نئے لکھاری
قربانی کرنے کے 5 دنیاوی فائدے
* بنتِ رضوان احمد عطّاریہ
ماہنامہ جولائی 2021ء
ارشادِ باری تعالیٰ ہے : ( فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَ انْحَرْؕ(۲) )ترجَمۂ کنزُ العرفان : تو تم اپنے ربّ کے لئے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔ (پ 30 ، الکوثر 2) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
یقیناً اللہ پاک کے ہر حکم میں بنی نوع انسان کے لئے کثیر دینی و دنیاوی فوائد ہیں ، خواہ انسان کی عقل میں آئیں یا نہ آئیں ، اِسی طرح قربانی کے بھی دینی فضائل و ثواب کے ساتھ ساتھ بے شمار دنیاوی فائدے ہیں۔
(1)روزگار کے مواقع :
قر بانی کے جانوروں کو بیچنے والوں ، ان کی دیکھ بھال کرنے والوں ، کنٹینر ، سوزوکی ، ٹرک والوں ، چارہ ، جھول وغیرہ بیچنے والوں ، جانوروں کی حفاظت کے لئے چوکیدار وں ، ویٹرنری ڈاکٹروں ، قصاب حضرات ، قیمہ وغیرہ بنانے والوں سمیت لاکھوں لاکھ لوگوں کو اس سنتِ ابراہیمی کی برکت سے روزگار میسر آتا ہے۔
(2) گوشت کی فراہمی :
قربانی کی بدولت لوگوں کو صحت مند جانوروں کا تازہ اور غذائیت سے بھرپور گوشت مہیا ہوتا ہے ، اس کے علاوہ سفید پوش اور متوسط طبقے کو فراوانی کے ساتھ گوشت حاصل ہوتا ہے ، نیز بہت سے لوگ غریبوں میں گوشت تقسیم کرتے ہیں ، جس کی وجہ سے ایسے غریب لوگوں کے گھروں میں بھی گوشت پکتا ہے جو سارا سال گوشت خریدنے کی اِستطاعت نہیں رکھتے۔
(3)باہمی اُخوّت و بھائی چارہ :
قربانی کے موقع پر مسلمانوں میں باہمی اُلفت و محبت اور اُخوت و بھائی چارے کا مظاہرہ دیکھنے میں آتا ہے ، کہیں دوست اَحباب اور عزیز رشتہ دار مل کر اِجتماعی قربانی کا اہتمام کرتے ہیں تو کہیں مل جُل کر جانوروں کی دیکھ بھال کرتے نظر آتے ہیں ، اسی طرح عیدالاضحیٰ کے دن ایک دوسرے کو گوشت ہدیہ کیا جاتا ہے اور مل کر کھانے کا اہتمام بھی کیا جاتاہے۔
(4)دینی اداروں کو فوائد :
قربانی کی کھالیں بیشتر مسلمان دعوتِ اسلامی اور دیگر عاشقانِ رسول کے دینی اداروں کو دیتے ہیں ، انہیں بیچ کر حاصل ہونے والی رقم سے دین کے کاموں میں بہت معاونت ہوتی ہے ، اَلحمدُ لِلہ دعوتِ اسلامی قربانی کے موقع پر جمع ہونے والی کھالوں کی رقم اور دیگر مواقع پر جمع ہونے والے عطیات سے دنیا بھر میں 80 سے زائد شعبہ جات کے ذریعے خدمتِ دین میں مصروف ہے۔
(5)ملکی معیشت کو فائدہ :
قربانی کی کھالوں سے مختلف چیزیں بنائی جاتی ہیں اور انہیں دوسرے ملکوں میں برآمد بھی کیا جاتا ہے ، جس سے ملک کو قیمتی زرِّمبادلہ حاصل ہوتا ہے ، اس کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو کھاد وغیرہ بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے ، مزید یہ کہ جانور لے جانے والی گاڑیاں مختلف مقامات پر ٹول ٹیکس ادا کرتی ہیں اور پھر مویشی منڈی میں بھی جگہ کے حساب سے کرایہ ادا کیا جاتا ہے ، جس سے ملکی خزانے کو فائدہ ہوتا ہے۔
لہذا خوش دلی کے ساتھ اللہ پاک کی راہ میں عمدہ جانور قربان کیجئے اور اس کے دنیاوی اور اُخروی فائدے حاصل کیجئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فاضلہ جامعۃ المدینہ قطبِ مدینہ ملیر ، کراچی
Comments