فرشتے دعائے مغفرت کرتے ہیں

کچھ نیکیاں کمالے

فرشتےدعائے مغفرت کرتےہیں(چوتھی اور آخری قسط)

* مولانا  افضل عطاری مدنی

ماہنامہ اگست2021ء

تلاوتِ قراٰن کریم کی یوں تو ویسے ہی بہت برکات ہیں ، ایک حرف پر دس نیکیاں ملتی ہیں ، اللہ کی رحمتیں اُترتی ہیں ان سب کے ساتھ ساتھ یہ بڑی برکت و سعادت والی بات ہے کہ اللہ کریم کے معصوم فرشتے بھی دُعائے مغفر ت کرتے ہیں چنانچہ

70ہزار فرشتے صبح و شام استغفار کریں : جو صبح کو اَعُوْذُ بِاللہِ السَّمِیْعِ الْعَلِیْمِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ تین بار پڑھ کر سورۂ حَشْر کی آخری تین آیتیں پڑھے ، اللہ پاک ستر ہزار فرشتے مقرر فرمائے گا کہ اس کے لئے شام تک اِسْتِغفار کریں اور اگر اس دن میں مرا تو شہید مرا اور جو شام کو پڑھے تو صبح تک کے لئے یہی بات ہے۔ [1]

فرشتوں کی دُعائیں : حضرت سیّدُنا سعد بن اَبی وقاص  رضیَ اللہُ عنہ  روایت فرماتے ہیں کہ جس نے رات کے ابتدائی حصے میں قراٰنِ پاک ختم کیا تو فرشتے صبح تک اس کے لئے اِسْتِغفار کرتے رہتے ہیں اور جس نے رات کے آخری حصے میں قراٰنِ پاک ختم کیا فرشتے شام تک اس کے لئے استغفار کرتے رہتے ہیں۔ [2]

حضرت علّامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں : گرمیوں میں چونکہ دن بڑا ہوتا ہے تو صبح کے ختم کرنے میں اِستِغفار ملائکہ زیادہ ہوگی اور جاڑوں (یعنی سردیوں) کی راتیں بڑی ہوتی ہیں تو شروع رات میں ختم کرنے سے استغفار زیادہ ہوگی۔ [3]

مسلمان بھائی سے ملاقات کرنا ، اس کی عیادت کرنا ، اس کی مہمان نوازی کرنا اور اس کے دُکھ سُکھ میں شریک ہونا تو ویسے ہی بہت بڑی نیکی و سعادت اور اَجر و ثواب کا باعث ہے جبکہ کرم بالائے کرم یہ کہ ان نیکیوں پر اللہ کے معصوم فرشتے ہمارے لئے دُعائے مغفرت بھی کرتے ہیں چنانچہ

10فرشتے سال بھر تک دُعائے مغفرت کرتے ہیں : حضرت سیّدُنا انس بن مالک  رضیَ اللہُ عنہ  سے مروی ہے کہ حضرت اُبی بن کَعب کی حضرت بَرَّاء بن مالک سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے حضرت براء سے پوچھا : اے بھائی! آپ کو کیا چیز پسند ہے؟ حضرت بَرّاء نے جواب دیا : سَتّو اور کَھجور ، چنانچہ اسی وقت وہ چیزیں آگئیں اور انہوں نے سیر ہوکر کھالیں ، بعد میں حضرت براء بن مالک نے یہ بات رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی بارگاہ میں ذِکْر کی تو رحمتِ عالَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : اے بَرّاء! آدمی جب اللہ کی رضا کے لئے اپنے بھائی کے ساتھ ایسا کرتا ہے(یعنی مہمان نوازی کرتا ہے) اور اس کی کوئی جَزاء اور شکریہ نہیں چاہتا تو اللہ کریم اس کے گھر میں 10 فرشتوں کو بھیج دیتا ہے جو پورے ایک سال تک اللہ پاک کی تسبیح و تَہْلِیل اور تکبیر پڑھتے اور اس بندے کے لئے مغفرت کی دعا کرتے رہتے ہيں۔ جب سال پورا ہوجاتا ہے تو ان فرشتوں کی پورے سال کی عبادت کے برابر اس کے نامۂ اعمال میں عبادت لکھ دی جاتی ہے اور اللہ پاک کے ذمّۂ کرم پر ہے کہ “ جَنَّۃُ الْخُلْد “ اور نہ فنا ہونے والی بادشاہی میں اس کو جنّت کی لذیذ غذائیں کھلائے۔ [4]

مسلمان بھائی سے ملاقات پر70ہزار فرشتوں کی دعائے مغفرت : حضرت سیّدُنا ابو رَزِین عُقَیلی  رضیَ اللہُ عنہ  سے روایت ہے کہ کریم آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے مجھ سے فرمایا : اے ابورَزِین! مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی سے ملتا ہے اور پھر جب وہ اسے رخصت کرتا ہے تو 70 ہزار فرشتے اس کے لئے اِستِغفار کرتے ہیں اور عرض کرتے ہیں : یااللہ! جیسے اس نے تیرے لئے ملاقات کی تو بھی اسے اپنا قُرب عطا فرما۔ [5]

مسلمان کی عیادت پر 70ہزار فرشتوں کی دُعائے مغفرت : رحمتِ عالَم ، نورِمجسم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : جو مسلمان کسی مسلمان کی عیادت کے لئے صبح کو جائے تو شام تک اس کے لئے ستّر ہزار فرشتے اِستِغفار کرتے ہیں اور شام کو جائے تو صبح تک ستّر ہزار فرشتے استغفار کرتے ہیں اور اس کے لئے جنّت میں ایک باغ ہوگا۔ [6]

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، مجلس رابطہ بالعلماء والمشائخ ، پاکستان



[1] ترمذی ، 4 / 423 ، حدیث : 2931

[2] دارمی ، 2 / 561 ، حدیث : 3483

[3] بہارِ شریعت ، 3 / 551

[4] کنزالعمال ، جز9 ، 5 / 119 ، حدیث : 25972

[5] مجمع الزوائد ، 8 / 317رقم : 13592

[6] ترمذی ، 2 / 290 ، حدیث : 971


Share