حمد و نعت
ماہنامہ جولائی 2021
کلام
مبارک ہو تمہیں اہلِ مدینہ ناقۂ اقدس(1)
کہ آتا ہے نبی پیارے کا پیارا ناقۂ اقدس
دَو رُویہ دست بستہ سر پئے تسلیم خم کرلو
اب آیا ، ہاں اب آیا ، لو وہ آیا ناقۂ اقدس
رسولِ پاک راکِب ، سارباں صدیقِ اکبر ہیں
نہ ہو کیوں مرتبہ تیرا دوبالا ناقۂ اقدس
ہر اِک کی یہ تمنا تھی ہر اِک کی تھی یہی خواہش
کہ میرے ہی یہاں ہو جلوہ فرما ناقۂ اقدس
ہُوا ارشادِ والا یوں : وہی ہے میزباں اپنا
کہ جس کے گھر پہ ٹھہرے گا ہمارا ناقۂ اقدس
تبرُّک ہو عطا ایّوبؔ کو ایّوب انصاری
کہ آپ ہی کے یہاں تو آکے ٹھہرا ناقۂ اقدس
از خلیفۂ اعلیٰ حضرت مولانا سید ایوب علی رضوی رحمۃُ اللہِ علیہ
شمائمِ بخشش ، ص44
(1) اے عاشقانِ رسول! ہجرت کے موقع پر رحمتِ عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اپنی مبارک اونٹنی پر سوار ہوکر مدینۂ منورہ میں داخل ہونے کے نورانی منظر کا تصور جما کر یہ کلام پڑھئے ، اِنْ شآءَ اللہ ایمان تازہ ہوجائے گا۔
مشکل الفاظ کے معانی : ناقۂ اقدس : سرکارِ دوعالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک اونٹنی جس پر سوار ہوکر ہجرت کے موقع پر مدینۂ منوّرہ میں آمد ہوئی۔ دو رُویہ : راستے کے دونوں طرف۔ دست بستہ : ہاتھ باندھے ہوئے۔ سر پئے تسلیم خم کرلو : اپنے سروں کو سلامی کے لئے جُھکالو۔ راکِب : سوار۔ سارباں : اونٹ چلانے والا۔
Comments