دعوت اسلامی نے اپنا تعلیمی بورڈ بنام کنزالمدارس ترتیب دے دیا

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا عمرفیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ اگست2021ء


عالمی مدنی مرکز میں افتتاحِ بخاری کی پُروقار تقریب کا انعقاد

امیرِ اہلِ سنت نےطلبہ کو پہلی حدیثِ پاک پڑھائی

22 مئی 2021ء صبح تقریباً 9 بجے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں افتتاحِ بخاری شریف کی پُر وقار تقریب کا سلسلہ ہوا جس میں شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ، نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطّاری  مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری ، دیگر اراکینِ شوریٰ اور طلبۂ کرام نے شرکت کی۔ تقریب میں امیرِ اہلِ سنّت نے پہلی حدیثِ پاک پڑھ کر بخاری شریف کے درس کا افتتاح کیا اور تفصیلاً اس کی شرح بیان کی۔ بانیِ دعوتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ حضرت سیدنا امام شافعی و دیگر ائمہ کرام  رحمہمُ اللہُ السّلام فرماتے ہیں : بخاری شریف کی پہلی حدیثِ پاک(اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّات)  ثُلُثِ اسلام یعنی دِین کا تہائی حصہ ہے۔ نِیَّات نیَّت کی جمع ہے ، نیت دل کے پختہ یعنی پکےارادے کو کہتے ہیں۔ امیرِ اہلِ سنّت نے طلبہ کو تلقین کی کہ جو طلبہ درسِ نظامی میں آگئے ہیں وہ دل لگاکر پڑھیں۔ 5 ویں سال ہی سوچ لیں کہ آگے چل کر کیا کرنا ہے۔ میں تَخَصُّص فِی الفِقْہ کو بہت پسند کرتا ہوں۔ تمام طلبہ درسِ نظامی کی تعلیم کے ساتھ دعوتِ اسلامی کا دینی کام بھی کرتے رہیں۔ طلبہ 92 اور طالبات 82 نیک اعمال کا رسالہ پُر کرکے ذمہ دار کو جمع کروائیں۔ اِن شآءَ اللہ بیڑا پار ہوگا۔ اس موقع پر نگرانِ شوریٰ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال سے خواتین میں بھی اِن شآءَ اللہ الکریم تخصص فی الفقہ شروع ہورہا ہے جبکہ نیپال میں بھی اس سال سے اسلامی بھائیوں میں تخصص فی الفقہ (مفتی کورس) کی کلاس کا آغاز ہورہا ہے۔

ولیکا کراچی میں درجہُ دورۃُ الحدیث شریف کاآغاز

افتتاحی تقریب میں استاذُ الحدیث مفتی حسان عطّاری مدنی کا بیان

درسِ نظامی یعنی عالم کورس کرنے والے طلبۂ کرام کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مَدِّ نظر رکھتے ہوئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کے علاوہ اس سال کراچی کےایک اور علاقے سائٹ ایریا ولیکا میں قائم جامعۃُ المدینہ فیضانِ غوثُ الاعظم میں بھی درجہ دورۃُ الحدیث شریف کا آغاز کردیا گیا ہے۔ شعبے کے ذمہ داران کی جانب سے اطلاع ملنے پر امیر اہلِ سنت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے طلبہ کےنام ایک پیغام جاری فرمایا جس میں آ پ نے کہا کہ تمام طلبہ دل لگاکر پڑھیں۔ حدیث پاک کا جتنا ادب کریں گے ، استاذُ الحدیث کا جتنا احترام کریں گے اِن شآءَ اللہ اتنی آپ کو برکتیں ملیں گی۔ اس پُرمسرت موقع پر استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطّاری مدنی ، اساتذہ و طلبائے کرام ، اراکینِ شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری ، حاجی محمد علی عطّاری اور جامعۃُ المدینہ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ ناظمِ جامعۃ المدینہ محمد شیراز عطّاری مدنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس دورۃ الحدیث شریف میں تقریباً 100 طلبۂ کرام حدیثِ رسول  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پڑھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔

دعوتِ اسلامی نے اپنا تعلیمی بورڈ بنام

 “ کنزُ المدارس بورڈ “ ترتیب د ےدیا

دعوتِ اسلامی کے جامعات المدینہ(گرلز ، بوائز)اور فیضان آن لائن اکیڈمی (گرلز ، بوائز) کی اسناد سرکاری اسناد کا درجہ رکھیں گی

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتِ تعلیم اور فنی تربیت حکومت پاکستان نے دعوتِ اسلامی کا تعلیمی بورڈ بنام “ کنزالمدارس “ منظور کرلیا ہے ، جو بھی جامعات و مدارس (طلبہ و طالبات)کنزالمدارس بورڈ پاکستان (رجسٹرڈ) سے الحاق کے بعد اس کے جاری کردہ نصاب کے امتحانات کنزالمدارس بورڑ کے تحت دیں گے ان کو کنزالمدارس بور ڈ کی رجسٹرڈ سند پیش کی جائے گی ، کنزالمدارس بورڈ سے جاری کردہ الشہادة العالمیہ کی سند ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے اصول کے مطابق ایم اے عربی و اسلامیات کے مساوی ہوگی ، بیرونِ ملک جامعات و مدارس کو بھی الحاق کی اجازت ہو گی ، بیرون ملک سے طلبہ کنزالمدارس بورڈ کے ذریعے تعلیم کا ویزہ لے کر دعوت اسلامی کے تعلیمی اداروں میں تعلیم بھی حاصل کر سکیں گے نیز مرکزی جامعۃُ المدینہ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کو بطور انسٹیٹیوٹ منظور کیا گیا ہے ۔

برطانیہ کی گورنمنٹ کی جانب سے

دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران کو تعریفی لیٹر جاری

کرونا وبا کے دوران شاندار فلاحی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، حکومتِ برطانیہ

Covid-19 کے دوران دعوتِ اسلامی کا فلاحی شعبہ FGRF دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کی انہی کاوشوں کو سراہتے ہوئے برطانوی گورنمنٹ نے دعوتِ اسلامی کے سات ذمہ داران کو Appreciation letter جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق افتخار عطّاری(شعبۂ تعلیم) ، غلام فرید عطّاری (FGRF) ، وسیم عطّاری (FGRF) ، محمد عتیق عطّاری (شعبہ کفن دفن) ، عبدالحنان عطّاری (شعبہ کفن دفن) ، منیب شاہ عطّاری(شعبہ کفن دفن) ، علی طلحہ عطّاری (شعبہ کفن دفن) کو Appreciation letter جاری کئے گئے اور Covid-19 کے دوران فلاحی خدمات انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

دعوتِ اسلامی کی جانب سےUK کے شہروں “ مِڈلینڈز “

اور “ ویلز “ میں صفائی آگاہی مہم جاری

مہم کا مقصدلوگوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا

اور ماحول کو صاف ستھرا بنانا ہے ، UK ذمہ دار

دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبے FGRF کی جانب سے UK کے شہروں مِڈلینڈز اور ویلزمیں Campaign Cleanliness Awareness یعنی صفائی آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے مختلف سڑکوں ، اسٹاپس اور شاپس پر صفائی سے متعلق ترمذی شریف کی حدیث پاک “ اللہ  پاک ہے ، پاکی پسند فرماتا ہے ، پاکیزہ ہے اور پاکیزگی کو پسند فرماتا ہے۔ (ترمذی ، ص4 / 365) “ سے مزین بینرز آویزاں کئے گئے۔ مہم میں برمنگھم (UK) کے نگران سید فضیل رضا عطّاری سمیت دیگر ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے حصہ لیا۔ اس موقع پر  UK پولیس اور لوکل گورنمنٹ نے بھی FGRF کا ساتھ دیا اور صفائی مہم کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی پذیرائی کی۔ اس مہم کے متعلق UK میں موجود دعوتِ اسلامی کے ایک ذمہ دار محمد وسیم عطّاری نے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کو بتایا کہ اس مہم کا مقصدلوگوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ، ماحول کو صاف ستھرا بنانا اور نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرمان “ صفائی نصف ایمان ہے “ کو عام کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اللہ  کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے۔ صاف ستھرا رہنے سے انسان بیماریوں کے جراثیم سے محفوظ رہتا ہے ، دُھلا ہوا لباس جسم کی حفاظت کرتا ہے اور بیرونی اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ جسمانی پاکیزگی اسی صورت میں قائم رہ سکتی ہے جب آپ کے اردگرد کا ماحول صاف ستھرا ہو۔ گھر ، گلی ، محلے اور اِرد گِرد کے علاقے میں گندگی کے ڈھیر نہ ہوں اور فضا آلودہ نہ ہوورنہ جراثیم ناک اور منہ کے راستے جسم میں داخل ہوجاتے ہیں اورنِت نئی بیماریوں کاسبب بنتے ہیں۔

World Wildlife Fund

اور شعبہFGRF کے درمیان معاہدے پر دستخط

دونوں ادارے ملک میں موجود ماحولیاتی بحران پر قابو پانے ، پاکستان کے شہری علاقوں اور جنگلات میں درختوں کی تعداد بڑھانے کے لئے عملی کوشش کریں گے

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے فرمان پر گرین پاکستان مہم کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارے فیضان گلوبل رِیلیف فاؤنڈیشن (FGRF) نے اسی سلسلے میں کامیابی کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے ماحولیاتی ادارے World Wildlife Fundکے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے ماحولیاتی بحران پر قابو پانے اور درختوں کی تعداد بڑھانے کی عملی کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں World Wildlife Fund کے ڈائریکٹر جنرل ، سینیئر ڈائریکٹر ، ریجنل ڈائریکٹر اور منیجر conservation سندھ نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ کیا جہاں ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری ، FGRF انٹرنیشنل آپریشن ذمہ دار و دیگر نے ان سے ملاقات کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی عبدُ الحبیب عطّاری نے شخصیات کو FGRF سمیت دیگر شعبہ جات اور دعوت اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ دورانِ ملاقات اس بات پر اتفاق ہوا کہ اس معاہدے کے تحت FGRFکو پاکستان بھر میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں سبسڈی ریٹ پر پودوں کی فراہمی اور ٹیکنیکل معاونت بھی فراہم کی جائے گی جبکہ FGRF بھی اپنے تجربے اور افراد کی مہارت سے World Wildlife Fund کو معاونت فراہم کرے گا۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code