Book Name:Hum Aur Social Media
پیارے اسلامی بھائیو! سوشل میڈیا کے طبّی نقصانات (Medical harms)بھی بہت زیادہ ہیں، مثلاً *سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ذہنی تناؤ (Mental stress)کا سبب بنتا ہے *بےچینی بڑھتی ہے *ڈپریشن (Depression)میں اضافہ ہوتا ہے *اس سے بےخوابی (Insomniaآرام دِہ نیند نہ آنے) کی بیماری بھی لگ سکتی ہے *اسی طرح سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال سے خُود اعتمادی (self confidence)کم ہوتی ہے *حقیقی دُنیا سے کٹ کر انسان زیادہ تَر خیالی دُنیا میں رہنے والا بن جاتا ہے *اس سے سُستی بڑھتی ہے *ہاضمہ خراب ہوتا ہے *نفسیاتی بیماریاں جنم لیتی ہیں *یادداشت کمزور ہوتی ہے۔ اس کے عِلاوہ اور بھی بہت سارے نقصانات ہیں جو سوشل میڈیا کے ذریعے ہوتے ہیں۔
لہٰذا ہمیں چاہئے کہ سوشل میڈیا کا استعمال کم سے کم کریں اور ضرورت کے تحت جتنا استعمال کرنا ہے، اس میں محتاط رہیں۔
سوشل میڈیا کے استعمال کی چند احتیاطیں
سوشل میڈیا کے استعمال کی چند احتیاطیں عرض کرتا ہوں:
(1):دامن بچا کر رکھئے!
قرآنِ کریم میں نیک بندوں کا ایک وَصْف بیان ہوا:
وَ اِذَا مَرُّوْا بِاللَّغْوِ مَرُّوْا كِرَامًا(۷۲) (پارہ:19، سورۂ فرقان:72)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: اور جب کسی بیہودہ بات کے پاس سے گزرتے ہیں تواپنی عزّت سنبھالتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔