مفتی قلّات (بلوچستان)سے تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے کنزُالایمان و خزائنُ العرفان کا بروہی زبان میں ترجمہ کرنے والے، مفتیِ قلّات، حضرت مولانا مفتی عبدالغفّار حلیمی صاحب کی خدمت میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

حاجی امتیاز عطّاری نے یہ انتہائی افسوس ناک خبر دی کہ آپ کے گھر کے کچن میں گیس سلنڈر پھٹنے کے سبب آپ کی زوجۂ محترمہ، دو صاحبزادیاں اور بڑی بہو انتقال فرماگئیں، جبکہ ایک صاحبزادی اور بہو شدید زخمی حالت میں کوئٹہ کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں،([1]) اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں حضورِ والا سے اور آپ کے صاحبزادوں سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے، اللہ پاک کی رضا پر راضی رہنےکی تلقین کرتا ہوں۔ ىاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! غم زدہ اور دُکھیارے حضرت مفتی عبدالغفار حلیمی صاحب کے شہزادوں کی امّی، صاحبزادیوں اور بہو کو غریقِ رحمت فرما، مولائے کریم! ان کے تمام چھوٹے بڑے گناہ معاف کردے، یااللہ! ان کی قبریں جنّت کا باغ بنیں، رحمت کے پھولوں سے ڈھکیں اور تاحدِّنظر وسیع ہوجائیں، مولائے کریم! ان کی قبریں نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صَدْقے روشن ہوجائیں،  یااللہ ! انہیں بے حساب مغفرت سے مشرَّف فرما کر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے حبیب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس اور خاتونِ جنّت، بی بی فاطمہ زہرا  رضی اللہ عنہا کا جَوار نصیب فرما، مولائے کریم! قبلہ مفتی صاحب اور تمام سوگواروں کو صبرِِجمیل اور صبرِِ جمیل پر اَجرِ جزیل مَرحمت فرما، یااللہ! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما، ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالتِ مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو عنایت فرما، بَوسیلۂ   رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا اجر و ثواب ان تمام مرحومین سمىت سارى اُمّت کو عطا فرما۔

مولائے کریم!حضرت مفتی عبدالغفّار حلیمی صاحب کی بہو کو شِفائے کاملہ، عاجِلہ، نافعہ عطا فرما، انہیں صحتوں، راحتوں، عافیتوں بھری طویل زندگی عنایت فرما، اے اللہ ! قبلہ مفتی صاحب اور خاندان والے سارا گھرانہ اُجڑ جانے کے سبب صدمے سے چور چور ہوں گے، ان پر رحمت کی نظر فرماکر ان کے غم دُور فرما، مولائے کریم!ان کو صبر کا عظیم خزانہ نصیب فرما، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کو وسوسوں، شیطانی اور نفسانی چالوں سے محفوظ فرما، مولائے کریم! ان کی خوشیاں اجڑ گئیں تُو ان کو مدینے کی حاضری اور پیارے محبوب   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے جلووں کی خوشیاں نصیب فرما،  پیارے حبیب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ان کو بار بار دیدار عطا کرکے انہیں خوش کردے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مرحومین کے مزید ایصالِ ثواب کے لئے بخاری شریف کی ایک حدیثِ قدسی بیان فرمائی) اللہ پاک فرماتا ہے:جب میں اپنے بندۂ مؤمن کی دنیا کی کوئی پیاری چیز لے لوں، پھر وہ صبر کرے تو میرے پاس اس کی جزا جنّت کے سوا کچھ نہیں۔ (بخاری،ج4،ص225،حدیث:6424)

اس حدیثِ قدسی کی شرح یوں بیان کی گئی ہے کہ  کسی شخص کے ماں باپ، بھائی بہن، بیوی یا اولاد میں سے یا ان کے علاوہ کوئی ایسا انسان فوت ہوجائے جس سے وہ محبت کرتا ہو اور اس کے فوت ہونے پر صبر کرے تو اللہپاک اسے جنّت عنایت فرمائے گا۔(ماخوذ ازمرقاۃالمفاتیح،ج 4،ص215،تحت الحدیث:1731)

واقعی دنیا آزمائشوں کا گھر ہے، اگر آزمائشوں پر صبر کیا جائے اور اللہ  پاک کی رضا پر راضی رہا جائے تو اس میں دونوں جہاں کا فائدہ ہے۔حضرت علّامہ علی قاری  رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: آزمائش کا آنا اللہ پاک کی محبت کی نشانی ہے لہٰذا جو آزمائش پرراضی رہتا ہے  اللہ پاک کا پیارا بندہ بن جاتا ہے اور جو اس پر ناراض ہوتا ہے وہ اللہ  پاک کا ناپسندیدہ بندہ بنتا ہے۔(مرقاۃ المفاتیح،ج 4،ص43، تحت الحدیث:1566)

اللہ کریم آپ کو صبر دے، آپ کے حال پر رحم فرمائے۔ مجھے آپ سے ہمدردی ہے،ظاہر ہے جو صدمہ آپ کو پہنچا ہے وہ آپ ہی سمجھ سکتے ہیں، ہم نہیں۔ اللہ پاک سے عافیت کا سوال ہے۔ بے حساب مغفرت کی دُعا کا مُلْتَجِی ہوں۔



([1])چند دنوں بعد زخمی صاحبزادی کا بھی انتقال ہوگیا تھا ۔


Share

Articles

Comments


Security Code