Book Name:Dawateislami Faizan e Raza Hai
جہاں مسجد کے چندے سے 12 دن تک چراغاں کا عرف (یعنی معمول) نہ ہو تو اِس کام کیلئے الگ سے چندہ کر کے 12دن تک چراغاں کیا جا سکتا ہے۔ سارے علاقے کو مَدَنی پرچموں اور رنگ برنگے بلبوں سے سجا کر دُلہن بنادیجئے۔ ممکن ہو تومسجِد، گھر کی چھت اور چوک وغیرہ پر راہ گیروں اورسواریوں کو تکلیف سے بچاتے ہوئے حقوقِ عامہ(Public Rights) تلف کئے بغیر فضا میں معلَّق (یعنی لٹکے ہوئے) 12میٹر کے یاموقع کی مناسبت سے بڑے بڑے پرچم لہرائیے۔ بیچ سڑک پر پرچم مت گاڑیئے کہ اس سے ٹریفک کا نظام مُتأَثِّر ہوتا ہے، پرچم گاڑنے کیلئے فٹ پاتھ (Foot path) بھی مت کھودیئے، خبردار! گلی وغیرہ میں کہیں بھی اِس طرح کی سجاوٹ نہ کیجئے جس سے لوگوں کا راستہ تنگ ہو اور اُن کی حق تلفی اور دل آزاری ہو۔ (یاد رہے! ان سجاوٹوں کیلئے بھی بجلی چوری کرنا حرام ہے ، لہٰذا اس سلسلے میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے سے رابِطہ کر کے جائز ترکیب بنایئے)
مشرق و مغرب میں اِک اِک بامِ کعبہ پر بھی ایک نصب پرچم ہوگیا، اَھْلاً وَّسَھْلاً مرحبا
(7):ہراسلامی بھائی حسبِ توفیق مکتبۃُ المدینہ کے دینی رسائل اور مَدَنی پھولوں کے مختلف پمفلٹ جلوسِ میلاد میں بانٹے ۔اِسی طرح سارا سال اپنی دکان وغیرہ پر تقسیم رسائل کا اہتمام فرماکر نیکی کی دعوت کی دھومیں مچائیے ۔ شادی کی دعوتوں اور ایصالِ ثواب کے اجتماعات میں اور مرحوموں کے ایصالِ ثواب کی خاطر بھی تقسیم رسائل کی ترکیب کیجئے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دیجئے۔اور سبھی ہفتہ وار رسالہ پڑھنے یا سننے کی سعادت حاصل کیجئے، اور ہر سال مزید 12ماہ کیلئے ما ہنامہ فیضانِ مدینہ کی بکنگ کروائیں۔
چار سُو رحمتوں کی ہوائیں چلیں، ہو گئی جس سے ساری فضا دل نشیں
مسکراؤ سبھی آ گئے ہیں نبی، غم کے مارو تمہاری خوشی کے لئے