور فرمایا: یہ (کھجور) اس (روٹی کے ٹکڑے) کا سالن ہے، پھر اسے تناول فرمالیا۔([4])

مشہور مفسِّر حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں: کھجور کو سالن فرمانا مجازًا ہے یعنی روٹی اس سے کھائی جاسکتی ہے اور یہ مثلِ سالن کے ہے۔([5])

وصال:

آپ  رضی اللہُ عنہ  کا وصال حضرت عمر بن عبدالعزیز  رضی اللہُ عنہ  کے دورِ خلافت میں سِن100ہجری میں ہوا۔([6])

اللہ پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بےحساب مغفرت ہو۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی



([1])الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب، 4/152

([2])ادب المفرد، ص113، رقم: 372

([3])مراٰۃُ المناجیح، 6/40

([4])ابو داؤد،3/507، حدیث:3830 -مشکاۃ المصابیح، 2/98، حدیث:4223

([5])مراٰۃُ المناجیح، 6/40

([6])تاریخ خلیفہ بن خیاط، ص208- مراٰۃُ المناجیح، 6/40


Share