کبیرہ گناہوں سے بچنے کی فضیلت

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

اِنْ تَجْتَنِبُوْا كَبَآىٕرَ مَا تُنْهَوْنَ عَنْهُ نُكَفِّرْ عَنْكُمْ سَیِّاٰتِكُمْ وَ نُدْخِلْكُمْ مُّدْخَلًا كَرِیْمًا(۳۱)(پ5،النساء:31)

ترجمہ: اگر کبیرہ گناہوں سے بچتے رہو، جن سے تمہیں منع کیا جاتا ہے تو ہم تمہارے دوسرے گناہ بخش دیں گے اور تمہیں عزت کی جگہ داخل کریں گے۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

تفسیراس آیتِ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے کبیرہ گناہوں سے بچنے والے کے ساتھ وعدہ فرمایا ہے کہ وہ (اپنے فضل و کرم سے)اس کے  دوسرے گناہ بخش دے گا اوراسے عزت کی جگہ داخل کرے گا۔ دوسرے گناہوں سے مراد صغیرہ گناہ ہیں اور عزت کی جگہ سے مراد جنت ہےاورکبیرہ گناہ وہ ہے جس کا مرتکب قراٰن وسنت میں بیان کی گئی کسی خاص سخت وعید کا مستحق ہو۔(الزواجر،ج1، ص12)کبیرہ گناہ کی مزید بھی تعریفات ہیں۔

چالیس گناہوں کی فہرست

یہاں مسلمانوں کے فائدے کیلئے ہم چالیس گناہوں کی ایک فہرست بیان کرتے ہیں جن میں اکثر کبیرہ ہیں تاکہ کم از کم یہ تو علم ہو کہ یہ گناہ ہیں اور ہمیں ان سے بچنا ہے۔ (1)اللہتعالیٰ کا کوئی شریک ٹھہرانا (2)ریاکاری (3)کینہ (4) حسد (5)تکبّر (6) اور خود پسندی میں مبتلا ہونا(7) تکبّر کی وجہ سے مخلوق کو حقیر جاننا (8)بد گمانی کرنا(9) دھوکہ دینا (10)لالچ (11)حِرْص (12)تنگدستی کی وجہ سے فُقَراء کا مذاق اڑانا (13)تقدیر پر ناراض ہونا (14) گناہ پر خوش ہونا (15)گناہ پر اِصرار کرنا (16)نیکی کرنے پر تعریف کا طلبگار ہونا (17)حیض والی عورت سے صحبت کرنا(18)جان بوجھ کر نماز چھوڑ دینا(19)صف کو سیدھا نہ کرنا (20)نماز میں امام سے سبقت کرنا (21)زکوٰۃ ادا نہ کرنا(22)رَمَضان کا کوئی روزہ چھوڑ دینا (23)قدرت کے باوجود حج نہ کرنا (24)ریشمی لِباس پہننا (25)مرد و عورت کا ایک دوسرے سے مُشَابَہَت اختیار کرنا(26)عورتوں کا باریک لباس پہننا (27)اِترا کر چلنا(28)مصیبت کے وقت چہرہ نوچنا، تھپڑ مارنا یا گریبان چاک کرنا(29)مَقروض کو بِلا وجہ تنگ کرنا (30)سود لینا دینا (31)حرام ذرائع سے روزی کمانا (32)ذخیرہ اَندوزی(33)شراب بنانا، پینا، بیچنا(34)ناپ تول میں کمی کرنا(35)یتیم کا مال کھانا(36) گناہ کے کام میں مال خرچ کرنا(37)مُشْتَرَکہ کاروبار میں ایک شریک کا دوسرے سے خیانت کرنا (38)غیر کے مال پر ظلماً قابض ہو جانا (39)اُجرت دینے میں تاخیر کرنا(40)اور امانت میں خیانت کرنا

یہ چندباطنی اور ظاہری گناہ ذکر کئے ہیں ، ان سب گناہوں کی معلومات حاصل کرنا اور ان کے اَحکام سیکھنا ضروری ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ظاہری باطنی تمام صغیرہ کبیرہ گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے،اٰمین۔

بنادے مجھے نیک نیکوں کا صدْقہ

گناہوں سے ہردم بچا یاالٰہی

(وسائلِ بخشش مُرَمَّم،ص105)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…مفتی محمد قاسم عطاری 

٭…دارالافتاءاہل سنت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code