وظائف
ماہنامہ اگست2021ء
بارش کے پانی سے گُردوں کے امراض کا علاج
گردوں کی بیماری کے سبب پیشاب تھوڑا تھوڑاآتا ہو یا پیشاب میں جلن اور چبھن ہوتی ہو اور کوئی دوا کارگر نہ ہوتی ہو تو بارش کے پانی پر باوُضو ہر بار بِسْم اللہِ شریف کے ساتھ سُوْرَۃُ اَلَمْ نَشْرَح گیارہ بار پڑھ کر دَم کردیجئے اور دن میں چار بار (صبح ناشتے سے قبل ، ظہر کے وقت ، عصر کے بعد اور سوتے وَقت) تین تین گھونٹ وہ پانی پئیں۔ ہر بارپینے سے پہلے سات بار دُرُودِ ابراہیم پڑھ لیجئے۔ اِن شآءَ اللہ گردے کی بیماری اور پیشاب کی جلن وغیرہ دُور ہوجائے گی ۔ (بیمار عابد ، ص32)
برسات کے پانی سے بیماریوں کا علاج
حضرتِ مولیٰ علی رضی اللہُ عنہ نے ایک بار فرمایا : جب تم میں سے کوئی شخص شِفا چاہے تو قراٰنِ عظیم کی کوئی آیت رِکابی میں لکھے اور بارش کے پانی سے دھوئے اور اپنی عورَت سے اُس کے مَہرمیں سے ایک دِرہم اُس کی خوشی سے لے اس کا شہد خرید کر پئے کہ بیشک شِفا ہے۔ (مواہب لدنیہ ، 3 / 48 ، فتاوٰی رضویہ ، 23 / 155 )ایک طبیب کا کہنا ہے : میں نے کئی مریضوں کو مختلف اَمراض میں شہد اور بارش کاپانی دیا ہے اسے دیگر نسخوں سے بڑھ کر نَفع بخش پایا ہے۔ (نیکی کی دعوت ، ص279)
نوٹ : ہر علاج اپنے طبیب کے مشورے سے کیجئے۔
کمزوری دُورکرنے کا نسخہ
دو چمچ چینی ( بہتر ہے کہ برا ؤن شوگر ) اورایک چمچ سفید نمک ، آدھے کلو پانی میں ڈال کر ابال لیجئے ، ٹھنڈا ہو جانے کے بعد ایک گلاس پی لیجئے۔ جسم میں ہونے والی پانی کی کمی اور کمزوری اِن شآءَ اللہ دُور ہو جائے گی۔ مریضوں کی کمزوری دور کرنے کیلئے بھی یہ پانی مفید ہے۔ (شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق عمل کریں )(گرمی سے حفاظت کے مدنی پھول ، ص9)
نوٹ : ہر علاج اپنے طبیب(ڈاکٹر یا حکیم) کے مشورے سے کیجئے۔
Comments