سفر نامہ

UK کا سفر (چوتھی اور آخری قسط)

* مولانا عبدالحبیب عطاری

ماہنامہ فروری 2021

UKکے اس سفر کے دوران25دسمبر2019ء بدھ کا دن نہایت مصروفیت میں گزرا۔

شخصیات اجتماع : برمنگھم کے قریبی قصبے میں مقیم شخصیت سے ملاقات کے بعد ہماری اگلی منزل والسال (Walsall) تھی جہاں بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد اور دیگر شخصیات کی ایک تعداد جمع تھی۔ یہاں نگرانِ شوریٰ نے بیان فرمایا جس کے بعد شخصیات سے ملاقات کا سلسلہ بھی رہا۔ عظیمُ الشّان اجتماع : شخصیات اجتماع کے بعد ہم ڈربی روانہ ہوئے ، یہاں دعوتِ اسلامی کا مدنی مرکز فیضانِ مدینہ موجود ہے لیکن شُرکا کی تعداد کے پیشِ نظر ایک بہت بڑے ہال میں اجتماع کا انتظام کیا گیا تھا۔ مَا شَآءَ اللّٰہاس اجتماع میں  ہزاروں عاشقانِ رسول جمع تھے۔ یہاں مجھے نعت شریف پڑھنے اور مختصر بیان کرنے کی سعادت ملی جس کے بعد نگرانِ شوریٰ نے سنّتوں  بھرا بیان فرمایا ، بیان کے بعد کافی دیر تک اسلامی بھائیوں سے ملاقات کا سلسلہ جاری رہا۔

ملاقات کے بعد ہم ڈربی کے فیضانِ مدینہ حاضر ہوئے جہاں ذمّہ دار اسلامی بھائیوں کے ساتھ کھانا کھایا اور مدنی پھولوں کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر نگرانِ شوریٰ نے اجتماع کی تیاریوں اور اتنی بڑی تعداد میں اسلامی بھائیوں کو جمع کرنے پر ذمّہ داران کی حوصلہ افزائی بھی فرمائی۔

گزشتہ 5دن سے ہم برمنگھم ریجن میں موجود تھے۔ فیضانِ مدینہ ڈربی سے فارغ ہونے کے بعد ہم راتوں رات لندن ریجن کی طرف روانہ ہوئے اور ہمارا پہلا پڑاؤ لیوٹن (Luton) تھا۔ لیوٹن پہنچ کر ہم نے آرام کیا۔ نیکیوں میں مقابلہ : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اس بار UK کے ہر ریجن میں4اجتماعات کا سلسلہ رکھا گیا تھا۔ عوامی اجتماع ، شخصیات اجتماع ، اسٹوڈنٹ اجتماع اور مختلف ملکوں اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائیوں کا اجتماع۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہوا کہ مختلف ریجن کے ذمّہ داران کے درمیان مقابلے (Competitions) کی فضا قائم ہوئی اور نیکی کی دعوت کے معاملے میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کے لئے اسلامی بھائیوں نے خوب کوششیں کی۔ اللہ کریم تمام اسلامی بھائیوں کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ جامعۃُ المدینہ آمد : اگلے دن نمازِ ظہر کے بعد نگرانِ شوریٰ جامعۃُ المدینہ لیوٹن (Luton)تشریف لے گئے جہاں آپ نے طلبۂ کرام اور ان کے سرپرستوں (Guardians) کے درمیان سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ بلالی اسلامی بھائیوں کا اجتماع : لیوٹن سے لندن شہر کا سفر تقریباً1گھنٹے پر مشتمل ہے۔ نگرانِ شوریٰ کی جامعۃُ المدینہ روانگی  کے دوران میں لندن روانہ ہوا جہاں آج مختلف ملکوں کے اسلامی بھائیوں کا سنّتوں بھرا اجتماع تھا۔ لندن میں اجتماع گاہ پہنچ کر ہم نے پہلے نمازِ عصر ادا کی۔ یہاں مَا شَآءَ اللّٰہ صومالیہ اور تنزانیہ سمیت کئی ممالک کے بالخصوص بلالی (سیاہ فام) اسلامی بھائیوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی۔ اجتماع گاہ میں جب قصیدۂ بُردہ شریف پڑھا گیا تو ایک عجیب روح پرور منظر تھا اور بلالی اسلامی بھائی بھی مل کر پڑھ رہے تھے۔ یہاں پہنچ کر معلوم ہوا کہ افریقی اسلامی بھائی حُضور سیّدُنا شیخ عبدالقادر جیلانی المعروف غوثِ اعظم  رحمۃ اللہ علیہ  کے دیوانے ہیں اور ان کا نام بڑی عقیدت و محبت سے لیتے ہیں۔ قصیدۂ بُردہ شریف کے بعد میں نے غوثِ پاک  رحمۃ اللہ علیہ  کی منقبت “ شَیْئًا لِلّٰہ یاعَبْدَالقادر “ پڑھی تو بھی حاضرین نے خوب ساتھ دیا۔ اس کے بعد میں نے مختصر بیان کیا جس میں حضرت سیّدُنا بلال حبشی  رضی اللہ عنہ  کے کچھ واقعات سنائے۔

اسی دوران نگرانِ شوریٰ اجتماع گاہ میں تشریف لے آئے۔ چونکہ بلالی اسلامی بھائی صرف عربی یا انگلش جانتے ہیں اس لئے نگرانِ شوریٰ نے جو بیان فرمایا ساتھ ساتھ اس کا ترجمہ بھی ہوتا رہا۔

بیان کے بعد اسلامی بھائیوں سے بڑے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی۔ نگرانِ شوریٰ نے ان اسلامی بھائیوں کو یہ ذہن دیا کہ صومالیہ ہو ، تنزانیہ ہو یا کوئی اور ملک ہو ، دنیا کے تمام مسلمان ہمارے بھائی ہیں اور دعوتِ اسلامی سب کی ہے۔ ہمارا مدنی مقصد بھی یہی ہے کہ “ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔ “ اپنی آخرت کی بہتری اور آنے والی نسلوں کی دُرست تربیت کے معاملے میں دعوتِ اسلامی آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سنّتوں بھرا اجتماع : اس اجتماع سے فارغ ہوکر ہم نے ایک اسلامی بھائی کے گھر جاکر کچھ دیر آرام کیا جس کے بعد لندن کے علاقے ولزن گرین (Willesden Green) میں واقع برینٹ مسجد میں ہونے والے سنّتوں بھرے اجتماع میں حاضر ہوئے۔ یہ لندن ریجن کا عوامی اجتماع تھا جس میں مَا شَآءَ اللّٰہ ہزاروں اسلامی بھائی شریک ہوئے۔ یہاں پہلے مجھے نعت شریف پڑھنے اور دُرودِ پاک کی فضیلت پر کچھ بیان کرنے کی سعادت ملی جس کے بعد نگرانِ شوریٰ نے “ غیبت کی تباہ کاریاں “ کے موضوع پر زبردست بیان فرمایا۔ اس کے بعد جب ذِکْر اور دُعا کا سلسلہ ہوا تو رِقّت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ اجتماع کے بعد اسلامی بھائیوں سے ملاقات کا ایک طویل سلسلہ ہوا جو کافی دیر جاری رہا۔ نگرانِ شوریٰ کے بیانات : اس سفر میں مختلف اجتماعات میں ہونے والے نگرانِ شوریٰ کے بیانات مدنی چینل پر براہِ راست (Live) دکھائے گئے تھے۔ اگر ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین بھی ان بیانات کی برکتیں حاصل کرنا چاہیں تو مدنی چینل کے فیس بک پیج Madani Channel Live اور یوٹیوب چینلMadani Channel Urdu Live پر دیکھ سکتے ہیں۔ مسلمانوں کا دل خوش کیجئے : ملاقات سے فارغ ہونے کے بعد ذمّہ داران نے بتایا کہ ایک اسلامی بہن جو دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کے حوالے سے کافی متحرک (Active)  ہیں ان کے بچّوں کے ابو شدید بیمار ہیں۔ اگر ان کے گھر جاکر بیمار اسلامی بھائی پر دَم اور ان کے لئے دُعا کردی جائے تو ان کی دِل جوئی ہوجائے گی۔ تقریباً40سے50منٹ سفر کرکے ہم ان کے گھر پہنچے ، بیمار اسلامی بھائی پر دَم کیا اور ان کے لئے دُعا کی جس پر وہ کافی خوش  نظر آئے۔

پیارے اسلامی بھائیو! اگر ہمارے تھوڑی سی زحمت اٹھانے سے کسی مسلمان کی مشکل آسان ہوتی ہو یا انہیں خوشی حاصل ہوتی ہو تو ہمیں ضرور اس کا اہتمام کرنا چاہئے۔ فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : فرائض کے بعد اللہ پاک کے نزدیک  سب سے پیارا عمل مسلمان کا دل خوش کرنا ہے۔

(معجم کبیر ، 11 / 59 ، حدیث : 11079)

نمازِ جمعہ سے قبل بیان : یہاں سے فارغ ہوکر جب ہم اپنی قیام گاہ پہنچے تو نگرانِ شوریٰ کے ساتھ کچھ مشاورت کا سلسلہ رہا اور رات تقریباً اڈھائی بجے آرام کا موقع ملا۔ نمازِ فجر کے بعد بھی کچھ دیر آرام کیا اور پھر بیدار ہوکر نمازِ جمعہ کی تیاری شروع کی۔ آج نگرانِ شوریٰ نے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سلاؤ جبکہ میں نے لندن کی ہیرو اسٹریٹ پر واقع گرینڈ مسجد میں نمازِ جمعہ سے قبل بیان کرنا تھا۔ جب میں مسجد پہنچا تو مَا شَآءَ اللّٰہ افریقہ اور یورپ سمیت کئی ممالک کے ہزاروں عاشقانِ رسول موجود تھے۔ یہاں مجھے “ جمعہ کی فضیلت اور سایۂ عرش کن خوش نصیبوں کو ملے گا “ کے موضوع پر انگلش و اُردو میں مکس بیان کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ صلوٰۃ و سلام پڑھنے کا نرالا انداز : نمازِ جمعہ کے بعد جب صلوٰۃ و سلام پڑھنے کا وقت آیا تو ایک اچھوتا اور دلچسپ منظر نظر آیا۔ 11یا 12اسلامی بھائیوں نے مل کر اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلِ سنّت کا مشہور سلام “ مصطفےٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام “ پڑھا ، ایک کے بعد ایک اسلامی بھائی ایک ایک شعر پڑھتے جاتے۔ یوں تو مجھے دنیا کے کئی ممالک میں صلوٰۃ و سلام پڑھنے کا موقع ملا ہے لیکن یہ محبت بھرا انداز پہلی بار دیکھنے کو ملا۔ یہاں سے فارغ ہونے کے بعد ایک اسلامی بھائی کے گھر جانا ہوا جہاں ہمارے لئے کھانے کا سلسلہ تھا۔ یہاں مذکورہ مسجد کے صدر بھی آئے ہوئے تھے جنہوں نے دعوتِ اسلامی کے ساتھ کافی محبت کا اظہار کیا۔

یہاں سے روانگی کے بعد آج کے دن یعنی 30دسمبر2019  تک   مدنی کاموں کے حوالے سے مزید کئی مصروفیات  رہیں اور پھر اسی رات میری پاکستان واپسی ہوگئی۔ نگرانِ شوریٰ مزید ایک ہفتہ یعنی 3 جنوری 2020ء تکUK میں موجود رہے اور اس دوران آپ نے کئی سنّتوں بھرے اجتماعات میں بیان ، شخصیات سے ملاقات اور ذمّہ داران کے مدنی مشوروں سمیت کثیر مدنی کاموں میں شرکت فرمائی۔

اللہ پاک کے فضل و کرم سےUK کا یہ سفر نہایت مفید رہا اور اس کی برکت سے دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں خوب ترقی کی امید پیدا ہوئی۔ اللہ کریم ہمارے اس سفر کو قبول فرمائے اور جب تک دَم میں دم ہے اپنے دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل

 


Share

Articles

Comments


Security Code