کیا قربانی کی بھی قضاہوتی ہے

مدنی مذاکرے کے سوال جو اب

ماہنامہ جولائی 2021ء

(1)جس پر حج فرض ہو گیا ہو وہ زکوٰۃ دے یا حج کرے؟

سُوال : جس پر حج فرض ہو گیا ہو وہ زکوٰۃ دے یا حج کرے؟

جواب : اگر زکوٰۃ کی حَد تک اس کے پاس مال ہے اور زکوٰۃ کی تاریخ آ گئی تو زکوٰۃ فرض ہو گئی تو ظاہر ہے اب اُسے اپنے مال کا چالیسواں حصّہ زکوٰۃ میں دینا ہوگا اور حج فرض ہو تو حج بھی کرنا ہوگا۔ (مدنی مذاکرہ ، 10ذوالقعدۃ الحرام 1440ھ)

(2)فوت شدہ والدین کے نام کی قربانی کرنے کا حکم

سُوال : اگر والدین کا اِنتقال ہوچکا ہو اور انہوں نے زندگی میں کبھی بھی قربانی نہ کی ہو تو کیا اَولاد ان کے نام کی قربانی کر سکتی ہے؟

جواب : جی ہاں!اِیصالِ ثواب کے لئے قربانی ہو سکتی ہے اس میں کوئی حرج نہیں نیز والدین کی طرف سے قربانی کرنی چاہئے یہ اچھی بات ہے۔ والدین زندگی میں قربانی کرتے تھے یا نہیں یا 100 ،  100بکرے زندگی میں ذَبح کرتے تھے تب بھی اِیصالِ ثواب کے لئے قربانی کرنے میں حرج نہیں۔ نیز زندہ کے اِیصالِ ثواب کے لئے بھی قربانی ہوسکتی ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 10ذوالقعدۃ الحرام 1440ھ)

(3)کاش ہر گھر میں عالِمِ دِین ہو!

سُوال : آپ اپنی خواہش کا اِظہار کرتے ہیں کہ کاش! ہر گھر میں عالِمِ دِین ہو ، اگر کسی کی بیٹیاں ہی ہوں تو وہ آپ کی خواہش کو کیسے پورا کرے؟

جواب : اگر کسی کو اللہ پاک نے بیٹیوں ہی سے نوازا ہے تو انہیں عالمہ بنادے تب بھی میری خواہش پورى ہو جائے گی۔ ایک ہی بچّے کو حافظِ قراٰن اور عالِمِ دِین بنانے کے بجائے بہتر یہ ہے کہ تمام بچوں کو ہی حافظِ قراٰن اور عالِمِ دِین بنانے کی کوشش کی جائے۔ والدین کی اپنی عمر تو بیت گئی اب خود حافظِ قراٰن یا عالِمِ دِین نہیں بن سکتے تو اپنی اولاد ہی کو حافظ یا عالِم بناکر اَجر و ثواب کما لیں۔ اگر اولاد کو حافظ یا عالِم نہ بھی بنا سکیں تب بھی شریعت و سُنَّت کے مُطابق ان کی تَربیت تو کرنی ہی ہوگی ورنہ اس مُعاملے میں کوتاہی قیامت کے دِن پھنسوا کر رُسوائی کا سبب بن سکتی ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 28 ذوالقعدۃ الحرام 1439)

(4)کیا قربانی کے جانور کو نہلایا جاسکتا ہے؟

سُوال : کیا قربانی کے جانور کو نہلایا جاسکتا ہے؟

جواب : جی ہاں!قربانی کے جانور کو نہلایا جاسکتا ہے جبکہ ضَرورت ہو۔ (مدنی مذاکرہ ، 10ذوالقعدۃ الحرام 1440ھ)

(5)کیا قربانی کی بھی قضا ہوتی ہے؟

سُوال : ایک سال کی قربانی رہ جائے تو کیا یہ قربانی دوسرے سال کرسکتے ہیں؟ جیسے اس مرتبہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں تو قربانی میرے لئے معاف ہے یا کرنا ہوگی؟

جواب : قربانی کے دِن گزر گئے اور قربانی نہیں کی نہ جانور اوراس کی قیمت صَدقہ کی یہاں تک کہ دوسری بقرہ عید آگئی اور اب یہ چاہتا ہے کہ گزشتہ سال کی قربانی کی قضا اس سال کرلے تو یہ نہیں ہو سکتا بلکہ اب بھی وہی حکم ہے کہ ایک سالہ بکرا یا بکری یا اس کی قیمت صَدقہ کرے۔ (فتاویٰ ہندیۃ ، 5 / 296 ، 297-مدنی مذاکرہ ، 10ذوالقعدۃ الحرام 1440ھ)

(6)بیٹے کا ماں باپ سے پہلے مدینے شریف جانا کیسا؟

سُوال : کیا بیٹا ماں باپ سے پہلے مدینے شریف جا سکتا ہے؟

جواب : بیٹا ماں باپ سے پہلے مدینے شریف جا سکتا ہے اس میں حرج نہیں ہے بلکہ اگر حج فرض ہو گیا اور ماں باپ اِجازت نہ بھی دیں تب بھی جانا ہو گا۔ (مدنی مذاکرہ ، 10ذوالقعدۃ الحرام 1440ھ)

(7)حَجرِاَسود کا رنگ کالا کیوں؟

سُوال : حجرِ اَسود جب جنّت سے آیا تو اس کا رنگ سفید تھا ، اب اس کا رنگ کالا کیوں ہوگیا ہے؟

جواب : یہ حجرِ اسود یعنی کالا پتھر پہلے حَجرِ اَبیض یعنی سفید پتھر تھا ، لوگوں کے گناہوں کی وجہ سے اس کا رنگ کالا ہوگیا ، (ترمذی ، 2 / 248 ، حدیث : 878) اس لئے اب اسے حجرِ اَسود کہا جاتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 23 جُمادَی الْاُولیٰ 1441ھ)

(8)جھوٹ بول کر عُمرے کے لئے جانا کیسا؟

سُوال : اَلحمدُ لِلّٰہ میں عُمرے کی سعادت حاصِل کرنے جا رہا ہوں لیکن قانون کے مُطابق40 سال سے کم عُمر کے مَرد کو عُمرے کے لئے اکیلے سفر کرنے کی اِجازت نہیں ہے ، اکیلے ہونے کی وجہ سے صِرف کاغذات میں مجھے کسی نا محرم عورت کا محرم بنایا جا رہا ہے حالانکہ اس عورت کا حقیقی محرم بھی اس کے ساتھ موجود ہے ، اِس بارے میں میرے لئے کیا حکم ہو گا؟

جواب : جھوٹ چاہے زبان سے بولیں ، لکھ کر بولیں یا اِشارے سے بولیں جھوٹ جھوٹ ہی ہے اور گناہ گناہ ہی ہے۔       (مدنی مذاکرہ ، 30 جمادی الاولیٰ 1441ھ بتغیر)

(9)عمامہ شریف کے کتنے شملے ہونے چاہئیں؟

سُوال : عمامہ شریف کے کتنے شملے ہونا چاہئیں؟

جواب : پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے زیادہ تر عمامہ شریف کا ایک شملہ رکھا ہے ، (ترمذی ، 3 / 286 ، حدیث : 1742) لیکن ایک مرتبہ آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے کسی صحابی کے سر پر اپنے مبارک ہاتھوں سے عمامہ شریف سجایا تو اس کے دو شملے چھوڑے۔ (ابو داؤد ، 4 / 77 ، حدیث : 4079) اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں : میں کبھی کبھی سنّت کی نیت سےعمامہ شریف کے دو شملے بھی رکھتا ہوں۔ (فتاویٰ رضویہ ، 22 / 200-مدنی مذاکرہ ، 16 جُمادَی الْاُولیٰ 1441ھ)

(10)طواف کے دَوران سیلفی لینا کیسا؟

سُوال : دَورانِ طواف بہت سے لوگ سیلفی یا مووی بنا رہے ہوتے ہیں تاکہ زندگی کا یادگار لمحہ محفوظ رہے ، ان کا ایسا کرنا کیسا؟

جواب : یادگار لمحے کو محفوظ رکھنے کے لئےسیلفی لینے کی ممانعت تو نہیں لیکن جو یکسوئی اور خشوع و خضوع کے مَواقع ہیں مثلاً دَورانِ طواف اور مُواجہہ شریف کی حاضِری وغیرہ تو وہاں سیلفی یا ویڈیو بنانے سے اِجتناب کرنا (یعنی بچنا) چاہئے بلکہ موبائِل فون کی گھنٹی بھی بند کر دینی چاہئے کیونکہ یہ خشوع و خضوع کے مانع (یعنی رکاوٹ) ہے۔ (مدنی مذاکرہ 28 ذوالقعدۃ الحرام 1439)

(11)کیا مُسافِر پر قربانی واجِب ہے؟

سُوال : کیا مُسافر پر قربانی واجِب ہے؟

جواب : جوشَرعاً مُسافِر ہے اس پر قربانی واجِب نہیں۔ (مدنی مذاکرہ 28 ذوالقعدۃ الحرام 1439)

(12)کیا میاں بیوی جنَّت میں یکجا ہوں گے؟

سُوال : کیا میاں بیوی دونوں جنَّت میں ایک ساتھ رہیں گے؟

جواب : اگر میاں بیوی کا خاتمہ اِیمان پر ہوا تو یہ دونوں جنَّت میں ساتھ رہیں گے۔ (التذکرة باحوال الموتی و امور الآخرة ، ص 462) اگر ان میں سے کسی کا مَعَاذَ اللہ اِیمان سَلامت نہ رہا تو دوزخ اس کا ٹھکانا ہوگا اور جو جنَّت میں جائے گا اس کا کسی دوسرے جنتی سے نکاح ہوجائے گا۔ جنَّت میں جانے والے کو اپنے دوسرے فریق کے بچھڑنے کا کوئی صَدمہ بھی نہیں ہوگا کیونکہ جنَّت رنج و غم کا مقام نہیں۔ (مدنی مذاکرہ 21 ذوالحجۃ الحرام 1439)


Share