Saaray Oonchon Se Ooncha Hamara Nabi

Book Name:Saaray Oonchon Se Ooncha Hamara Nabi

دَہن میں زباں تمہارے لئے بدن میں ہے جاں تمہارے لئے

ہم آئے یہاں تمہارے لئے اٹھیں بھی وہاں تمہارے لئے

اِصالتِ کل امامتِ کل سِیادَتِ کل اِمارتِ کل

حکومتِ کل وِلایتِ کل خُدا کے یہاں تمہارے لئے

تمہاری چمک تمہاری دمک تمہاری جھلک تمہاری مہک

زمین و فلک سِماک و سمک میں سکہ نشاں تمہارے لئے([1])

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

سُن لو...! میں اللہ پاک کا حبیب ہوں

حدیثِ پاک کی مشہور کتاب ترمذی شریف میں حدیثِ پاک ہے، صحابئ رسول حضرت عبد اللہ بن عبّاس رَضِیَ اللہ عنہما فرماتے ہیں: ایک مرتبہ صحابۂ کرام رَضِیَ اللہ عنہم جمع تھے، پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰصَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی آمد کا انتظار کر رہے تھے، اِسی دوران اُنہوں نے علمی گفتگو کرنا شروع کر دی، اُدھر پیارے آقا، رسولِ خُداصَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم بھی تشریف لے آئے، آپصَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم جب صحابہ کے قریب آئے تو رُک گئے، اُن کی گفتگو سُننے لگے، کیا باتیں ہو رہی تھیں؟ * ایک صحابی رَضِیَ اللہ عنہ بولے: کتنی عجیب بات ہے؛ اللہ پاک نے حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام کو اپنا خلیل بنایا ہے * دوسرے بولے: کتنے تعجب کی بات ہے کہ اللہ پاک نے موسیٰ عَلَیْہ ِالسَّلام کو کَلِیْم بنایا ہے * تیسرے بولے: کتنی حیرت کی بات ہے، اللہ پاک نے حضرت عیسیٰ عَلَیْہ ِالسَّلام کو رُوحُ اللہ اور کلمۃُ اللہ بنایا ہے * چوتھے صحابی بولے: کتنے تعجب کی بات ہے؛ اللہ پاک نے حضرت آدم عَلَیْہ ِالسَّلام کو صَفِیُّ اللہ بنایا ہے۔


 

 



[1]... وسائلِ بخشش، صفحہ:348 ملتقطاً۔