
کم سن صحابہ کرام
حضرت محمود بن ربیع اور حضرت عُمر بن ابو سلمہ رضی اللہُ عنہما
*مولانا اویس یامین عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025
اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں جن خوش نصیب بچوں نے حاضری دی اُن میں حضرت محمود بن رَبیع اور حضرت عُمر بن ابو سلمہ رضی اللہُ عنہما بھی شامل ہیں، آئیے! ان کے بچپن کی مختصر سیرت پڑھ کر اپنے دِلوں کو محبتِ صحابۂ کرام سے روشن کرتے ہیں:
حضرت محمود بن ربیع رضی اللہُ عنہ
آپ رضی اللہُ عنہ کی ولادت 6ہجری میں مدینۂ منورہ میں ہوئی، آپ جمیلہ بنتِ ابی صَعْصَہ کے بیٹے ہیں اور انصاری خزرجی ہیں۔ ([1])
روایتِ حدیث: آپ سے حدیث شریف بھی مروی ہے۔
بچپن کا یادگار واقعہ: آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے یاد ہے جب میں پانچ سال کا تھا تو رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمارے گھر تشریف لائے اور ہمارے گھر کے کنویں سے ایک ڈول پانی لیا اور میرے چہرے پر (بطورِ مزاح کے) پانی سے کلی فرمائی۔([2])
مفتی شریفُ الحق امجدی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: اس سے ثابت ہوا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ خوش طبعی مَسنون ہے، نیز یہ بھی ثابت ہوا کہ حُضورِ اَقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لُعاب مبارک اور پَس خُوردَہ سے برکت حاصل کرنا بھی مَسنون ہے۔([3])
وصال:حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے وصالِ ظاہری کے وقت آپ تقریباً 5سال کے تھے۔([4])آپ رضی اللہُ عنہ نے 93 سال کی عمر میں 99ھ میں مدینۂ منورہ میں وفات پائی۔([5])
حضرت عمر بن ابوسلمہ رضی اللہُ عنہما
آپ حضرت ابوسلمہ عبداللہ اور حضرت اُمِّ سلمہ ہند رضی اللہُ عنہما کے بیٹے ہیں، آپ 2ہجری میں حبشہ میں پیدا ہوئے، آپ کے والد صاحب کے وصال فرمانے کے بعد رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے آپ کی والدہ حضرت اُمِّ سلمہ سے نکاح فرمایا تو آپ حُضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پرورش میں آگئے تھے۔([6])
تعدادِ روایات:آپ رضی اللہُ عنہ سے 12احادیثِ مبارکہ مروی ہیں۔([7])
پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ یادگار کھانا: ایک روایت میں آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ میں بچپن میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پرورش میں تھا، میرا ہاتھ (کھانا کھاتے ہوئے) پیالے میں اِدھر اُدھر گھومتا تھا، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اے لڑکے! اللہ کا نام لو (یعنی بِسمِ اللہ پڑھو)، سیدھے ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔ (حضرت عمر بن ابو سلمہ رضی اللہُ عنہما فرماتے ہیں:) اس کے بعد سے میں ہمیشہ اسی طریقے سے کھانا کھاتا رہا۔([8])
وصال:حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے وصالِ ظاہری کے وقت آپ رضی اللہُ عنہ 9سال کے تھے، آپ رضی اللہُ عنہ نے 83ھ میں مدینۂ منورہ میں وفات پائی۔([9])
اللہ پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بےحساب مغفرت ہو۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments