تعزیت و عیادت
ماہنامہ اگست2021ء
حضرت علّامہ مولانا عبدالحمید محمد سالم القادری کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیِّیْن
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ حضرت علّامہ مولانا عبدالغنی عَطیف میاں قادری عثمانی بدایونی اور حضرت علّامہ مولانا عِزام میاں قادری عثمانی قدسی کے والدِ گرامی زیب سجادہ آستانہ عالیہ قادریہ بدایوں شریف ، پیرِ طریقت ، فخرِ قادریت ، حضرت علّامہ مولانا شیخ حافظ عبدالحمید محمد سالمُ القادری دل کی بیماری میں مبتلا رہتے ہوئے 26 رمضان المبارک 1442ھ مطابق 9 مئی 2021 کو 82 سال کی عمر میں بدایوں شریف میں قضائے الٰہی سے انتقال فرما گئے ، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین ۔ یاربَّ المصطفٰے جَلَّ جَلَالُہٗ وَ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت علّامہ مولانا شیخ حافظ عبدالحمید محمد سالمُ القادری کو غرىقِ رحمت فرما ، اے اللہ پاک! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، نورِ مصطفٰے کے صدقے تاحشر جگمگاتی رہے ، اے اللہ پاک! قبر کی وحشت ، تنگی ، گھبراہٹ سب دور ہو ، مولائے کریم! مرحوم کو بے حساب مغفرت سے مشرف فرما کر جنّتُ الفردوس مىں اپنے پیارے حبىب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصىب فرما ، یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِ جمىل اور صبرِ جمىل پر اجرِ جزىل مرحمت فرما ، پروردگار! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرماکر ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما ، بَوسیلۂ خَاتَمُ النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا اجر و ثواب حضرت علّامہ مولانا شیخ حافظ عبدالحمید محمد سالمُ القادری سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صبر و ہمت سے کام لیجئے ، اللہ پاک کی رضا پر راضی رہئے اور شیطان کے وسوسوں پر توجہ نہ دیجئے ، جس کا وقت پورا ہوتا ہے وہ چلا جاتا ہے اگر کوئی دنیا میں ایک دن کا ٹائم لایا ہے تو اسے ایک دن کے بعد مرجانا ہے جیسے ایک دن کا بچہ مرجاتا ہے اور جس کو اللہ نصیب کرتا ہے تو وہ 100سال تک زندہ رہتا ہے۔ بہرحال مرنا پھر بھی ہے اس لئے جس کا وقت پورا ہوا وہ چلا گیا ، ہمیں اللہ پاک کی رضا پر راضی رہنا چاہئے اور صبر کرنا چاہئے ، واویلا مچانے سے جانے والے نے پلٹ کر کہاں آنا ہے ، ہمیں بھی تو جانا ہے ، ہمیں اپنی آخرت کی فکر کرنی چاہئے اور اس کی تیاری کے لئے سامان کرنا چاہئے کہ جس طرح وہ گیا ، ایک دن ہم بھی اس دنیا سے چلے جائیں گے ، دنیا سے دل نہیں لگانا ہے ، دنیا عبرت کی جگہ ہے کوئی تماشہ نہیں ہے۔
؎ جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے
یہ عبرت کی جاہ ہے تماشہ نہیں ہے
(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فیضانِ رمضان (مُرمّم) سے دو حدیثِ پاک بیان فرمائی : ) فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : روزے کی حالت میں جس کا انتقال ہوا اللہ پاک اُس کو قیامت تک کے روزوں کا ثواب عطا فرماتا ہے۔ (الفردوس بمأثور الخطاب ، 3 / 504 ، حدیث : 5557) رحمتِ عالمیان کا فرمانِ جنّت نشان ہے : جس کو رمضان کے اختتام کے وقت موت آئی وہ جنّت میں داخل ہوگا۔ (حلیۃُ الاولیاء ، 5 / 26 ، حدیث : 6187)
دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی دینی تحریک ہے ، اس کے لئے ہمیشہ دُعا فرماتے رہئے اور اپنے چاہنے والوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دلاتے رہئے ، اور جب جب موقع ملے اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے دعوتِ اسلامی کے اجتماعات وغیرہ میں بھی کرم فرمائیے ، اللہ کریم آپ صاحبان کو خوش رکھے ، شاد و آباد ، پھلتا پھولتا مدینے کے سدا بہار پھولوں کے صدقے مسکراتا رکھے۔ زہے نصیب مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے اللہ کریم کے دئیے ہوئے مال میں سے مسجد بنادیجئے یا مسجد کی تعمیر میں حصہ ہی لے لیجئے ، مسجد بنانے کی بڑی فضیلت ہے ، فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : جس نے اپنے حلال مال سے وہ گھر بنایا جس میں اللہ پاک کی عبادت کی جائے اللہ پاک اس کے لئے جنّت میں موتی اور یاقوت کا گھر بنائے گا۔ (معجم الاوسط ، 4 / 17 ، حدیث : 5059) بےحساب مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں۔
حضرت علّامہ مولانا مفتی سیّد احمد شاہ صاحب کے انتقال پر تعزیت
مفتیِ اعظم کَچھ مانڈوی ، حضرت علّامہ مولانا مفتی سیّد احمد شاہ قادری صاحب 25 رمضان المبارک 1442ھ مطابق 8مئی 2021ء کو 100 سال کی عمر میں مانڈوی کَچھ گجرات ہند میں اس دارِ فانی سے تشریف لے گئے۔ شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ان کے صاحب زادوں سیّد امین شاہ صاحب ، سیّد حسین شاہ صاحب ، سیّد قاسم شاہ صاحب ، سیّد عثمان شاہ صاحب اور سیّد ابوبکر شاہ صاحب سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور حضرت کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب کیا۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مئی2021ء میں 1918 پیغامات جاری فرمائے جن میں سے474 تعزیت کے ، 1381 عیادت کے جبکہ 63 دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے (1)حضرت علّامہ مولانا پیر سیّد نور احمد شاہ کاظمی صاحب (اسلام آباد)[1] (2)آلِ رسول ، عالمِ شریعت ، پیرِ طریقت ، شیخُ المسلمین ، شہزادۂ خلیفۂ اعلیٰ حضرت ، علّامہ الحاج الشاہ سیّد حسنین رضا قادری (سجادہ نشین خانقاہ رحمانیہ کیری شریف ، بانکا بہار ہند)[2] (3) قاضی شہر بوندی ، پیرِ طریقت حضرت علامہ مولانا محمد نظام الدین صاحب (بوندی راجستھان ، ہند) [3] (4)آلِ رسول ، پیرِ طریقت حضرت سیّد اقبال علی شاہ صاحب (احمد آباد شریف ، ہند) [4] (5)خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند ، صوفیِ باصفا ، عالمِ باعمل ، حضرت علّامہ مولانا شریف احمد رضوی صاحب[5] (6)فقیہِ نیپال ، صدر مرکزی ادارۂ شرعیہ جنکپور ، حضرت علّامہ الحاج مفتی عثمان رضوی صاحب (جنکپور ، نیپال)[6] (7)حضرت مولانا نسیم الحسن صاحب(راولاکوٹ ، کشمیر)[7] (8)حضرت مولانا محمد اکرم قادری صاحب[8] (9)پیرِ طریقت حضرت سیّد امیر شاہ صاحب نقشبندی مجددی (آستانۂ عالیہ امیر آباد شریف جاتلی راولپنڈی) سمیت مزید 474 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔ نیز امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ایک ہزار بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔ تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ ، “ دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔
[1] تاریخِ وفات : 17رمضان المبارک1442ھ مطابق 30اپریل2021ء
[2] تاریخِ وفات : 22رمضان المبارک1442ھ مطابق 5مئی2021ء
[3] تاریخِ وفات : 22رمضان المبارک 1442ھ مطابق 5مئی2021ء
[4] تاریخِ وفات : 2رمضان المبارک1442ھ مطابق 15اپریل 2021ء
[5] تاریخِ وفات : 3شوال المکرم1442ھ مطابق 15مئی 2021ء
[6] تاریخِ وفات : 5شوال المکرم1442ھ مطابق 17مئی 2021ء
[7] تاریخِ وفات : 26رمضان المبارک 1442ھ مطابق 9مئی2021ء
[8] تاریخِ وفات : 3شوال المکرم1442ھ مطابق 15مئی 2021ء
Comments