نیک
اعمال کی جہاں بے شمار برکتیں ہیں وہیں
ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ان کے سبب اللہ پاک بندے کے گناہوں کو بخش دیتا ہے۔ احادیثِ مبارَکہ میں بہت سی ایسی عبادات،اعمال اور دُعائیں بیان کی گئی ہیں
جن کے سبب بندے کے گناہ مٹا دئیے جاتے ہیں آئیے 9ایسی نیکیوں کے بارے میں فرامینِ
مصطفےٰ ملاحظہ کیجئے جن پر گناہوں کے مِٹنے کی بشارت ہے:
9
فرامینِ مصطفےٰ
(1)دُرود و سلاماللہ پاک کی خاطِر آپس میں مَحبّت رکھنے والے جب باہَم ملیں اور مُصَافَحَہ کریں اور نبی (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم) پر دُرُودِ پاک بھیجیں تو اُن کے جُدا ہونے سے پہلے دونوں کے اگلے پچھلے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔(مسندابی یعلیٰ،ج 3،ص95، حدیث:2951) (2) یٰسٓ شریف کی تلاوت کیجئے جو اللہ پاک کی رضا کے لئے سُورۂ 8 پڑھےتو اس کے گزشتہ گناہ بخش دیئے جائیں گے لہٰذا تم اسے مرنے والوں کے پاس پڑھا کرو۔( شعب الایمان،ج 2،ص479، حدیث: 2458) (3)سُورۃُ سُورَۃُ الْکَہْف بھی پڑھ لیجئےجو شخص جُمعہ کے روز سُورَۃُ الْکَہْف پڑھے اُس کے قدم سےآسمان تک نُور بُلند ہوگا جو قِیامت میں اس کیلئے روشن ہوگا اور دو جُمُعوں کے درمیان جو گناہ ہوئے ہیں بخش دیئے جائیں گے۔(الترغیب والترھیب،ج1،ص298، حدیث:2) (4)استغفار پڑھئےجو شخص جُمعہ کے دن نمازِ فجر سے پہلے تین بار اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الَّذِیْ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہ پڑھے اس کے گناہ بخش دیئے جائیں گے اگرچہ سمندرکے جھاگ سے زیادہ ہوں۔(معجم اوسط،ج 5،ص392، حدیث:7717)(5)اولاد کو قراٰن پڑھنا سکھائيے جس نے اپنے بیٹے کو ناظرہ قراٰنِ مجید پڑھنا سکھایا، اس کے اگلے پچھلے گناہ بخش دیئے جائیں گے اور جس نے اپنے بچّے کو حافظِ قراٰن بنایا تو اللہکریم اس باپ کو چودہویں رات کے چاند کی مانند اٹھائے گا اور اس کے بیٹے سے کہا جائے گا:پڑھ! تو جب بھی وہ ایک آیت پڑھے گا، اللہ پاک اس کے باپ کا ایک دَرَجہ بلند فرمادے گا یہاں تک کہ وہ پورا قراٰن ختم کرلے۔(معجم اوسط،ج 1،ص524، حدیث:1935)(6،7)اِشراق و چاشت پڑھئےجوشخص نمازِ فجر سے فارغ ہوکر اپنی جگہ بیٹھا رہے یہاں تک کہ اِشْراق کے نفل پڑھ لے اور صرف خیر ہی بولے تو اس کے گناہ بخش دیئے جائیں گے اگرچہ سمندرکے جھاگ سےزیادہ ہوں۔(ابوداؤد،ج2،ص41، حديث:1287) اُمُّ المؤمنین حضرتِ سَیِّدَتُنا عائشہ صدِّیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:میں نے نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے سنا: جو نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد اپنی جگہ بیٹھا رہے اور کوئی دُنیوی بات نہ کرے اوراللہپاک کا ذکرکرتا رہے، پھر چاشت کی چار رکعتیں ادا کرے تو گناہوں سے ایسا پاک ہوجائے گا جیسا اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جَنا تھا کہ اس پر کوئی گناہ نہ تھا۔(مسند ابی یعلیٰ،ج4،ص9، حدیث:4348) (8)مسلمان بھائی کے بغض و کینہ سے بچئے جو کوئی اپنے مسلمان بھائی کی طرف محبت بھری نظر سے دیکھے اور اس کے دل یا سینے میں عَداوَت نہ ہوتو نگاہ لوٹنے سے پہلے دونوں کے پچھلے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔(شعب الایمان،ج 5،ص270، حدیث:6624) (9)لباس پہنتے وقت یہ دُعا پڑھئے جو شخص کپڑا پہنے اور یہ دُعا پڑھے: ”اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ کَسَانِیْ ھٰذَا وَ رَزَقَـنِیْہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِّنِّی وَلَا قُـوَّۃٍ یعنی تمام تعریفیں اللہ پاک کے لئے ہیں جس نے مجھے یہ(لباس) پہنایا اور میری طاقت و قوت کے بغیر مجھےیہ عطا فرمایا“ تو اُس کے اگلے پچھلے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔(مستدرک،ج5،ص270، حدیث:7486)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…شعبہ فیضان صحابہ و اہل بیت المدینۃ العلمیہ باب المدینہ کراچی
Comments