نئے لکھاری (2)

نماز نہ پڑھنے کی پانچ سزائیں

ماہنامہ فروری 2021

اسلام کے پانچ ارکان ہیں ان میں سے ایک نماز بھی ہے۔ نماز ہر مسلمان عاقل ، بالغ ، مرد و عورت پر دن میں پانچ مرتبہ فرض کی گئی ہے ، اس کی فرضیت کا منکر کافر ہے جہاں نماز پڑھنے کے بےشمار دینی و دنیوی ثوابات ہیں وہیں نماز نہ پڑھنے کےدینی ، دنیوی عذابات اور نقصانات بھی ہیں۔ عام طور پر دیکھا جائے تو ہمارے معاشرے میں ایک تعداد ہے جو نماز نہیں پڑھتی اگر انہیں نماز پڑھنے کا کہا جائے تو کہتے ہیں اللہ غَفٌورٌ رَّحِیْم ہے وہ معاف کردے گا ایسوں کی خدمت میں عرض ہے جہاں غَفٌورٌ رَّحِیْم ہونا پروردگارِ عالم کی صفت ہے وہیں قَہَّار و جَبَّار ہونا بھی اس کی صفات میں سے ہے۔ اس نے نماز نہ پڑھنے والوں کے لئے سزائیں مُقرّر فرمائی ہیں ان میں سے پانچ سزاؤں کے بارے میں سنیئے اور لرزئیے :

(1)ہولناک کنواں : جہنم میں ایک وادی ہے جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے اس میں کنواں ہے جس کا نام “ ہَب ہَب ہے جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے اللہ پاک اس کو کھول دیتا ہے جس سے وہ بدستور بھڑکنے لگتی ہے ، جیساکہ اللہ پاک کا فرمان ہے : ( كُلَّمَا خَبَتْ زِدْنٰهُمْ سَعِیْرًا(۹۷) ) ترجمۂ کنزُ الایمان : جب کبھی بجھنے پر آئے گی ہم اسے اور بھڑکادیں گے۔ ([i])  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  (2)جہنّم کی وادی : کتاب الکبائر میں ہے کہ جہنم میں ایک وادی ہے جس کا نام “ وَیْل “ ہے اگر اس میں دنیا کے پہاڑ ڈالے جائیں تو وہ بھی اس کی گرمی سے پگھل جائیں اور یہ ان لوگوں کا ٹھکانہ ہے جو نماز کو سُستی کی وجہ سے وقت کے بعد قضا کر کے پڑھتے ہیں مگر یہ کہ وہ اپنی کوتاہی پر نادم ہوں اور بارگاہِ خداوندی میں توبہ کریں۔ ([ii]) (3)اللہ کریم کا غضب : اللہ کریم نے حضرت سیّدنا داؤد  علیہ السَّلام کو وحی فرمائی : اے داؤد بنی اسرائیل سے کہو کہ جس نے ایک بھی نماز چھوڑی وہ مجھ سے قیامت کے دن اس حال میں ملے گا کہ میں اس پر غضب فرماؤں گا۔ ([iii]) (4) بے نمازی پیپ اور خون پئے گا : نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : جس نے نشے کی حالت میں ایک مرتبہ نمازچھوڑی گویا دنیا اور جو کچھ اس میں موجود سب کچھ اس کے پاس تھا اس سے چھین لیا گیا اور جس نے چار مرتبہ نشے کی حالت میں نماز چھوڑی اللہ پاک پر حق ہے کہ اسے طِینۃُالخَبَال سے پلائے ، عرض کی گئی “ طینۃُ الخبال کیا ہے؟ تو ارشاد فرمایا : جہنمیوں کا نچوڑ۔ ([iv]) (5) حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : جو شخص نماز کی حفاظت کرے اس کے لئے نماز قیامت کے دن نور ، د لیل ، اور نجات ہو گی اور جو اس کی حفاظت نہ کر ے اس کے لئے بروز قیامت نہ نور ہو گا اور نہ دلیل اور نہ نجات اور وہ شخص قیامت کے دن فر عون ، قارون ، ہامان اور اُبی بن خلف کے ساتھ ہو گا۔ ([v])

 خدارا ان سزاؤں پر غور کریں ، اپنی آخرت کو سنواریں! دنیا کچھ دن کی چاندنی ہے ہمیشہ کی زندگی کی تیاری کریں اور نماز کی پابندی کریں ایک سچّے عاشقِ الٰہی وعاشقِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ نماز میرے رب نے فرض کی ہے میں نے اسے ہرگز نہیں چھوڑنا یہ میرے محبوب کا حکم ہے۔

 اللہ کریم ہم سب کو نماز کی پابندی کی توفیق عطا فرمائے ۔   اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

بنتِ شاہنواز عطّاریہ

(درجۂ رابعہ جامعۃُ المدینہ للبنات خوشبوئے عطّار ، واہ کینٹ)



([i])فیضان نماز ، ص 422 ، پ ، 15 ، بنی اسرائیل : 97

([ii])کتاب الکبائر ، ص19

([iii])الزھر الفائح للامام الجزری ، مترجم ، ص 52 ملخصاً

([iv])مسند احمد بن حنبل ، 2 / 593 ، حدیث : 6671

([v])مسند امام احمد ، 2 / 574 ، حدیث : 6587


Share