Book Name:Silsila Qadria Ki 8 Bunyadein
سُنّت کو اپنا پیشوا بنا لیجئے! اپنے ہر ہر کام کی بنیاد معاشرے پر نہیں، اپنی خواہشات پر نہیں بلکہ دِین و شریعت پر رکھئے! کوئی بھی کام کرنے سے پہلے شرعِی راہنمائی لے لینے کی عادَت بنا لیجئے!
مسلمان پر ہر حال میں 3کام لازم ہیں
حضور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: ہرمسلمان پر ہر حال میں (یعنی دِن ہو، رات ہو، سردی ہو، گرمی ہو، خُوشی ہو، غم ہو، مَصْرُوفیت ہو، فراغت ہو، غرض جب تک جسم میں جان ہے، جب تک عقل سلامت ہے، سانس چل رہی ہے اس وقت تک ہر مسلمان پر) 3 باتیں لازِم ہیں:
(1):اَمْرٌ یَمْتَثِلُہٗ شريعت کا حکم کہ اس پر عمل کرے (2):نَہْیٌ یَجْتَنِبُہٗ شريعت کی منع کی ہوئی باتیں کہ اِن سے بچتا رہے (3):قَدْرٌ یَرْضٰی بِہٖ تقدیر کہ اس پر ہمیشہ راضی رہے۔
حضور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ مزید فرماتے ہیں: *مسلمان کی ادنیٰ حالت یہ ہے کہ وہ کسی وقت بھی ان3باتوں میں سے کسی ایک سے بھی خالی نہ ہو *اس كا دِل ان 3باتوں کا پختہ ارادہ کرتا رہے * بندہ اپنے آپ سے یہ 3باتیں بیان کرتا رہے *اور اپنے اعضاء کو ہر وقت ان میں مَصْرُوف رکھے۔([1])
اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم۔
(2):دوسری بنیاد: قلبِ سلیم
پیارے اسلامی بھائیو! سلسلہ عالیہ قادریہ کی دوسری بنیاد قلبِ سلیم ہے۔ اللہ پاک قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے:
یَوْمَ لَا یَنْفَعُ مَالٌ وَّ لَا بَنُوْنَۙ(۸۸) اِلَّا مَنْ اَتَى اللّٰهَ بِقَلْبٍ سَلِیْمٍؕ(۸۹) (پارہ:19، سورۂ شعراء، آیت:88-89)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: جس دن نہ مال کام آئے گا اور نہ بیٹے۔ مگر وہ جو اللہ کے حضور سلامت دل کے ساتھ حاضر ہوگا۔