مدنی مذاکرے کے سوال جواب
ماہنامہ فروری 2021
(1)اِعلانِ نُبوّت سے پہلے کے دوست
سُوال : کیا پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اعلانِ نبوت سے پہلے بھی حضرت ابوبکر صدّیق رضی اللہ عنہ آپ کے ساتھ تھے؟
جواب : حضرت سَیِّدُنا صدّیق اکبر رضی اللہ عنہ کا سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ اعلانِ نُبوّت سے پہلے بھی دوستانہ تعلق تھا۔ جب پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اعلانِ نُبوّت کے بعد انہیں اِسلام کی دعوت دی تو انہوں نے فوراً اسلام قبول کرلیا۔ (الریاض النضرۃ ، 1 / 84)حضرت سَیِّدُنا صدّیق اکبر رضی اللہ عنہ نے زندگی میں کبھی بُت پَرستی نہیں کی تھی۔ (فتاویٰ رضویہ ، 28 / 458-مدنی مذاکرہ ، 4 مُحرَّمُ الحَرام 1441ھ)
(2)اَبُو بَکْر نام کا صحیح تلفُّظ کیا ہے؟
سُوال : صحیح تلفُّظ کیا ہے؟ ابو بَکْر یا ابو بَکَر؟
جواب : صحیح تلفُّظ ابو بَکْر(اَبو۔ بَکْ۔ ر) ہے۔ بہت سارے الفاظ ایسے ہیں جن کا عام لوگ صحیح تلفُّظ ادا نہیں کرتے۔ جیسے ذِکْر اور فِکْر کو ذِکَر اور فِکَر ، قَبْر کو قَبَر ، قرآن(قُرْ۔ آن) شریف کو قُران سَریف ، سُبْحٰنَ اللہ کو سُبَانَ اللہ ، اَلْحَمْدُ لِلہِ کو اَلَمْدُلَا اور اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ کو سَامْ عَلَیْکُمْ یاسَالِیْکُم وغیرہ بولتے ہیں۔ اِسی طرح اَعُوْذُ بِاللّٰہ اور بِسْمِ اللہ بھی صحیح نہیں پڑھتے۔ حالانکہ یہ سب دینی الفاظ و اَذکار ہیں۔ اِن کا صحیح تلفُّظ ادا کرنا ضَروری ہے اور یہ سیکھنے سے ہی آئے گا۔ اللہ پاک ہم کو اچّھا اور صحیح کردے۔ (مدنی مذاکرہ ، 4 مُحرَّمُ الحَرام 1441ھ)
(3)خواجہ غریب نواز نے کتنے دن کا چلہ کیا؟
سُوال : خواجہ معینُ الدّین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ نے کتنے دن کا چِلّہ کاٹاتھا؟
جواب : “ چِلّہ “ کے لفظی معنیٰ ہیں : چالیس دن کا عرصہ ، چالیس دن کا عمل وغیرہ اور جہاں کسی بُزُرگ نے چلّہ کشی کی ہو اُس جگہ کو بھی “ چِلّہ “ بولتے ہیں۔ بہرحال خواجہ غریب نواز نے داتا دربار میں چلّہ کیا یعنی عبادت فرمائی یہ تو کتابوں میں لکھا اور یادگار کے طور پر اس جگہ پر آپ کا “ چلہ “ بھی بنا ہوا ہے لیکن یہ عبادت کتنے دن کی ہے اس کی صراحت کسی سیرت کی کتاب میں لکھی ہوئی ہوگی لیکن مجھے معلوم نہیں۔ (مدنی مذاکرہ ، 21 جُمادَی الْاُخْرٰی1441 ھ)
(4)غریب نواز کا معنی کیا ہے؟
سُوال : آپ کو رجب کا مہینا مبارک ہو۔ یہ ارشاد فرمائیے کہ غریب نواز کے کیا معنی ہیں؟
جواب : آپ کو بھی رجب کا مہینا مبارک ہو ، “ غریب نواز “ کا معنی ہے : غریبوں کو نوازنے والا ، غریبوں پر سخاوتو ں کے دروازے کھولنے والا او ر ان کی جھولیاں بھرنے والا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! ہمارے خواجۂ خواجگان حضور غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ غریبوں کو نوازنے والے اور سخاوتوں سے مالا مال کرنے والے ہیں۔
(مدنی مذاکرہ ، 21 جُمادَی الْاُخْرٰی1441 ھ)
(5)اجمیر شریف کا سفر اور منقبت خوانی
سُوال : کیا آپ کی خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں کبھی حاضری ہوئی ہے؟
جواب : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! مجھے اجمیر شریف کا سفر نصیب ہوا ہے اور وہاں خواجہ صاحب کی منقبت عرض کرنے کی بھی سعادت ملی ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 21 جُمادَی الْاُخْرٰی1441 ھ)
(6)رجبُ المرجب کو اللہ کا مہینا کیوں کہا جاتا ہے ؟
سُوال : رجب المرجب کو اللہ کا مہینا کیوں کہا جاتا ہے ؟
جواب : رجب المرجب کو اللہ کا مہینا اس لئے کہا جاتا ہے کہ میرے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس کو شَہْرُ اللّٰہ یعنی اللہ پاک کا مہینا فرمایا ہے ، اسی لئے ہم بھی اللہ کا مہینا کہتے ہیں۔ پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا ہے کہ شعبان میرا مہینا ہے۔ (شعب الایمان ، 3 / 374 ، حدیث : 3813) تو ہم شعبان کو آقا کا مہینا بولتے ہیں۔
(مدنی مذاکرہ ، 21 جُمادَی الْاُخْرٰی1441ھ)
(7)ماہِ رجب میں دُرُود و استغفار کی کثرت کیجئے
سُوال : سنا ہے ماہِ رجب میں استغفار کرنا چاہئے ، آپ یہ ارشاد فرمائیے کہ اس ماہِ مبارک میں دُرود پاک کتنا پڑھا جائے اور استغفار کتنا پڑھا جائے؟
جواب : رجبُ المرجب کے مہینے میں استغفار بھی کریں اور درود شریف بھی پڑھیں۔ اگر ہم فضول باتوں کو چھوڑ کر کثرت سے درود شریف پڑھنے والے بن جائیں تو ہمارے پاس وقت ہی وقت ہوگا ، خوب استغفار بھی کریں اور درود شریف بھی پڑھیں۔ (مدنی مذاکرہ ، یکم رجب المرجب1441 ھ )
(8)حَسَد کا علاج
سُوال : اگر کسی کے پاس مال دیکھ کر خود بخود حَسَد ہو جائے تواس کا کیا علاج ہے؟
جواب : دِل میں حَسَد کی کیفیت پیدا ہو تو بندہ اس کو ٹالے ، یہ ذہن بنا لینا کہ فلاں کی نعمت چلی جائے “ حسد “ ہے اور اگر یہ ذہن بنتا ہے کہ اللہ پاک نے فلاں کو کیسا نوازا ہے ، کاش! میں بھی ایسا ہو جاؤ ں ، تو یہ “ رَشک “ ہے جسے عربی میں غِبطہ کہتے ہیں اور یہ جائز ہے۔ (احیاء العلوم ، 3 / 234 ، 235ملتقطاً-مدنی مذاکرہ ، یکم ربیع الآخر 1441ھ)
(9)مَخصوص چیزوں پر نِیاز دِلانے کا حکم
سُوال : مُحَرَّمُ الْحَرام میں لوگ کھچڑے پر ، 15شَعْبانُ الْمُعَظّم کو حلوے پر اور اِمام جعفر صادِق رحمۃ اللہ علیہ کے عُرس کے سلسلے میں کونڈے پر نِیاز دلاتے ہیں۔ کیا اِن چیزوں کے علاوہ کسی اور چیز پر نِیاز نہیں ہوسکتی؟
جواب : یہ چیزیں Fix (مُقَرَّر) نہیں ہیں ، اِن کے علاوہ دیگر چیزوں پر بھی نِیاز دلائی جاسکتی ہے۔ لیکن اگر کوئی صرف اِنہی چیزوں پر نیاز دلاتا ہے تو اِسے ناجائز نہیں کہہ سکتے ، کیونکہ شریعت نے اِن چیزوں کو حَلَال کہا ہے۔ جیسے اگر کوئی صبح ناشتے میں انڈہ آملیٹ اور روٹی ، دوپہر کو گوشت اور چاول جبکہ رات کو کھچڑی کھاتا ہو اور یہی برسوں سے اُس کا معمول ہو تو اِسے ناجائز نہیں کہا جاسکتا ، کیونکہ یہ سب چیزیں حَلال ہیں۔
(مدنی مذاکرہ ، 4 مُحرَّمُ الحَرام 1441ھ)
(10)اچھا گمان نہ بن پائے تو کیا کریں؟
سُوال : بعض اوقات آپس میں ایسی بات ہو جاتی ہے کہ اچھا گمان بن ہی نہیں پاتا تو اب کیا کریں؟
جواب : زبردستی اچّھا گمان بنائیں اور جو بَدگمانی پیدا ہو رہی ہو اُسے زبان پر نہ لائیں ورنہ پھنسیں گے۔
(مدنی مذاکرہ ، یکم ربیع الآخر 1441ھ)
Comments