Book Name:Rah e Khuda Mein Safar Ke Fazail
یعنی جب ہم ایک ہی جگہ پڑے رہتے ہیں، گھر سے دُکان، دُکان سے گھر، ایک ہی روٹین پر زِندگی گزارتے رہتے ہیں تو اس کی وجہ سے بھی بہت ساری باطنی بیماریاں جنم لے لیتی ہیں، مدنی قافلوں میں سَفَر کا اس لئے کہا جاتا ہے کہ حرکت کرتے رہیں گے، کم از کم ہر مہینے 3 دِن کے مدنی قافلوں میں سَفَر کرتے رہیں گے تو ہَوا بدلتی رہے گی، راہِ خُدا میں سَفَر کی برکت سے باطِنی بیماریوں کا عِلاج ہوتا رہے گا اور ہم اندر سے پاک صاف ہو کر اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! نیک اور باکردار مسلمان بن جائیں گے۔
لوٹنے رحمتیں قافِلے میں چلو سیکھنے سنتیں قافِلے میں چلو
چاہو گر بَرَکتیں قافِلے میں چلو پاؤگے عظمتیں قافِلے میں چلو
الفتِ مصطَفٰے اور خوفِ خدا چاہئے گر تمہیں قافِلے میں چلو([1])
پیارے اسلامی بھائیو! الحمد للہ! عاشقانِ رسول کی دِینی تحریک دعوتِ اسلامی دُنیا بھر میں نیکی کی دعوت عام کرنے میں مَصْرُوف ہے۔ دعوتِ اسلامی کی خصوصیات میں سے ایک خصوصیت یہ ہے کہ آج کے فتنوں بھرے دَور میں اس دِینی تحریک نے بہت سارے نیک اَعْمَال پر عمل کرنا ہمارے لئے آسان کردیا ہے۔ راہِ خُدا میں سَفَر کو ہی لیجئے! ہم نے اس نیک کام کے اتنے سارے فضائل سُنے، فائدے سُنے، آپ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ راہِ خُدا میں سَفَر کرنا کیسے ہے؟ گھر سے تو روانہ ہو گئے، اب جانا کہاں ہے؟ جہاں جائیں گے، وہاں رُکنا کہاں ہے؟ رات کہاں گزارنی ہے؟ اس سَفَر میں کرنا کیا ہے؟