دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے !

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل2023


دعوتِ اسلامی کے تحت عرسِ خواجہ غریب نواز

نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا

امیر اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے گفتگو کرتے ہوئے

خواجہ صاحب کی سیرت پر روشنی ڈالی

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی جانب سے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 06 رجب المرجب کو مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں اور ملک کے کئی شہروں سے عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک اور نعت سے کیا گیا۔ اس موقع پر عاشقانِ خواجہ نے شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے ہمراہ جلوس بیادِ غریب نواز نکالا جس میں نعروں اور مناقبِ غریب نواز پڑھ کر خواجہ صاحب سے عقیدتوں کا اظہارکیا۔ مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنّت نے حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی اور عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔ مدنی مذاکرے کے اختتام پر رکنِ شوریٰ حاجی امین عطّاری نے فاتحہ خوانی کی اور دعا  کروائی۔  واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کی جانب سے عرسِ خواجہ غریب نواز صرف 6 رجب کی رات ہی کو نہیں منایا گیا بلکہ ماہِ رجب کا آغاز ہوتےہی یکم سے 6 تاریخ  تک روزانہ رات عشا کے بعد مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا جاتا رہا جن میں سندھ ، پنجاب ، خیبرپختونخواہ ، بلوچستان اور کشمیر سمیت ملک بھر سے ہزارہاہزار عاشقانِ رسول اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ اسلامی بھائی شریک ہوئے۔

عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں پروفیشنلز اجتماع کا انعقاد

رکن شوریٰ حاجی اطہر عطّاری نے بیان فرمایا

22 جنوری 2023ء کو دعوتِ اسلامی کےشعبہ پروفیشنلز فورم کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں پروفیشنلز اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز ، C.E.O,s ، Businessmen ، پولیس افسران ، انجینئرز ، پروفیسرز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے شرکت کی۔اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کیا گیا جس کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد اطہر عطّاری نے ”زندگی اعتدال کے ساتھ گزاریئے “ کے عنوان سے سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو اپنی زندگی میں توازن رکھتے ہوئے بہترین زندگی گزارنے کے متعلق تجاویز پیش کیں۔ رکن شوریٰ کا کہنا تھا کہ آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ہمیں آنحضرت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے۔ آخر میں دعا اور صلوٰۃ و سلام کا سلسلہ ہوا۔

ہمسن گروپ آف کمپنیز کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر اجتماع

رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری کا بیان

14 جنوری 2023ء کو ہمسن گروپ آف کمپنیز کی سالانہ کاروباری کانفرنس کے موقع پر لاہور ایمپوریم مال نشاط ہوٹل میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کمپنی کے C.E.Oاور چیئرمین سمیت پاکستان بھر سے اس کمپنی کے سیلز آفیسرز نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ دعوتِ اسلامی کے رکن حاجی یعفور رضا عطّاری نے ”فکرِ آخرت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو ہر حال میں شریعت کی پیروی کرتے ہوئے کاروبار کرنے کی ترغیب دلائی۔

شعبہ مدنی کورسز پاکستان کے اسلامی بھائیوں

کا  تین روزہ اجتماع

نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے بیان کیا

دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں پاکستان بھر میں رہائشی مدنی کورسز کروانے والے معلِّمین اسلامی بھائیوں کا تین دن کا سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں شعبہ مدنی کورسز پاکستان سطح کے ذمہ داران  ( حافظ محمد اویس عطّاری ، حافظ قاری محمد ندیم عطّاری ، مولانا محمداحمدسیالوی عطّاری مدنی )  کے ساتھ ساتھ اوورسیز مدنی کورسز ذمہ دار مولانا محمد اعجاز عطّاری مدنی نے وقتاً فوقتاً مختلف موضوعات پر اسلامی بھائیوں کی راہنمائی کی۔ دورانِ اجتماع * مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّظِلُّہُ العالی نے معلمین اسلامی بھائیوں کو رضائے الٰہی پانے اور دینِ اسلام کی اشاعت کی نیت سے خود کو امپروو  ( Improv ) کرنے ، جدید ٹولز  ( Modern Toolsکے ذریعے کورسز کروانے اور مختلف لینگویج کورسز کرنے کا ذہن دیا * رکنِ شوریٰ حاجی محمد فضیل عطّاری نے ”تقویٰ و پرہیز گاری اختیار کرنے“ کے موضوع پر بیان کیا * رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطّاری نے ٹیچنگ ٹولز  ( Teaching Tools )  بیان کرتے ہوئے شُرکا کی حوصلہ افزائی کی * رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری نے ”دعوتِ اسلامی کو شعبے اور معلمین سے کیا توقعات ہیں“ اس حوالے سے گفتگو کی۔اس کے علاوہ نگرانِ مجلس مدنی چینل مولانا حاجی محمد اسد عطّاری مدنی نے ”شُرکا کو کیسے پڑھائیں ؟ اور ان کی دلچسپی برقرار رکھنے“ کے حوالے سے شُرکا کی تربیت کی جبکہ سنتوں بھرے اجتماع کے اختتام پر رکنِ شوریٰ حاجی سید لقمان عطّاری نے اسلامی بھائیوں کی راہنمائی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی کے حامل معلمین کو تحائف دیئے۔

ماہِ جنوری 2023ء میں ہونے والے

دعوتِ اسلامی کے چند دینی کاموں کی جھلکیاں

* ماہِ جنوری 2023ء میں دعوت اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے دینی کاموں کاجائزہ لینے کے لئے پاکستان کے شہروں کراچی ، سکھر ، بہاولپور ، میر پور ، لاڑکانہ ، بھنبھور ، نواب شاہ ، فیصل آباد ، ملتان ، ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال ، سرگودھا ، گوجرانوالہ اور لاہور کا دورہ کیا اور ان مقامات پر قائم مدنی مراکز فیضانِ مدینہ میں مدنی مشورے فرمائے۔

* 10 جنوری 2023ء بروز منگل جوہر ٹاؤن لاہور کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں لاہور ڈویژن مشاورت کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ ہوا ، رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔

* 12 جنوری 2023ء کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر عطّاری نے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔

* 14جنوری2023ء کو فیصل آباد میں امتحانی بورڈ  ( Examination Boardکی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں صدر کنزالمدارس بورڈ  رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطّاری مدنی نے اہم نکات پر گفتگو کرتے ہوئے تعلیمی و امتحانی بورڈ کے حوالے سے مشاورت کی۔

* یکم جنوری کو نمازِ ظہر کی ادائیگی کے ساتھ اورنگی ٹاؤن خیرآباد زیبوگوٹھ کراچی میں جامع مسجد یونس کا افتتاح کردیا گیا۔ ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی سمیت مقامی عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ نگرانِ ٹاؤن اسید عطّاری نے شُرکا کو مسجد کی آباد کاری کےحوالے سے مدنی پھول دیئے۔

* 7 جنوری 2023ء کو مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عثمان عطّاری کی انفرادی کوشش سے ملاوی کے علاقے تھائیلو میں چار افراد نے اسلام قبول کرلیا۔ عثمان عطّاری نے انہیں کلمۂ طیبہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا اور ان کے اسلامی نام بھی رکھے۔

* 8 جنوری 2023ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام آسٹریلیا  ( Australia )  کے شہر ایڈیلیڈ  ( Adelaide ) کی مقامی مسجد میں ”نمازِ جنازہ کورس“ کروایا گیا۔مبلغِ دعوتِ اسلامی نے شُرکا کو نمازِ جنازہ کے احکام ، نمازِ جنازہ کی دعا ، اور دیگر مسائل سکھائے اور انہیں دُرست طریقے سے نمازِ جنازہ ادا کرنے کی ترغیب دلائی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز


Share