Book Name:Salam Ko Aam Kijiye
کاش! ہم پر اسلام کا پُورا پُورا رنگ چڑھ جائے اور ہم سر سے پاؤں تک پُورے کے پُورے اسلام کی تعلیمات میں ڈھل جائیں۔
غیر مسلموں کے طریقوں سے بچو...!!
ترمذی شریف میں روایت ہے: اللہ پاک کے سب سے آخری نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جو غیر مسلموں سے مُشَابہت اختیار کرے، وہ ہم میں سے نہیں۔ پس غیر مسلموں کے طریقے نہ اپناؤ! بعض غیر مسلم صِرْف انگلیوں کے اشارے سے سلام کرتے ہیں، بعض ہتھیلی کے اشارے سے کرتے ہیں (تم ان دونوں طریقوں سے بچتے رہو...!!) ([1])
پیارے اسلامی بھائیو! اس حدیثِ پاک میں تو پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے صاف طَور پر ہمیں فرما دیا کہ غیر مسلموں کے سلام کا جو طریقہ ہے تم ہر گز وہ طریقہ نہ اپناؤ! پِھر اس میں وعید دیکھئے کتنی سخت ہے، فرمایا: جو غیر مسلموں کا طریقہ اپنائے، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔
آہ! افسوس! اللہ نہ کرے، اگر محبوبِ خُدا، ہمیں بخشوانے والے آقا، اُمّت کے غم میں آنسو بہانے والے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے ہی ہم گنہگاروں سے مُنہ پھیر لیا تو سوچئے ہمارا بنے گا کیا...!!
نہ اُٹھ سکے گا قیامت تلک خدا کی قسم کہ جس کو تُو نے نظر سے گِرا کر چھوڑ دیا
اللہ پاک ہمارا ایمان سلامت رکھے، ہماری نسبتیں سلامت رکھے، اللہ پاک وہ دِن ہمیں کبھی نہ دکھائے کہ محبوبِ ذیشان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ہم سے ناراض ہوں، ہمیں چاہئے کہ ہم پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ہی کا طریقہ اپنائیں، آپ ہی کی سنتوں پر عَمَل کیا کریں۔ بس یہ بات پکّی کر کے اپنے دِل ودِماغ میں بٹھا لیں: خَیْرُ الْہَدْیِ ہَدْیُ مُحَمُّد