Book Name:Ameer Muawiya ke Aala Ausaf
اس سے پتا چلا؛ حضرت امیر مُعَاوِیہ رَضِیَ اللہُ عنہ وہ ہستی ہیں جو صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم کیلئے ڈھال بن گئے ہیں۔ عُلَمائے کرام نے لکھا ہے کہ حضرت امیر مُعَاوِیہ رَضِیَ اللہُ عنہ ڈھال ہیں، ایک پردہ ہیں، جو اس پردے کو چاک کرتا ہے، یعنی حضرت امیر مُعَاوِیہ رَضِیَ اللہُ عنہ کی گستاخی کرتا ہے، وہ پِھر یہاں رُکتا نہیں ہے، آگے سے آگے بڑھتا جاتا ہے، صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم کی گستاخیوں پر دلیر ہو جاتا ہے، جب صحابہ کا گستاخ بن جاتا ہے تو دُنیا و آخرت میں تباہ وبرباد ہو جاتا ہے۔ ([1])
اللہ پاک ہمیں گستاخیوں سے اور گستاخوں سے محفوظ رکھے...!! اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔
پیارے اسلامی بھائیو! مُعَاوِیہ کسے کہتے ہیں؟ غیبت سے روکنے والے کو۔ اس میں ہمارے لئے سبق ہے، ہمیں چاہئے کہ غیبتوں سے روکا کریں۔
افسوس! ہمارے مُعَاشرے میں غیبت بہت عام ہے*گھر میں غیبت*دُکان پر غیبت*آفسز میں غیبت*بازار میں غیبت*یہاں تک کہ اب تو مسجدوں میں بھی غیبتیں ہونے لگی ہیں۔ اس کی وجہ جانتے ہیں کیا ہے؟ غیبت کو سُننے والے بڑھ گئے، لہٰذا غیبت کرنے والوں کو دلیری مل گئی۔ ہمیں چاہئے کہ ہم غیبت سُننا بند کر دیں۔ یاد رکھئے! غیبت کرنا بھی حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے،([2])یونہی غیبت سُننا بھی گُنَاہِ کبیرہ ہے۔([3])لہٰذا یہ اپنی عادَت بنائیں کہ آپ کی موجودگی میں کسی مسلمان بھائی کی غیبت کی جا رہی ہو تو حکمتِ عملی کے ساتھ، پیار محبّت سے اسے روک دیں، اگر روک نہیں سکتے تو وہاں سے اُٹھ کر چلے جائیں۔