Book Name:Hajj Ka Sawab Dilanay Walay Amal

بیان سننے کی نیتیں

حدیثِ پاک میں ہے:اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّات اعمال کا دار و مدار نیّتوں پر ہے۔([1])

اے عاشقان ِ رسول! اچھّی اچھّی نیّتوں سے عمل کا ثواب بڑھ جاتا ہے۔ آئیے! بیان سننے سے پہلے کچھ اچھّی اچھّی نیّتیں کر لیتے ہیں، نیت کیجئے! *رضائے الٰہی کے لئے بیان سُنوں گا *بااَدَب بیٹھوں گا* خوب تَوَجُّہ سے بیان سُنوں گا*جو سُنوں گا، اُسے یاد رکھنے، خُود عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

آتے ہیں وہی جن کو رحمٰن بُلاتا ہے

حضرت علی بِن مُوَفِّق رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: میں نے حج کی سَعَادت حاصِل کی، کعبہ شریف کا طواف کیا، حجرِ اَسْوَد کو چُوما،2 رکعت نمازِ طواف پڑھی، پِھر کعبہ شریف کی دِیوار کے ساتھ بیٹھ کر رونے لگا اور اللہ کریم کے حُضُور عرض کی: یا اللہ پاک! میں نے تیرے پاک گھر کے گِرد نجانے کتنے ہی چکر لگائے مگر میں نہیں جانتا کہ میری یہ محنت قبول ہوئی ہے یا نہیں...!! اس طرح روتے روتے مجھ پر غنودگی طاری ہو گئی، میں نے ایک غیبی آواز سُنی: اے علی بن مُوَفِّق! ہم نے تیری بات سُن لی ہے، کیا تُو اپنے گھر میں صِرْف اُسی کو نہیں بُلاتا جس سے تُو محبّت کرتا ہے۔ ([2])

یاخُدا! حج پہ بُلا آ کے میں کعبہ دیکھوں!     کاش! اک بار میں پِھر میٹھا مدینہ دیکھوں

پھر مُیَّسر ہو مجھے کاش! وقوفِ عرفات      جلوہ میں مُزْدَلِفہ اور منیٰ کا دیکھوں


 

 



[1]...بخاری، کِتَاب بَدءُ الْوَحی، صفحہ:65، حدیث:1۔

[2]... الروض الفائق ، صفحہ:59۔