اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
ماہنامہ جولائی 2021
مجید کالونی کراچی میں فیضانِ رمضان مسجد کا افتتاح
افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی امین عطّاری کی شرکت
دعوتِ اسلامی کے شعبہ خدّامُ المساجد و المدارس کے تحت مجید کالونی قائد آباد کراچی میں جامع مسجد فیضانِ رمضان کاافتتاح کردیا گیا۔ مسجد کا افتتاح مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطّاری نے فرمایا اور افتتاحی تقریب میں بیان کرتے ہوئے شرکا کو نیکی کی دعوت دی۔ اس کے بعد رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری نے کراچی ریجن کے ذمہ داران کے ہمراہ ظفر ٹاؤن میں زیرِ تعمیر مسجد کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔
بویونی دارُ السّلام تنزانیہ میں فیضانِ بلال مسجد کا افتتاح
افتتاحی تقریب میں نگرانِ تنزانیہ کابینہ نےخصوصی بیان کیا
دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 11اپریل 2021 ء بروز اتوار چنیکا بویونی دارُ السّلام تنزانیہ میں فیضانِ بلال مسجد کا افتتاح ہوا جس میں نگرانِ تنزانیہ کابینہ مولانا احمد رضا عطّاری مدنی نے مسجد بنانے کے فضائل پر سنّتوں بھرا بیان کیا جس کی مقامی زبان “ سواہلی “ میں ترجمانی بھی کی گئی۔ تقریب میں مقامی عُلَما و مشائخ سمیت اہلِ علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے شرکا کو مسجد آباد کرنے اور یہاں پر دعوتِ اسلامی کے ہونے والے دینی کاموں میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی ۔
جوہر ٹاؤن لاہور ، ملتان اور گوجرانوالہ میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کی نئی برانچز کا افتتاح
مفتی ہاشم عطّاری مدنی اور اراکینِ شوریٰ کی تقاریب میں شرکت
عاشقانِ رسول کی شرعی و فقہی راہنمائی کے لئے 7 اپریل 2021ء بروز بدھ لاہور ، جوہر ٹاؤن میں دارُ الافتاء اہلِ سنّت کی نئی برانچ کا افتتاح کیا گیا۔ اس پُر وقار تقریب میں خصوصی طور پر استاذُ الحدیث مفتی ہاشم خان عطّاری مدنی ، رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطّاری ، رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری ، نگرانِ مجلس پروفیشنلز محمد ثوبان عطّاری اور دیگر ذمہ داران و مدنی عُلمائے کرام نے شرکت کی اور خیر و برکت کی دعائیں کیں۔ اس کے علاوہ 8 اپریل 2021ء کو ملتان میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کی نئی برانچ کا افتتاح کیا گیا جس میں اراکینِ شوریٰ حاجی قاری سلیم عطّاری اور حاجی محمد اسلم عطّاری ، سینیئر متخصص مولانا سرفراز عطّاری مدنی اور دیگر عُلمائے کرام سمیت ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد سلیم عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دارُالافتاء اہلِ سنّت سے شرعی راہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دلائی۔ اسی طرح 8اپریل کو گوجرانوالہ میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کی نئی برانچ کا افتتاح کیا گیا۔ اس افتتاحی تقریب میں استاذُ الحدیث مفتی ہاشم خان عطّاری مدنی اور دیگر علمائے کرام سمیت دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
واضح رہے کہ پہلے دارُ الافتاء اہلِ سنّت کی کل 12 برانچیں (Branches) تھیں۔ یوکے کی ایک برانچ ، افتاء مکتب لاہور اور افتاء مکتب کراچی ملاکر اب کل 15 برانچیں ہوگئی ہیں جن میں 3 نئی ہیں۔
دارُ الافتاء اہلِ سنّت سے شرعی راہنمائی کےلئے آپ صبح 10 بجے تا شام 4 بجے ان نمبرز پر رابطہ فرمائیں۔
0311-3993312 / 0311-3993313 / 0311-7864100
شیخُ الحدیث علّامہ حافظ عبد الستار سعیدی صاحب کی فیضانِ مدینہ کراچی آمد
مفتیانِ کرام سے ملاقاتیں کیں اور شعبہ جات کا وزٹ کیا
استاذُالعلماء شیخ الحدیث حضرت علامہ مولانا حافظ عبد الستار سعیدی صاحب مُدَّ ظِلُّہُ العالی کی یکم اپریل 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی آمد ہوئی۔ علامہ حافظ عبد الستار سعیدی صاحب نے دارُالافتاء اہلِ سنّت میں شیخُ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری ، استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطّاری مدنی اور دیگر مفتیانِ کرام سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے بعد دعوتِ اسلامی کے شعبہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) ، مدنی چینل ، سوشل میڈیا سمیت عالمی مدنی مرکز میں قائم مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ علامہ عبد الستار سعیدی صاحب نے المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) میں ہونے والے تصنیفی وتالیفی اور تحقیقی کاموں کا جائزہ لیا اور رکنِ شوریٰ مولانا حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطّاری مدنی سے ملاقات کی۔ رکنِ شوریٰ نے انہیں دعوت اسلامی کی خدماتِ دینیہ سے متعلق آگاہی فراہم کی جس پر سعیدی صاحب نے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کوسراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا عالمی مدنی مرکز کا دورہ
فیضانِ مدینہ میں قائم ڈیپارٹمنٹس کا وزٹ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری سے ملاقات
گزشتہ دنوں ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے سینیئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ساجد احمد خان ، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر طٰہٰ سلیم اور دیگر افسران کے ہمراہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا دورہ کیا اور دعائے افطار میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ترجمانِ دعوتِ اسلامی و رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری سے ملاقات بھی کی جس میں باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے وسیع تر مفاد میں تمام اداروں کے ساتھ باہمی رابطوں میں اضافہ کر رہے ہیں ، دعوت اسلامی کے شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کی شجرکاری مہم قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دعوتِ اسلامی کے ساتھ مستقبل میں مزید تعاون بڑھے گا اور ہم مل کر شہر میں جہاں بھی ضرورت ہوگی کام کریں گے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے “ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن “ کے ذمہ داران کو دعوت دی کہ ہیلتھ سٹی منگھوپیر میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور اسپیشل بچّوں کے بحالی سینٹر کے قیام کے لئے K.M.C کے ساتھ مفاہمت کے بعد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے۔ دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو کتابوں کا تحفہ دیتے ہوئے فیضانِ مدینہ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ دعوتِ اسلامی شہر کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
رکنِ شوریٰ مولانا حاجی جنید عطّاری مدنی کی درگاہ عالیہ ہمایوں شریف حاضری
موجودہ گدی نشین مولانا میاں عبدالباقی صاحب مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے ملاقات
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی جنید عطّاری مدنی نے پچھلے دنوں جیکب آباد میں درگاہ عالیہ ہمایوں شریف میں عمدۃ الفقہاء عبدالغفور ہمایونی رحمۃُ اللہِ علیہ کے مزار پاک پر حاضری دی اور مزار شریف کے موجودہ گدی نشین مولانا میاں عبدالباقی صاحب مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے ملاقات کی۔ رکنِ شوریٰ نے انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی ، فلاحی اور سماجی خدمات سے آگاہی دیتے ہوئے فیضانِ مدینہ کراچی کے وزٹ کی دعوت پیش کی۔ اس موقع پر مزاراتِ اولیاء ریجن ذمہ دار مُحب عطّاری ، نگرانِ کابینہ عبدالوحید مدنی اور دیگر اسلامی بھائی بھی موجود تھے۔
Comments