پتھر موم ہو گیا

آخری نبی کا پیارا معجزہ

پتھر موم ہوگیا

*مولانا سید عمران اختر عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025

اللہ پاک نے ہمارے پیارے آقا ،مکی مدنی مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو سر سے پاؤں تک معجزانہ شان عطا فرمائی تھی ، آپ کے معجزوں کو پڑھنے سننے سے نہ صرف عقل دنگ رہ جاتی ہے بلکہ یہ معجزے حضورِ اقدس سے ہماری عقیدت و محبت میں اضافے کا سبب بھی بنتے ہیں۔

 آئیے! آج ایک بہت دلچسپ معجزۂ مصطفےٰ ملاحظہ کرتے ہیں جو اپنی نوعیت کا انوکھا معجزہ ہے۔

حافظ ابو نٌعَیم اَصفہانی  رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں کہ غزوۂ اُحد کے دن مشرکین کے حملوں سے بچاؤ کے لئے حضورِ اکرم ، رحمتِ دوعالَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے اپنا سر مبارک ایک پتھر کی طرف جھکایا تو پتھر اس قدر نرم ہوگیا کہ حضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا سر مبارک اس میں داخل ہوگیا۔ وہ پتھر اور اس کا نشان ابھی تک زیارت گاہِ خاص و عام ہے۔ ([1])

حضورِ اکرم نورِ مجسم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے اس معجزے کو بیان کرکے حافظ ابو نعیم  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں کہ لوہے میں تو نرم ہونے کی کہیں نہ کہیں گنجائش ہے کہ وہ آگ پر بالآخر نرم ہوہی جاتا ہے مگر پتھر میں تو نرم ہونے کی گنجائش ہی نہیں یہ تو آگ پر بھی نہیں پگھلتا مگر اس کے باوجود حضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی خاطر نرم ہوگیا۔ لہٰذا حضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے لئے پتھر نرم ہونے کا معجزہ حضرت داؤد علیہ السّلام کے لئے لوہا نرم ہونے کے معجزے سے زیادہ حیرت انگیز ہے ۔

یونہی غارِ مُرسلات میں بھی ایک پتھر سرِ انور کے لئے موم ہوگیا تھا اور اس پتھر نے سرِ مبارک کے نشانات اپنے اندر محفوظ کر لئے تھے۔ امیرِ اہلِ سنت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  فرماتے ہیں:

غارِ مُرسلات مِنیٰ شریف کی مسجِدِ خَیف سے شمال (North) کی طرف پہاڑ پر واقِع ہے، یہ پہاڑ عَرَفات شریف سے مِنیٰ آتے ہوئے سیدھے ہاتھ کی طرف پڑے گا۔ سرورِکائنات  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پراِس مبارَک غار میں ’’ سورۃُ الْمُرْسلٰت‘‘ نازِل ہوئی ۔ کہا جاتا ہے سرکارِ نامدار  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  اس مبارَک غار میں تشریف فرما ہوئے تو اوپر کے پتَّھر سے سرِ انورمَس (Touch ) ہوا، پتّھر نرم ہو گیا اور اس میں سرِ پاک کانشان بن گیا۔ عاشِقانِ رسول حصولِ برکت کے لئے اِس نشانِ مبارک سے اپنا سر لگاتے ہیں۔([2])

ہمارے پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کیلئے پتھر کا نرم ہوجانا یقیناً ایک عظیم معجزہ ہے ۔ اس سے چند باتیں معلوم ہوتی ہیں:

اللہ پاک نے مختلف انبیائے کرام  علیہمُ الصّلوٰۃ ُوالسّلام کو جو علیحدہ علیحدہ معجزے عطا فرمائے وہ سب کے سب ہمارے پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو عطا فرما دئیے یوں آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی ذات جامعُ المعجزات ہے ۔

جانی دشمن سے جان بچانا کوئی بزدلی نہیں بلکہ حکمتِ عملی ہے بہادری کے موقع پر بہادری اور حکمتِ عملی کے موقع پر حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ہمارے پیارے نبی ، مکی مدنی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  بہادری کے موقع پر سب سے زیادہ بہادری دکھایا کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ حضرت انس  رضی اللہُ عنہ  فرماتے ہیں: حضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سب لوگوں سے بڑھ کر بہادر تھے۔([3])

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی



([1])دلائل النبوۃ لابی نعیم،ص 354

([2])دیکھئے: معالم مکۃ التاریخیۃ الاثریہ، ص 276۔عاشقانِ رسول کی 130 حکایات، ص237

([3])بخاری،2/260،حدیث: 2820


Share