Shab e Meraj Aur Deedar e Ilahi

Book Name:Shab e Meraj Aur Deedar e Ilahi

اور کسی نے یُوں اس کو نظم کیا!!!

نور نے تلووں کو سہلا کر جگایا خواب سے       یُوں ہوئی سرکار کی مِعْراجِ جسمانی شروع

پہلے تو وہ ہمرکابِ سرورِ کونین تھا              ہو گئی جبریل کی سِدْرَہ سے حیرانی شروع

پیارے اسلامی بھائیو! معلوم ہوا کہ سِدْرَۃ ُالْمُنْتَہیٰ سے آگے خاص نُورانی تجلیات شروع ہوئیں، گویا یہ قُربِ خاص کی ابتدا تھی، پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ان تجلیات سے گزرتے ہوئے، اللہ پاک کے حُضُور قُربِ خاص میں تشریف لے گئے۔

صِدِّیقِ اکبر کی آواز جیسی آواز

پیارے اسلامی بھائیو! یہ دَنیٰ کا بیان ہے یعنی حضور مُحَمَّد مصطفےٰ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ جلوۂ نُورِ اِلٰہی کے قریب ہو رہے ہیں، یہ قرب کس شان کے ساتھ ہوا، آپ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ فرماتے ہیں: سدرہ سے گزر کر مجھے نُور میں ڈال دیا گیا، میں 70 ہزار حجابات سے گزرتا ہوا آگے بڑھا۔ یہاں مجھے کچھ تنہائی محسوس ہوئی۔ اس وقت میں نے ایک آواز سُنی جو حضرت ابوبکر صِدِّیق رَضِیَ اللہ عنہکی آواز مبارک سے ملتی جلتی تھی۔([1])

کہا گیا: قِفْ یَا مُحَمَّد! اِنَّ رَبَّکَ یُصَلِّیْ یعنی اے مَحْبُوب  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ !اِنتظار فرمائیے! آپ کا رَبّ صلوٰۃ فرماتا ہے۔ آپ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے دِل ہی دِل میں سوچا: اَرَبِّی یُصَلِّیْ؟ کیا میرا رَبّ صلوٰۃ فرماتا ہے؟ فرمایا گیا: اے مَحْبُوب  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ! وہ اللہ پاک ہے جو خود بھی اور اس کے فرشتے بھی آپ پر درود بھیجتے ہیں۔([2])

سُبْحٰنَ اللہ ! کیا شان ہے ہمارے آقا و مولیٰ، مکی مَدَنی مصطفےٰ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی...!!


 

 



[1]... مواہب اللدنیہ مع شرح زرقانی، المقصد الخامس...الخ، جلد:8، صفحہ:195۔

[2]... اَلْیوَاقِیْتُ وَ الْجَواہِر،جزء:2،المبحث الرابع والثلاثون فی بیان صحۃ...الخ، صفحہ:276 بتغیر قلیل۔